آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خوشی کا اظہار کیا اوراسے پاکستانی عوام کیلئے خوشخبری قرار دیا
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے لئے خوشخبری ہے،وزیر اعظم کی سفارتکاری نے اہم کردار ادا کیا۔آئی ایم ایف معاہدہ سے روپیہ مستحکم ہو گا، بیرونی سرمایہ کاری آئیگی اور مہنگائی قابو میں آئے گی۔
احسن اقبال ماضی میں آئی ایم ایف معاہدے پر تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے رہے اور ماضی میں آئی ایم ایف معاہدے کو وطن فروشی، غداری قرار دیتے رہے اور کہتے رہے کہ انہوں نے ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنادیا ہے۔
اسی تناظر میں احسن اقبال کا ایک پرانا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔ یہ کلپ تحریک انصاف کے دور حکومت کا ہے، اس کلپ میں احسن اقبال کہتے ہیں کہ اے قائد ہم شرمندہ ہیں! جس سٹیٹ بینک کو آپ نے پاکستان کی مالیاتی خودمختاری کی علامت قرار دیا تھا ۔
احسن اقبال نے مزید کہا تھا کہ اسے وطن فروشوں نے ایک ارب ڈالر کے عوض بیچ ڈالا اور آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا-تم سب غدار ہو، تم وطن بیچ رہے ہو۔
اس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کئے اور سوال کیا کہ اب تو اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا کہ احسن اقبال ماضی میں کہتے تھے کہ تحریک انصاف نے پاکستان کو قرضستان بنادیا۔ کیا اب آئی ایم ایف کی جانب سے قرضہ ملنے پرپاکستان قرضستان نہیں بنے گا؟