حامد خان کے پانامہ لیکس فیصلے سے متعلق بیان پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیئر وکیل اور صحافی کی طرف سے حالیہ ہوشربا انکشافات جن میں بتایا گیا کہ کیسے نواز شریف کو پانامہ پیپرز میں دانستہ طور پر پھنسایا گیا اور جس کا مقصد انہیں حکومت سے نکال کر سیاست میں پابندی لگانا تھا جس کا ہمیں روز اول سے پتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ انکشافات اب اس لئے بھی نہایت اہم ہیں کہ سچ تھوڑا تھوڑا کرکے سامنے آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ بحرانوں کا سلسلہ وہاں سے شروع ہوتا ہے جہاں نواز شریف کے خلاف حکومت سے نکالنے کی سازش کرکے عمران خان کو ہر قیمت پر حکومت دلوانے کی سرتوڑ کوشش کی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ اس سارے عمل میں پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا، جمہوری ارتقاء میں رکاوٹ آئی اور معیشت شدید متاثر ہوئی۔ نوازشریف کے خلاف کئے گئے اقدامات کی درستگی حالات کی بہتری کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میرے قائد تاریخ میں صحیح سمت کھڑے رہے اور سرخرو ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا تھا کہ نواز شریف کو بعد میں احساس ہوا کہ معاملات ان کے ہاتھ سے نکل چکے تھے اور انہیں نااہل کرنے کا فیصلہ کہیں اور ہوچکا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل کرنے کا فیصلہ عدالتی فیصلے سے پہلے ہی ہو چکا تھا اور عدلیہ کو صرف استعمال کیا گیا۔