ڈالر پھر بڑھنے لگا، روپے کی قدر میں دسویں روز سے مسلسل کمی

dollar-pkr-low-up.jpg


چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ اپنی پوزیشن مستحکم نہ رکھ سکا مسلسل دسویں روز بھی روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی، آج بھی ڈالر کی قیمت ایک روپیہ 34 پیسے اضافے کے بعد قیمت پھر سے 222 روپے پر پہنچ گئی۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 232 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 10روز میں 8 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔ جمعہ کواوپن مارکیٹ میں ڈالر 230 روپے سے تجاوز کرگیا تھا جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید ایک روپے11 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 220 روپے 50 پیسے کا ہوا تھا۔

کرنسی ڈیلرز اور درآمد کنندگان نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈالرکی اسمگلنگ ہو رہی ہے اور ڈالر کی قیمت کو اوپر لے جانے کیلئے مافیا ایک بار پھرسرگرم ہو گیا ہے۔

دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ کا حال دیکھا جائے تو کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے مجموعی طور پر مارکیٹ کا حصص صفر اعشاریہ 81 فیصد گرا ہے۔

انڈیکس 42 ہزار 248 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