خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
آئی ایم ایف پاکستان کو قرض کی ادائیگی کی منظوری تو دے دی ساتھ اپنے شرائط بھی رکھ دیئے ہیں، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز کے باعث پاکستان کو توانائی کے نقصانات کم اور ٹیکس آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں، جس سے نمٹنے کیلیے پاکستان کو توانائی کے نقصانات کم کرنا ہوں گے اور ٹیکس آمدنی بڑھانا ہوگی، بین لاقوامی مالیاتی فنڈنے پاکستان کے ساتویں اور آٹھویں اقتصادی جائزے کی منظوری سے متعلق اعلامیہ گزشتہ روز جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق قرض پروگرام میں جون 2023ء تک توسیع کی منظوری دے دی گئی جب کہ پاکستان کے لیے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کی قسط منظور کرلی گئی،پاکستان کو مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ یقینی بنانا ہو گا،کاروباری ماحول بہتر بنا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ بہتر اقدام ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سماجی شعبے میں تحفظ اور حکومتی ملکیتی اداروں کی کارکردگی کوبہتربنانا ہوگا،گزشتہ روز آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی تھی۔ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو تقریباً ایک ارب 17 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی اور قرض کی یہ رقم آئی ایم ایف کی جانب سے اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے منظوری کی تصدیق کردی، انہوں نے ٹویٹ کیا کہ بنی گالا کے سازشی عناصر کی خواہش خاک میں مل گئی، ملک کو سری لنکا بنتا دیکھنے کی سازش خاک میں مل گئی،وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے ٹویٹ کیا کہ پی ٹی آئی کے غدارانہ اقدام کے باوجود پروگرام منظور کردیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اصل منزل معاشی خودانحصاری ہے، دعا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی معیشت کیلیے اہم ہے لیکن یہ منزل نہیں ہے، معاشی خود انحصاری کیلیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی، ملک کو معاشی زنجیروں کے چنگل سے نجات حاصل کرنا ہوگی، جس کا واحد راستہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں کو دورہ کیا اورمتاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔ خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی اور بستی ناڑی کا دورہ کیا، اس موقع پر رہنما ن لیگ نے سیلاب متاثرین بشمول سیلاب سے متاثر ہونے والی خواتین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ مریم نواز نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کافرض ہے کہ عوام کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، ایسی سیاست کسی کام کی نہیں جو عوام کے کام نا آئے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئےجو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے۔ مریم نواز شریف نے ملک کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر خاتون صحافی کے تنقید کرنے پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد خاتون صحافی پر برس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے بھارت اور پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے حوالے ایک خاتون صحافی نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کی تو سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرنے پر خاتون صحافی پر برس پڑے۔ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ: 17ویں اوور کے بعد سلور اوورریٹ کی وجہ سے 5 کھلاڑی بطور پنلٹی دائرے کے اندر کھڑے تھے اور قومی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر ایک نام نہاد خاتون صحافی کہہ رہی تھیں کہ نہ کیچ پکڑتے ہیں نہ یہ رنز کرتے ہیں، کمال ہے! سابق کپتان نے لکھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے بہترین مقابلہ کیا جبکہ ساتھی کھلاڑیوں کی "ہیڈزاپ بوائز" کا ہیش ٹیگ بنا کر حوصلہ افزائی کی۔ ایشیا کپ کے دوسرے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کو بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بائولرز نے بہترین گیند بازی سے 148 رنز کا ہدف عبور کرنا مشکل بنا دیا تھا لیکن ہاردک پانڈیا نے بھارت کو آخری اوور میں چھکا لگا کر کامیابی دلائی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے پاک بھارت میچ کے دوران زخمی ہونے کے باوجود بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور اپنے 4 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ نے بہترین مقابلہ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ سرفراز احمد ٹویٹر پر اپنے پیغام میں تنقید کرنے والی خاتون صحافی پر برس پڑے اور کہا کہ ہار، جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کھلاڑیوں نے میچ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
