خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
سابق وزیراعظم نوازشریف نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت احتساب عدالت لاہور سے ریلیف مانگ لیا،نواز شریف نے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں اشتہاری قرار دینے کے خلاف درخواست دائر کردی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت نیب کو 50کروڑ روپےسے کم مالیت کیس میں کارروائی کا اختیار نہیں،درخواست گزار نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت عدالت سے نواز شریف کے خلاف کارروائی ختم کرنے کی استدعا کردی۔ عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے رکھا ہے،درخواست گزار کے خلاف دائر ریفرنس میں 13کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام عائد کیا گیا ہے، احتساب عدالت تین ملزمان کو پہلے ہی بری کرنے کا حکم دے چکی ہے۔ عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے رکھا ہے،درخواست گزار کے خلاف دائر ریفرنس میں 13کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام عائد کیا گیا ہے، احتساب عدالت تین ملزمان کو پہلے ہی بری کرنے کا حکم دے چکی ہے۔ نیب ایکٹ میں ترمیم کے تحت نیب کو اب 50 کروڑ روپے سے کم مالیت کے کیس میں کارروائی کا اختیار نہیں ہے،3 اگست کو قومی اسمبلی نے ایک قانون پاس کیا جس میں نیب کے اختیارات کو مزید کم کردیا گیا ہے اور اس کے تحت 50 کروڑ روپے سے کم کے تمام کیس اس کے دائرہ کار میں نہیں آئیں گے۔ رواں ہفتے نیب ترمیمی ایکٹ 2022 کی منظوری کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف،سردار مہتاب عباسی، سلیم مانڈوی والا اور روبینہ خالد سمیت اہم سیاسی شخصیات کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت 50 سے زائد ریفرنسز نیب کو واپس بھجوائے جاچکے ہیں۔
پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھا دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے نیویارک میں ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھادیا۔ شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کا ذکر کیا ، بھارتی مظالم بند کروانے کا مطالبہ کردیا،یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا پرامن حل نکالنے کے لیے اقدام پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ملاقات میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا اور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین کے لیے آواز اٹھانے پر بھی خراج تحسین پیش کیا، سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ہر ممکن مدد کی کوششوں کا عزم دہرایا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات کی، بل گیٹس نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، پاکستان میں حالیہ سیلاب، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت مقبوضہ کشمیر پر بات کریں گے،نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں وزیراعظم نے سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں بھیک یا امداد نہیں بلکہ عالمی برادری سے انصاف چاہیے۔ ماحولیاتی آفت کے سبب پاکستان کو اس وقت 30 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، ہم ریلیف اور ریسکیو مرحلے میں ہیں جس کے بعد تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہوں گے۔ نیو یارک میں کوپ 27 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم بھیک یا امداد نہیں بلکہ عالمی برادری سے انصاف کے منتظر ہیں، ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ اقلیتوں کے حقوق پر ہونے والے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی روک تھام پر ڈائیلاگ کیلئے فوری طور پر عالمی کانفرنس بلائیں، اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان بنائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام مخالف زہر آلود ٹرینڈ پھیلا ہوا ہے، ایک ریاست میں اقلیتوں پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے جو اس ریاست کی پالیسی ہے۔ بدقسمتی سے یہ وہ ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کو دبایا جا رہا ہے، اس ریاست میں نفرت کے شعلوں کو ہوا دی جا رہی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی سیکولر ملک ہوتا تھا اب ہندو بالادستی والا ملک بن رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کو فروغ دیا جا رہا ہے، آر ایس ایس کے نفرت انگیز ہندوتوا نظریے نے وہاں کی 20 کروڑ مسلمان اقلیت کے خلاف تشدد کو ہوا دی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی مسلمان اقلیت دنیا کی سب سے بڑی اقلیت ہے لیکن بھارت میں گائے کے معاملے پر ہجوم کے ذریعے مسلمانوں کا قتل عام کیا جاتا ہے۔ مساجد شہید کی جاتی ہیں، اسلامی تاریخ کے خلاف اور مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلائی جا رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، کشمیر میں اکثریتی مسلم علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے لیکن دنیا نے بھارت کے اقدامات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ عالمی برادری بھارت کے کھلم کھلا امتیازی اقدامات کو نظر انداز کر کے سو رہی ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ دنیا ہندو بالادستی والی بھارتی حکومت کو اسلام مخالف ایجنڈے پر ذمہ دار ٹھہرائے۔ مزیدبرآں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو ہم عورتوں نے رانا ثناء اللہ کو نا گھسیٹا تو کہنا۔ صوبائی وزیر صحت نے یہ گفتگو اوکاڑہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی اور کہا کہ ہم عمران خان کی کال پر اسلام آباد ضرور پہنچیں گے، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کے دور حکومت میں صنعتیں ترقی کررہی تھیں جو اب تباہی کے دہانے پر آگئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ہمارا وزیراعظم پوری دنیا میں کشکول لے کر پھررہا ہے مگر لوگ ہم پر اعتماد نہیں کررہے، اس امپورٹڈ حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ کو خبردار کرتےہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ ہم اسلام آباد ضرور جائیں گے، تم ہمیں مارو گے تو مارو، ہم مرنے کیلئے تیار ہیں،اگر تم نے اسلام آباد کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تو ہم عورتوں نے تمہیں نا گھسیٹا تو کہنا۔ قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا پرامن احتجاج تیار ہے، عمران خان کبھی نہیں چاہتے کہ کوئی ایسا کام ہو جس سے ملک میں انتشار پھیلے، تاہم اگر حکومت کی طرف سے کوئی الٹی کوشش کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہےکہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کےمعاملے پر کیا جانےوالا پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ٹرانس جینڈر ایکٹ کے حوالے سے چلائی جانے والے مہم کے حوالےسے ردعمل دیدیا ہے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر قانون جو پاس ہوتا ہے اس میں کوئی نا کوئی سقم رہ سکتا ہے، ٹرانس جینڈر بل پر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان میں بل پاس ہونے کے 2 سال بعد اس حوالے سے چند شکایات موصول ہوئیں جس میں کہا گیا تھا کہ اس قانون کا غلط استعمال ہوسکتا ہے، ٹرانس جینڈر بھی انسان ہیں اور ان کے بھی حقوق ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ قانون پورا کا پورا غلط ہے، ایسا نہیں ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ اس قانون میں ٹرانس جینڈر کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے، ان کے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی جرم بنایا گیا ہے،زبردستی بھیک منگوانے کو جرم قرار دیا گیا ہے ، اور ان جرائم پر سزائیں بھی متعین کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر کیلئے وراثت کے معاملے پر مشاورت جاری ہے، اس حوالے سے جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سےملاقات بھی ہوئی جس کےبعد انہوں نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ کی اس حوالے سے ذمہ داری بھی لگائی ہے۔
پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کم ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ ملکی زرمبادلہ ذخائر رواں ماہ 16 ستمبر تک 14 ارب 6 کروڑ ڈالر تھے۔ جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، سٹیٹ بینک کے ذخائر رواں ماہ 16 ستمبر تک 8 ارب 34 کروڑ ڈالر تھے جبکہ ملکی کمرشل بینکوں کے ذخائر 3 کروڑ ڈالر اضافے سے 5.72 ارب ڈالر ہو گئے۔ دریں اثنا ترجمان سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آفیشل پیج پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ: کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جولائی کے 1.2 بلین ڈالر کے مقابلے میں گر کر 0.7 بلین ڈالر پر آ گیا ہےجو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مجموعی طور پر جولائی تا اگست کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0.5 بلین ڈالر سے 1.9 بلین ڈالر کم ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ برآمدات میں 0.5 بلین ڈالر اضافہ اور درآمدات میں 0.2 بلین ڈالر کمی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں ترجمان سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹویٹر کے آفیشل پیج پر ٹویٹ میں لکھا کہ: سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) نے رواں سال 5 دسمبر کو ایک سال کے لیے 3 بلین ڈالر ڈیپازٹ میچور ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ڈیپازٹ سٹیٹ بینک کے پاس رکھا جاتا ہے اور یہ اس کے فاریکس ریزرو کا حصہ ہے۔ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ دے دیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی،سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کیخلاف کیس تیار کرنے کا ایک اور موقع دے دیا۔ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت دروان عدالت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ دیدیا،عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سیلاب سے لوگ پریشان ہیں، پی ٹی آئی اسمبلی میں اپناکردار ادا کرے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ معاشی حالات دیکھیں، تحریک انصاف کو اندازہ ہے 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہونگے ؟ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ کروڑوں لوگ اس وقت سیلاب سے بے گھر ہوچکے ہیں، عوام نے ارکان اسمبلی کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ عوام نے ارکان اسمبلی کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے،پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اصل فریضہ ہے۔ کروڑوں لوگ اس وقت سیلاب سے بے گھر ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے سیلاب متاثرین کیلئے ساڑھے 13 ارب روپے جمع کیے،پی ٹی آئی کے ارکان اپنے حلقوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے پاس پینے کا پانی ہے نہ کھانے کو روٹی،بیرون ملک سے لوگ متاثرین کی مدد کیلئے آ رہے ہیں۔ ملکی کی معاشی حالت بھی دیکھیں،پی ٹی آئی کو اندازہ ہے 123 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے کیا اخراجات ہونگے؟ جسٹس اطہر من اللہ نے گہرائی سے قانون کا جائزہ لیکر فیصلہ دیا ہے۔ اسپیکر کا اپنا طریقہ کار ہے ہم کیسے مداخلت کر سکتے ہیں،ہر ادارے کی اپنی صلاحیت ہوتی ہے، عام انتخابات کیلئے پورا نظام ہوتا ہے، ضمنی انتخابات میں ٹرن آئوٹ بھی کم ہوتا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اسپیکر کے کام میں اس قسم کی مداخلت عدالت کیلئے کافی مشکل کام ہے۔ ہائیکورٹ کے حکم میں واضح کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کی قانونی حیثیت ہے۔ بظاہر اسپیکر کے اختیار میں مداخلت سے آرٹیکل 69 متاثر ہو سکتا ہے،عدالت کو مطمئن کریں کہ ہائیکورٹ کے حکم میں کیا کمی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ کو اندازہ نہیں رجیم چینج آپریشن میں ملک کو 5 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے،فواد چوہدری سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپسی کے مشورہ دے دیا، جس پر رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے ردعمل دے دیا، ٹویٹ پر فواد چوہدری نے لکھا کہ سپریم کورٹ نےکہا کہ پی ٹی آئی کواندازہ ہے 123ضمنی انتخابات پر کتنے اخراجات ہوں گے؟ سپریم کورٹ نےکہا کہ پی ٹی آئی کواندازہ ہے 123ضمنی انتخابات پر کتنے اخراجات ہوں گے؟ اس سے قبل فواد چوہدری پارٹی چیئرمین عمران خان کے وکیل حامد خان پر بھی برہم ہوئے، ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت اور عمران خان کے درمیان کا معاملہ ہے، وکیل ایسے ہی منہ اٹھا کر کھڑا ہو جاتا ہے،حامد خان ڈمی وکیل ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپسی کا مشورہ دیا ہے۔
