وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے خواتین سے متعلق نامناسب ریمارکس پر پی ٹی آئی کی خواتین سینئر صحافیوں کا سخت ردعمل، صحافیوں نے خواجہ آصف کو آئینہ دکھادیا۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تقریر کے دوران خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی خواتین کو اخلاق باختہ، کھنڈارت اور گاربیج قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں کچھ کہوں گا تو یہ پھر خواتین بن جائیں گی، یہ پہلے اپنا دامن دیکھیں پھر پاک دامنی پر لیکچر دیں،آ ج وہ شخص اپنے ورکر سامنے لا کر خود چوہوں کی طرح چھپ رہا ہے،یہ وہ باقیات ہیں جنہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف کو باپ کہا تھا،۔ خواجہ آصف کے ریمارکس پر اسپیکر نے غیر مناسب الفاظ کو اسمبلی کی کارروائی سے حذف کردیا۔
خواجہ آصف کے ریمارکس پر پی ٹی آئی خواتین نے قومی اسمبلی میں تو احتجاج ریکارڈ کروایا جبکہ سینئر صحافیوں نے بھی سخت ردعمل دیا، سینئر اینکر پرسن مہر بخاری نے کہا کہ خواجہ آصف کا خواتین سے متعلق نازیبا گفتگو کا ایک ماضی رہا ہے، انہوں نے شیریں مزاری کے حوالے سے بھی نازیباریمارکس دیئے تھے، ان کیلئے مخصوص خواتین کی عزت کیوں ضروری ہے؟ ان کی لیڈر بھی ایک خاتون ہیں، اور ان کی بھتیجی بھی ایوان کا حصہ ہیں۔
مہر بخاری نے کہا کہ جب خواجہ آصف کی بیٹی سے منسوب کرکے ایک مہم چلائی گئی تو ہم سب نے اس کی مذمت کی کیونکہ بیٹیاں بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، خواجہ آصف کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، خواجہ آصف کی اس گفتگو کا کسی ن لیگی رہنما کے پاس بھی کوئی جواب نہیں ہے۔
اینکر پرسن ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ اگر ایسے ریمارکس خواجہ آصف کی اپنی گھر کی خواتین کے بارے میں کوئی دے تو خواجہ صاحب کیسا محسوس کریں گے؟ نا کوئی اخلاقیات ہے، نا بات کرنے کا سلیقہ ہے، انہوں نے بے شرمی کی انتہا کردی ہے۔
اینکر پرسن فریحہ ادریس نے کہا کہ میں خواجہ آصف کے ادا کیے گئے الفاظ شیئر کررہی ہوں جسے پڑھ کر نفیس اور عورتوں کی عزت کرنے والے افراد کو حیرانگی ہوگی کیونکہ یہ پاکستان میں خواتین کی عزت کے بارے میں ریاستی معاملات ہیں۔
صحافی مقدس فاروق اعوان نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ خواجہ آصف نے خواتین سے متعلق نازیبا زبان استعمال کی ہو،خواتین صحافی خواجہ آصف کا میڈیا بائیکاٹ کریں، یہ تو کل کو ہمارے بارے بھی ایسے ہی پھول جھاڑ سکتے ہیں، مریم نواز اس زبان کا نوٹس لے کر اپنے قد میں اضافہ ضرور کرسکتی ہیں۔
سینئر اینکر پرسن ابصا کومل نے کہا کہ خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترک اجلاس میں خواتین سے متعلق ایک بار پھر نازیبا ریمارکس دیئے ہیں، خواجہ آصف کے ریمارکس پر پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقا نے بالکل صحیح حیرانگی کا اظہار کیا کہ کوئی سینئر سیاستدان ایسے الفاظ بھی ادا کرسکتا ہے۔