مہمند ڈیم منصوبہ متعین کردہ مدت میں مکمل کیا جائے، چند ماہ پہلے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پیدا ہوئی اس کی روک تھام کرنا ضروری ہے، ہماری معیشت مہنگی بجلی پیدا کرنا برداشت نہیں کر سکتی۔ مہمند ڈیم منصوبے کے دورہ پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہمند ڈیم منصوبہ کو سیلاب سے پہنچنے والی نقصان کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ مہمند ڈیم منصوبہ متعین کردہ مدت میں مکمل کیا جائے، چند ماہ پہلے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پیدا ہوئی اس کی روک تھام کرنا ضروری ہے، ہماری معیشت مہنگی بجلی پیدا کرنا برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی سے ملکی خزانہ پر دبائو آتا ہے، ایندھن درآمد کرنے پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں، ہوا، پانی اور سورج کی روشنی سے سستی بجلی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ مہمند ڈیم منصوبے کے دورہ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، معاون خصوصی انجینئر امیر مقام، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوی عباسی اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عطاء الرحمن بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر وقت کی ضرورت، چینی اور پاکستانی کمپنیاں مہمند ڈیم کا مشترکہ انتہائی اہم منصوبہ ہے جس سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، سیلاب کی روک تھام میں مدد، آبپاشی کیلئے وافر پانی دستیاب ہو گا۔ سیلاب کے باعث ڈیم کے ٹنلز اور ڈھانچے کو نقصان پہنچنا تشویش کا باعث ہے، معاملے کی تحقیقات کائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر کے ساتھ حفاظتی انتظامات بھی کرنا ہوتے ہیں، ابھی چند ماہ قبل نیلم جہلم میں بڑا حادثہ ہوا جس کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کنسلٹنٹس سے تحقیقات کا کہا تھا تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر درآمدی ایندھن پر خرچ ہو جاتے ہیں مہنگی بجلی سستی دینے سے ملکی خزانہ پر دبائو آتا ہے، ہوا، پانی اور سورج کی روشنی اور پن بجلی سے سستی بجلی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ہائیڈل پاور بجلی پیداوار کا سستا ذریعہ ہے۔ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کا مشترکہ مہمند ڈیم انتہائی اہم منصوبہ ہے، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔ منصوبہ کو متعین کردہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کیا جائے کیونکہ یہ منصوبہ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے۔ دریں اثنا مہمند ڈیم منصوبہ پر چینی تعمیراتی کمپنی کے نمائندوں اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پیشرفت اور سیلاب سے ہوئے نقصانات سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ دریائے سوات پر تعمیر ہو گا او رمنصوبے سے 800 میگاواٹ بجلی ملے گی جبکہ 19 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو گی، ٹیم کی تعمیر مکمل ہونے پر سیلاب کو روک تھام میں مدد ملے گی اور نقصانات سے بحالی کا کام جلد سے جلد مکمل کر لیں گے۔ دریں اثنا چند ماہ قبل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں ہوئے حادثے کی انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے شفاف تحقیقات سے متعلق ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو سیکرٹری آبی وسائل کاظم نیاز نے آگاہی دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ ایک کیس میں بری ہونے کے فوری بعد دوسرے کیس میں گرفتار ہوگئےہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر حلیم عادل شیخ کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوری رہا کردیا جائے۔ تاہم سندھ پولیس نے حلیم عادل شیخ کو جیل سے رہا ہوتے ہی دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا، اس موقع پر پولیس نے بکتر بند اور پرائیوٹ گاڑیوں میں حلیم عادل شیخ کو لےجانے کی کوشش کی۔ رہنما تحریک انصاف کو زبردستی گرفتار کرنے کی کوشش کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے جیل کے مرکزی دروازے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیدیا۔
