سیاحت

پاکستان کے خوبصورت سیاحتی علاقے سوات میں بلند آواز میں موسیقی چلانے والوں اور گالم گلوچ کرنے والوں کو جرمانے کی سزا سنائی جائے گی۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوات کے سیاحتی مقامات پر ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کی جانب سے ایک بل پیش کیا گیا ہے جس کے تحت سوات اور دیگر سیاحتی مقامات پر نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے قوانین مرتب کیے گئے ہیں۔ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2021 کی تیاری کیلئے پیش کیے جانے والے بل میں دیگر پابندیوں کے علاوہ سیاحتی مقامات پر اونچی آواز میں میوزک چلانے یا گالم گلوچ و بدگوئی کرنے پر پابندی بھی شامل ہے۔ مجوزہ قانون کے مطابق ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر جرمانے عائد کیے جائیں گے، ان پابندیوں اور اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا مقصد قدرتی مناظر کو محفوظ بنانا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پیش کیے گئے بل میں اونچی آواز میں موسیقی سننے والوں اور گالم گلوچ کرنےو الوں پر تین ہزار روپے فی کس جرمانے عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ گندگی پھیلانے اور کچرا پھینکنے والوں پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