اپرکوہستان کے علاقے رنولیا دبئی خوار میں سیلابی ریلے کے دوران ایک پتھر پر پھنسے شخص کو پاک فوج کے جوانوں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچا لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوہستان انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی کال کی گئی تھی، جی او سی منگلا ڈویژن اورکمانڈر منگلا بریگیڈ پتن کے قریب فلڈ اسیسمنٹ مشن پرتھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہنگامی کال پر قیمتی جان بچانے کیلئے ہیلی کاپٹر کا رخ موڑا گیا اور پاک آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے انتہائی خطرناک صورتحال میں ایک شخص کوریسکیو کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ آرمی ٹیم بروقت نہ پہنچتی توسیلاب میں پھنسا شخص ڈوب سکتا تھا، پائلٹ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹرکو نیچے لا کر پتھر پر پھنسے شخص کوریسکیو کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج اورآرمی ایوی ایشن اپنی روایات کے تحت اپنے بہن بھائیوں کوریسکیوکرنےکیلئے پرعزم ہے۔ آرمی چیف کے وژن کے مطابق پاکستان کےعوام ہی افواج پاکستان کی ترجیح ہیں اور ہم اُس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر فرد تک پہنچ کر مدد نہیں کی جاتی۔ اس شخص کو ریسکیو کرنے کا سارا عمل کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ ہو گیا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے سیلابی ریلے کے دوران خوف سے یہ شخص پتھر پر پھنسا ہوا ہے تاہم ہیلی کاپٹر انتہائی نیچے لا کر آرمی ایوی ایشن نے اس شخص کو ریسکیو کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر خان ترین نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کو ٹیلی فون کرکے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو ٹیلی فون کرکےصوبے میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ جہانگیر ترین نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے وزیراعلی محمود خان کو ایک کروڑ روپے کی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ انشااللہ پاکستانی قوم اس مشکل سے بھی کامیابی سے نبردآزما ہوگی۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے انصار عباسی پر کڑی تنقید کردی، انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ دور حاضر کا عبداللہ بن ابی ثالث، رأس النفاق اور رئیس المنافقین۔ قاسم سوری کے انصارعباسی کو رئیس المنافق کہنے پر انصارعباسی اور سلیم صافی کا ردعمل سامنے آگیا، انصار عباسی نے ٹویٹ میں لکھا کہ سوری صاحب آپ پی ٹی آئی کے چند دوسرے “بڑے” اور سوشل میڈیا جو مرضی میرے بارے میں کہتے رہیں، میں وہی بات کروں گا جو حق سمجھتا ہوں۔ اللہ مجھے بدزبانی سے بچائے بے شک آپ جو زبان مرضی استعمال کریں۔ مجھے گالی دینے، مجھ ہر الزام لگانے والوں کا معاملہ میرے رب کے سپرد۔ اللہ سب کو ہدایت دے آمین۔ سینیئر صحافی سلیم صافی نے ٹویٹ کیا کہ اللہ کےسوا کسی کواختیارنہیں کہ کسی مسلمان کومنافق قراردے، جعلسازی عبداللہ بن ابی نے کی تھی،انصارعباسی سےاختلاف کیاجاسکتا ہے لیکن انکی زندگی منافقت سے پاک ہے، سلیم صافی نے مزیدلکھا کہ انہیں"نیوٹرلز"نے جعلی ووٹ نہیں ڈلوائےتھے،آپ جعلی ایم این اے کے طور پر حرام تنخواہ نہیں لی، انصارعباسی جوکچھ ہے، اپنی محنت سے ہے۔ قاسم سوری نے سلیم صافی کو جواب دیا کہ میں آپ کی تذلیل نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی آپ کی اپنی منافقت کے طویل قصے دہرانا چاہتا ہوں اس لیے بس اتنا کہوں گے کہ اللہ تعالیٰ انصار عباسی اور آپ کو ہدایت دے اور حسد و کینہ پروری، منافقت اور بغض کی بیماری سے آپ کی حفاظت فرمائے۔ آمین
پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی، امریکی خلائی کمپنی نے پاکستان میں سیلاب کی سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر جاری کردیں۔ تصاویر میں پہلے اور بعد کی صورتحال دکھائی گئی ہے۔ تصاویر میں دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب کے راجن پور اور روجھان کے شہروں میں بھی سیلاب کی صورتحال دکھائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بارشوں اور سیلاب نے ملک بھر تباہی مچا رکھی ہے۔ ملک بھر میں حاليہ بارشوں اور سيلاب سےاب تک جاں بحق ہونے والے افراد کى تعداد 1061 ہوگئى ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں مال مویشی سیلاب کے نذر ہو گئے۔ ہزاروں کلومیٹر شاہراہیں اور اہم پل بھی پانی بہا لے گیا۔ چاول ، کپاس اور پیاز سمیت کئی فصلیں تباہ ہو گَئیں ہیں۔ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف بربادی کا منظر، دوردراز علاقوں تک رسائی ناممکن ہوگئی۔ سیلاب کے باعث انسانی المیہ جنم لینے لگا بپھری موجوں سے بچ نکلنے والوں کو نئے امتحان کا سامنا ہے، خوراک اور پینے کا پانی نایاب ہوگیا، سر ڈھانپنے کوبھی ٹھکانہ نہیں ہے، مچھروں اور دیگر حشرات کی بھرمارسے بیماریاں پھوٹنے لگی ہیں۔ سیلاب سے ہونے والی تباہی کو 2010 کے سیلاب سے کئی گنا زیادہ قراردیا جا رہاہے۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ متاثرین کی بحالی میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔
شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ میں 53، خیبرپختونخوا16، بلوچستان 2، گلگت بلتستان میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں پچھلے 24 گھنٹوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے کے باعث 75 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ میں 53، خیبرپختونخوا16، بلوچستان 2، گلگت بلتستان میں 5 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 59 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 14 جون سے 28 اگست تک ملک بھر کی ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی طرف سے موصول ہونیوالے اعداد وشمار کے مطابق ابتک 1136 افراد دنیا سے گزر گئے۔ بلوچستان میں 244،خیبرپختونخواہ میں 258 ، آزادکشمیر میں 41 جبکہ سب سے زیادہ 402 افراد سندھ میں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ 14 جون سے لے کر اب تک کی رپورٹ کے مطابق 501 مرد، 227 خواتین اور 386 بچے ملک بھر میں جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 1634 ہو چکی ہے۔ خیبرپختونخوا میں 338، پنجاب میں 105، بلوچستان میں 110 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 1055 افراد سندھ میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیلاب کے باعث 734179 گھر جزوی طور پر اور 317391 گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریاں مسلسل جاری ہیں۔ سیلاب سے پاکستان بھر میں 7 لاکھ 35 ہزار 375 مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہو چکے ہیں اور پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 14 کلومیٹر طویل سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سندھ میں 2328 کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا جبکہ بلوچستان میں 1000 کلومیٹر طویل سڑک تباہ ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں 162 پلوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب سے ملکی معیشت کو دس ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے علاقے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان سے آنے والے سیلابی پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد سندھ کے علاوہ کو پھر سے اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے جبکہ چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج کے علاوہ نوشہرہ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دوسری جانب سیلاب سے متعلق اہم ترین اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخو محمود خان، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اجلاس میں شرکت نہیں کی، تینوں وزراء اعلیٰ کو اس اہم ترین اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ سندھ اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت اجلاس میں شریک ہوئی۔
چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ اپنی پوزیشن مستحکم نہ رکھ سکا مسلسل دسویں روز بھی روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی، آج بھی ڈالر کی قیمت ایک روپیہ 34 پیسے اضافے کے بعد قیمت پھر سے 222 روپے پر پہنچ گئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 232 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 10روز میں 8 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔ جمعہ کواوپن مارکیٹ میں ڈالر 230 روپے سے تجاوز کرگیا تھا جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید ایک روپے11 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 220 روپے 50 پیسے کا ہوا تھا۔ کرنسی ڈیلرز اور درآمد کنندگان نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈالرکی اسمگلنگ ہو رہی ہے اور ڈالر کی قیمت کو اوپر لے جانے کیلئے مافیا ایک بار پھرسرگرم ہو گیا ہے۔ دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ کا حال دیکھا جائے تو کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے مجموعی طور پر مارکیٹ کا حصص صفر اعشاریہ 81 فیصد گرا ہے۔ انڈیکس 42 ہزار 248 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کے آڈیو کال میں کچھ بھی غیر قانونی یا غلط نہیں ہے۔ اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر شیری مزاری نے لکھا کہ حکومت آئی ایم ایف سے جن شرائط پر قرض لے رہی ہے۔ ہم نے کھل کر ان شرائط کی مخالفت کی ہے۔ آڈیو کال میں کچھ بھی غیر قانونی یا غلط نہیں تاہم عدالتی حکم کے بغیر آڈیو ٹیپ کرنا غیر قانونی اور جرم ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے ٹیلی فونک بات چیت منظر عام پر آئی ہے۔ جس میں شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے، آپ نے اب کہنا ہے کہ ہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے دی تھی۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ آپ نے اب کہنا ہے کہ اب سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسا خرچ کرنا پڑے گا، آپ نے اب یہ لکھنا ہے کہ اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کرپائیں گے، یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔ شوکت ترین کے کہنے پر محسن لغاری نے جی بالکل کہہ کر جواب دیا۔ شوکت ترین نے گفتگو میں مزید کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں ان پر دباؤ پڑے، یہ ہمیں اندر کرا رہے ہیں اور ہم پر دہشتگردی کے الزامات لگا رہے ہیں، یہ بالکل اسپاٹ فری جارہے ہیں یہ نہیں ہونے دینا ہے۔ علاوہ ازیں شوکت ترین نے ٹیلی فونک گفتگو میں تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟ اس پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ابھی بناتا ہوں، میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں ابھی بناکر آپ کو بھیجتا ہوں۔ شوکت ترین نے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہوگا کہ جو سیلاب آیا ہے اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کر دیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے بہت پیسا چاہیے، میں نے لغاری کو بھی کہہ دیا ہے۔ شوکت ترین کی بات سن کر تیمور جھگڑا نے کہا کہ ویسے یہ ایک بلیک میلنگ کا حربہ ہے، پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، نہیں پتا لغاری نے چھوڑنے ہیں یا نہیں۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آج یہ خط لکھ کر اور جو آئی ایم ایف والی ہے اس کو کاپی بھیج دیں گے تاکہ پتا تو چلے ان کو کہ یہ ہمارے سے آرام کوشننگ کرکے پیسے رکھوا رہے تھے ہم وہ پیسے لے لیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پوری قوم عظیم سانحے سے دوچار ہے، حکومت کو جانی نقصان پر لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے، پانچ لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان شرمناک ہے، کیونکہ سیلاب اچانک نہیں آیا حکومت نے پیش گوئیوں کے باوجود عوام کو بچانے کا کوئی انتظام نہیں کیا۔ اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 10 بڑے (امیر) لوگ اپنی دولت کی صرف زکوٰة ہی وقف کر دیں تو عالمی اداروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سینیٹرز ممبران خریدنے کے لیے پیسے خرچ کرسکتے ہیں تو کیا لوگوں کو بچانے کے لیے خرچ نہیں کر سکتے۔ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر قوم کو بچائیں، 2010 کے سیلاب کے بعد فیڈرل فلڈ کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تمام حکومتوں نے ڈیمز نہیں بنائے، سیلاب کے اس پانی کو ریگستانوں میں لے جاتے تو وہاں ہریالی آجاتی۔ جب تک کوئی سانحہ نہ آجائے تو حکومتیں سوئی رہتی ہیں، حالیہ سیلاب میں ایم این اے ہیلی کاپٹروں میں ہوائی سروے کرکے تماشہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ جوان پانچ گھنٹے تک ایک ہیلی کاپٹر کے انتظار میں تھے اور پانچ گھنٹے تک ایک ایٹمی پاور 22 کروڑ کا ملک ایک ہیلی کاپٹر کا انتظام نہ کرسکا۔ آئندہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہیلی کاپٹر کا انتظام کر لیا جائے گا، جماعت اسلامی ہیلی کاپٹر کا انتظام کر لے گی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا بیرون ملک سے ہیلی کاپٹر کے لیے فنڈز دینے کی آفر کی گئی ہے لہٰذا الخدمت فاؤنڈیشن فیصلہ کرے کب ہیلی کاپٹر لینا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے وہ کردار ادا کریں، بیرونی این جی اوز مدد کے نام پر اپنا کلچر لاتے ہیں اس لیے دنیا بھر سے اوورسیز اپنا پیسہ الخدمت فاؤنڈیشن کو بھجوائیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس پر کمیشن کو حتمی فیصلے سے روک دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کےنوٹس کےخلاف اسد عمرکی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں اسد عمر کے وکیل ایڈووکیٹ انور منصور نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 10 غیرآئینی ہے وکیل انور منصور نے کہا الیکشن کمیشن عدالت یا ٹربیونل نہیں ہے، آئین کےآرٹیکل 204 کا اطلاق الیکشن کمیشن پر نہیں ہوتا۔ کسی اتھارٹی کو عدالتی استحقاق یا اختیار نہیں دیا جاسکتا، الیکشن کمیشن کا 19 اگست کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس غیر قانونی ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس معطل کیا جائے اور درخواست گزار کے خلاف کارروائی سے بھی روکا جائے۔ عدالت نے اسد عمر کے وکیل کے دلائل پر الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روک دیا۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے لیکن عدالتی فیصلے تک حتمی حکم جاری نہ کرے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہےکہ عمران خان نے 12 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کےخلاف توہین آمیز بیان دیاتھا۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بھکر جلسے میں ادارے پر بے بنیاد الزامات لگائے تھا۔ جس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان اور دیگر کو 30 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
صحافی رضوان غلزئی نے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ "اسلام آباد کے علاقے پی ڈبلیو ڈی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے فنڈ ریزنگ کیمپ پر ڈاکو حملہ آور ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکو سیلاب زدگان کیلئے اکھٹا کیا گیا سامان اور نقدی لے اڑے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کے موبائل اور موٹرسائیکل بھی چوری کر کے لے گئے۔ جبکہ اسلام آباد پولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ خبر پر اسلام آباد پولیس نے ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ "الخدمت فاؤنڈیشن کے فنڈ ریزنگ کیمپ پر واردات کے کیس پر پولیس کام کر رہی ہے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے"۔ یاد رہے کہ ملک میں اس وقت بدترین سیلاب کی وجہ سے امداد اکھٹی کرنے کیلئے جگہ جگہ پر فنڈ ریزنگ کیمپ قائم کیے گئے ہیں ، جہاں عوام بڑھ چڑھ کے حصہ ڈال رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے کراچی میں نجی نیوز چینل کے 6ملازمین کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار نا شروع کردیئےہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، ذرائع کے مطابق نجی چینل ملازمین کےمبینہ طور پر شہباز گل کیس میں ملوث ہونے کے شواہد ملےہیں۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ساؤتھ زون کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، پولیس نے جن گھروں پر ریڈ کی ان میں سےزیادہ تر گھر ایسے تھے جو کافی عرصے سے بند تھے مگر کسی بھی کارروائی میں پولیس کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ ناکام کارروائیوں کےبعد کیپٹل پولیس کراچی سےواپس اسلام آبادروانہ ہوگئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ان چھاپوں کے پیچھے متعلقہ حکام کی ہدایات کارفرما ہیں جو ان کارروائیوں کو شہباز گل کےکیس سےجوڑتی ہیں، کہا جارہا ہے کہ شہباز گل مبینہ سازش میں تنہا نہیں تھے بلکہ چینل کے کچھ ملازمین اور پی ٹی آئی کےکچھ رہنماؤں کےبھی اس معاملے میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ قبل ازیں کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں نجی نیوز چینل کے ملازمین کے خلاف درج مقدمےکو بھی اسلام آبادکے کوہسار تھانے میں درج مقدمےسے ملانے کا فیصلہ کیا گیا تھا،اس کیلئے سندھ حکومت سے درخواست کی جارہی ہے کہ اس مقدمے کو اسلام آباد تھانہ کوہسار ریفر کردیاجائے
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر کڑی تنقید کردی، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ موجود حکومت میں اعتماد کا فقدان ہے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل فیصلے نہیں کرپارہے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے آئی ایم ایف کو ملکی مشکلات بتا کر بات کریں،پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر معاہدے کیے تھے،موجودہ حکومت کو ہوم ورک کرکے حکمت عملی اپنانی چاہیے لیکن جب 13 جماعتوں کے اتحاد کی حکومت ہوگی تو ایسے مسائل تو آئیں گے۔ سابق وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ صوبوں نے وفاق سے معاہدے کررکھے ہیں،وفاق نے 2 ماہ تک صوبائی حکومت کو جواب نہیں دیا تو اس کا ذمہ دارکون ہے؟ اسد عمر کا بھی کہنا تھا کہ دو ماہ گزر گئے وفاق نے کے پی کو جواب نہیں دیا۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ سیلاب سے ملک بھرمیں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں اس وقت الزام تراشی میں نہیں پڑنا چاہیے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے،حکومت سیلاب سے پہلے حکمت عملی بنالیتی تو اس صورت حال کا سامنا نہ ہوتا۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عوام کو کیا ریلیف دے گی ابھی تو مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا ابھی تو حکومت پٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کرے گی،ملک میں مہنگائی کی شرح 43 فیصد ہوچکی ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شرح 50 فیصد سے اوپر جائے گی اور سیلاب کی وجہ سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔
پنجاب کے وزیر خزانہ سردار محسن لغاری سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کرنے نکلے ساتھ ہی تشہیر بھی کرنے لگے،ڈی جی خان کے کمشنر اور ڈی سی کے ہمراہ دورے کے دوران تصاویر بنوا رہے تھے کہ عوام برس پڑے۔ متاثرین نے شدید غصے کا اظہار کیا، متاثرین نے وزیرخزانہ پنجاب کو گھیر لیا اور کہا کہ میڈیا کو آپ صرف اپنی مشہوری کے لیے لاٸے ہیں، نا راشن لاٸے اور نا کوٸی اور ریلیف دیا جارہا ہے۔ متاثرین نے مزید کہا کہ آپ وزیر خزانہ ہیں لیکن ہمارے لیے نہیں،چاہے گولی مار دیں لیکن آپ ہوں یا کمشنر صاحب کسی نے کچھ نہیں کیا،اس سے اچھا آپ نا ہی آتے تو بہتر تھا۔ ڈیرہ غازی خان شہر اورکوہ سلیمان میں بارش نے تباہی مچائی ہوئی ہے، وڈوربرساتی ندی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے،مزید بارش سے برساتی ندیوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،ڈی جی خان کے سخی سرور روڈ پر حفاظتی بند ٹوٹنے سے کوئٹہ روڈ پر قریبی بستیاں زیر آب آگئیں،ڈی جی خان میں گرڈو کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے پنجاب بلوچستان شاہراہ تاحال بند ہے۔
لاہور میں مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگیا، لاہور کی انتظامیہ بھی گراں فروشی روکنے میں ناکام ہوچکی ہے، جس کے باعث شہر بھر میں سبزی، پھل، دالیں ، گوشت ہر شے ہی مہنگی ہوئی ہے، عوام کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، دو وقت کی روٹی کا حصول نامکمن ہوتا جارہا ہے۔ لاہور میں آلودرجہ اول 95 کی بجائے 130 سے 150 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، پیاز دوئم 167 کے بجائے 220 روپے کلو، ٹماٹر دوئم 300 کلو جب کہ 250 روپے پاو ادرک تھائی لینڈ 385 اور پانچ سو روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ شملہ مرچ 350 کے بجائے 500 روپے کلو تک پہنچ گئی، میتھی 260 کے بجائے 320 روہے کلو فروخت ہورہی ہے ،جب کہ گوبھی 157 کے بجائے220 روپے، مٹر 260 کے بجائے330 سے 350 روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔ پھل سرکاری ریٹس سے 30 سے 40 فیصد زائد مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، اسی طرح مرغی کے گوشت کی قیمت 362 کی بجائے380 روپے تک پہنچ گئی جب کہ بکرے کا گوشت 1050 روپے کی بجائے 1800 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ لاہور میں ضلعی انتظامیہ اشیائے خور و نوش کی سرکاری نرخ سے زیادہ قیمتوں پر فروخت روکنے میں ناکام ہوچکی ہے،دکان داروں نے سرکاری نرخ سے کئی گنا زیادہ قیمت پر اشیا پر فروخت کرنا شروع کردیں،قیمتوں میں اچانک بے پناہ اضافے کے حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اپنی جگہ لیکن گراں فروشی رک جائے تو ریلیف مل سکتا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیلاب زدگان کی امداد کیلیے اہم فیصلہ کرلیا، عمران خان پیر کی رات انٹرنیشنل ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ اکٹھا کریں گے،عمران خان نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پیر کی رات انٹرنیشنل ٹیلی تھون کروں گا، ٹیلی تھون کا مقصد سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے فنڈز جمع کرنا ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ٹیلی تھون کا فیصلہ سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا، عمران ٹائیگرز کو امدادی کاموں کے لیے رضاکارانہ طور پر متحرک کیا جائے گا، ثانیہ نشتر کے ماتحت کمیٹی قائم کی جائے گی، کمیٹی ضرورتوں کی بنیاد پر فنڈز مختص کرے گی، فنڈز تمام صوبوں میں سیلاب متاثرین پر خرچ کیےجائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد امدادی سرگرمیوں کے ساتھ جاری رہے گی،پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ عمران خان کل سیلاب متاثرین کیلئےفنڈزاکٹھےکرنےکیلئےٹیلی تھون کریں گے ، ٹیلی تھون سےمتعلق تفصیلات کا اعلان آج کیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ اکٹھا کرنے کیلیے اکاؤنٹ نمبر بھی دے دیا گیا، مخیر حضرات بینک آف پنجاب ، بینک آف خیبرپختونخوا میں اپنے رقم منتقل کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ریلیف فنڈ کیلیے اکاؤنٹ نمبر 6010159451200028جاری کردیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ریلیف فنڈ کیلیے 20008365353اکاؤنٹ نمبر ہے،

Back
Top