برطانیہ سے چوری کی لگژری گاڑی امپورٹ کرنے اور کراچی کے پوش علاقے سے برآمدگی کے کیس میں ایک ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی کسٹم عدالت میں برطانیہ سے چوری شدہ لگژری گاڑی کی کراچی سے برآمدگی کے ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے 2 ملزمان کی جانب سے ضمانت کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے ایک کی ضمانت منظور اور دوسرے کی مسترد کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت نے ملزم جمیل شفیع کی ضمانت 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرلی جبکہ نوید یامین بلوانی کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ سے چوری شدہ گاڑی کراچی کےعلاقےڈیفنس سے برآمد ہوئی، گاڑی قانونی باقاعدہ طور پر امپورٹ کی گئی تاہم بعد میں پتا چلا کہ یہ گاڑی برطانیہ سے چوری ہوئی تھی ، 3 ستمبرکو ڈیفنس کے علاقے میں واقع ایک کوٹھی پر چھاپہ مار کر لگژری گاڑی بینٹلے ملسین وی ایٹ آٹو میٹک برآمد کی گئی،کسٹم حکام کے مطابق گاڑی کی مالیت تیس کروڑ روپے سےزائد ہے، گاڑی امپورٹ کرنےوالے ملزمان پر ٹیکس ڈیوٹی کی مد میں تین سو ملین روپے کی چوری کاالزام ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ریاستی اداروں کے خلاف مہم سازی کرنے اور غیر قانونی مواد شیئر کرنے والے انٹرنیٹ کے 11 لاکھ لنکس بلاک کردیئے ہیں۔ خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق ادارے کو شہریوں کی جانب سے انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر موجود مواد کے خلاف شکایات موصول ہوئیں، پی ٹی اے نے تقریبا 12 لاکھ یو آرایل لنکس کی جانچ کی جس میں سے 11لاکھ 35 ہزار814 لنکس بلاک کردیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فیس بک کے1لاکھ 13 ہزار فیس بک لنکس،63ہزار632 ٹک ٹاک اکاؤنٹس بھی بلاک کیے گئےہیں۔ پی ٹی اے کی جانب سےبلاک کیے گئے یوٹیوب کے36ہزار138 لنکس بلاک کیے گئے جبکہ ٹویٹر کے 31 ہزار870 اکاؤنٹس کو غیر قانونی مواد شیئر کرنے اور اداروں کے خلاف مہم جوئی کرنے پر بند کیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 12 سالہ لڑکی مہناز کے والد نے انصاف کے حصول تک بیٹی کی تدفین سے انکار کر دیا۔ ایک بیان میں متاثرہ کے والد ابو طاہر نے کہا کہ جب وہ کام سے گھر واپس آیا تو اس نے دروازہ اندر سے بند پایا۔ بعد میں وہ پڑوسی کی دیوار سے کود کر اپنے گھر میں داخل ہوا اور اپنی بیٹی کی لاش چھت کے ساتھ لٹکی ہوئی پائی۔ بیٹی کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے باپ نے گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس نے مزید کہا کہ "لڑکی گھر میں اکیلی تھی کیونکہ اس کی والدہ نے ماضی قریب میں خاندان کو چھوڑ دیا تھا۔” ایک سوال کے جواب میں اس شخص نے شک کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے پولیس کو بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لینے پر تنقید کا نشانہ بنایا، اور انصاف کے حصول تک بیٹی کی تدفین نہ کرنے کا مطالبہ برقرار رکھا۔ ان کا کہنا تھا مجھے انصاف چاہیے،صبح جاتا ہوں شام میں آتا ہوں کس پر شک کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس پڑوس میں آئی تحقیقات کی تصویریں لیں بس، مجھے انصاف ملے گا تو بیٹی کی تدفین کروں گا اور اگر انصاف نہ ملا تو ایسے ہی لاش رکھوں گا چاہے سڑک پر رکھنی پڑے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی میں سفاک درندوں نے بارہ سالہ بچی کوزیادتی کانشانہ بناکرقتل کردیا تھا۔ پولیس نے دو افراد کوحراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں قتل اورزیادتی کی دفعات شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت نے نویں سے 12ویں جماعت تک قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی مضمون قرار دے دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں صوبے کے اسکولوں اور کالجوں میں قرآن کو بطور لازمی مضمون پڑھائے جانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ تعلیمی سال کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ بورڈ امتحانات کے نمبر 1100 سے بڑھا کر 1225 کر دیئے گئے ہیں۔ میٹرک اور ایف اے، ایف ایس سی میں 75 نمبروں کا پرچہ شامل کرنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ نے احکامات دیئے ہیں۔ اقلیتوں کے لئے ایتھیکس (اخلاقیات) پر مبنی لازمی مضمون بھی تیار کر لیا گیا۔ یہ اقلیتی برادری کے بچوں کے لئے نویں سے بارہویں جماعت تک لازمی مضمون تصور ہو گا۔ مطالعہ قرآن کریم کے لازمی پرچے کے شامل ہونے کے بعد لازمی پرچوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ تعلیمی بورڈز نے بھی 2023 کے سالانہ میٹرک و انٹر کے امتحانات میں 75 نمبروں کا پرچہ امتحان میں شامل کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ تعلیم نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اس فیصلے پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کالجز میں قرآن کریم کی پڑھائی کا سلسلہ شروع کرنے کی غرض سے سفارشات بھجوا دی ہیں۔ پختونخوا میں پرائمری سے آٹھویں جماعت تک مطالعہ قران پڑھانے کا سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔ پشاور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی کہ اسے لازمی مضمون کے طورپر پڑھایا جائے اور باقاعدہ بچوں سے امتحان بھی لیا جائے جس پر پشاور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ میں شامل ہونے والے انصافی کارکنان کو خبردار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کو جدید طریقے سے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل مارے جائیں گے۔ رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان جیسے شخص سے بات چیت ممکن نہیں ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وزیر داخلہ نے کہا عمران خان نے تو ابھی تیاری پکڑنی ہے آ جائے ہم تیار ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں جدید طریقے سے ماری جائیں گی۔ اس کے لیے ڈرون کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اسی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر صوبوں سے بھی پولیس فورس مانگ لی ہے۔ راناثنااللہ نے کہا کہ اگر کسی صوبے نے فورس بھیجنے سے انکار کیا تو آئین کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ریڈزون کی بندش سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ احتیاطاً سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی آج ریڈزون کو کھول رہے ہیں جب بھی خان صاحب ادھر آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے تو دوبارہ سیل کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی پولیس کے افسران کے مابین ہوئی تلخ کلامی پر صحافی مبشر زیدی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی کوئی کیسے کسی کو احتجاج سے روک سکتا ہے؟ انگلیاں تو پھر اٹھیں گی۔ مذکورہ معاملے اینکر پرسن منیب فاروق نے تنقید کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پولیس افسر کو کہہ رہے ہیں "اپنے دائرے میں رہو" یہ پولیس افسر ریاست پاکستان کا ملازم ہے اور اپنی ڈیوٹی کر رہا ہے۔ منیب فاروق نے کہا کہ یہ آپ کا مرید یا مزارع نہیں ہے، شکر کریں کہ وہ آپ کی بدزبانی اور رعونت کو برداشت کر رہا ہے۔ اگر کوئی سر پھرا ہوتا تو آپ کی لفظی عزت افزائی کرنے میں منٹ تو دو ہی لگنے تھے۔ جس پر مبشرزیدی نے کہا کہ منیب آپ خود وکیل ہیں کیا کسی کو احتجاج میں شرکت سے روکنا خلاف قانون نہیں؟ شاہ محمود نے جو کیا کیا آپ اور میں وہ نا کرتے اگر ہمیں روکا جاتا؟ میں قریشی صاحب کا ناقد تھا اور رہوں گا پر بحیثیت پاکستانی آپ کیسے کسی کو روک سکتے ہیں؟ انگلیاں تو پھر اٹھیں گی۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا ہے کہ پاکستان مردہ باد کہنےوالے افغانیوں کو پاکستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں افغان شہریوں کی پاکستان میں غیر قانونی موجودگی کا معاملہ زیر بحث آیا ، اراکین نےاس معاملےپرشدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ افغان شہریوں کو کراچی جیسے شہر میں کھلا چھوڑا ہوا ہے، بغیر دستاویزات کے افغانی ہمارے ملک میں گھوم رہے ہیں، ایران اور دیگر ممالک میں افغانیوں کیلئے ایک پورا نظام موجود ہے، یہ پاکستان میں رہتے ہوئے پاکستان کیلئے ہی مردہ باد کے نعرے لگارہے ہیں اور پاکستان کو گالیاں نکالی جارہی ہیں، پاکستان کو پہلے سے آبادی کا مسئلہ ہے اب تو انہوں نے یہاں بچے بھی پیدا کرلیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانیوں نے پاکستانیوں سے روزگار چھین لیے ہیں،جو دہشت گر د یہاں پکڑا جاتا ہے وہ افغانی ہوتا ہے، افغانی کراچی میں سب سے زیادہ ڈکیتیوں میں ملوث ہیں، اور یہ حالات صرف کراچی نہیں بلکہ تمام بڑے شہروں میں ہیں، یہ پاکستان میں مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، کبھی امریکہ میں جاکر مردہ باد امریکہ کے نعرے لگاکر دکھائیں۔ نور عالم خان نے کہا کہ ہمیں یو این سے افغان شہریوں کو اپنے کیمپس میں رہنے کا مطالبہ کرنا چاہیے، یو این سے کہا جانا چاہیے کہ مردہ باد کے نعرے لگانے والوں کیلئے ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں احتجاجی دھرنا دینے والے پنجاب کسان اتحاد نے وزیر داخلہ سے مذکرات ناکام ہونے کی صورت میں ڈی چوک مارچ کی دھمکی دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کسان اتحاد کے سینئر نائب صدر شوکت خان نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کسان اتحاد کے نمائندے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، تاہم ابھی تک کے مذاکرات میں حکومت نے ہمارے مطالبات اور شرائط پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب کسان اتحاد نے حکومت سے اپنے مطالبات اور شرائط منوانے کیلئے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے،دھرنے میں شریک کسان اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبات ماننے پر زور دے رہے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس نےکسان اتحاد کے احتجاج کے حوالے سے ایک بیان جاری کیاجس میں کہا گیا ہے کہ احتجاج میں شامل افراد درختوں کو توڑ رہے ہیں، مظاہرین تشدد کا ارادہ رکھتے ہیں۔کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے، قیدی وینز بھی منگوائی جاچکی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس اور انتظامیہ تحمل سے کام لے رہی ہیں اور مذاکرات کی دعوت دے رہی ہے۔تشدد کا راستہ اپنانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایف نائن پارک اور ایکسپریس چوک کی طرف سفر سے گریز کیا جائے۔ مظاہرین شہریوں، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور راستے میں آنے والی املاک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
نئے نیب قانون قومی احتساب ترمیمی ایکٹ مجریہ 2022 کے مطابق 50 کروڑ سے زیادہ کی کرپشن کے کیسز لیے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کا اجلاس چیئرمین نیب آفتاب سلطان کی زیرصدارت ہوا جس میں نیب کے اعلیٰ عہدیداران سمیت پراسیکیوٹر جنرل نیب شریک ہوئے۔ اجلاس میں نئے نیب قانون قومی احتساب ترمیمی ایکٹ مجریہ 2022 کے مطابق 50 کروڑ سے زیادہ کی کرپشن کے کیسز لینے کا فیصلہ کیا گیا اور دھوکا دہی کے کیسز میں کم سے کم 100 متاثرین ہونے پر نیب میں کیس ہو سکے گا۔ نیب اجلاس کے بعد اعلامیے میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ سے نیب آرڈیننس میں ترامیم کے بعد نئے قانون پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔ نئے نیب قانون قومی احتساب ترمیمی ایکٹ مجریہ 2022 کے تحت احتساب عدالتوں نے سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر 50 ملزمان کے خلاف ریفرنسز عدالتی دائرہ اختیار ختم ہونے پر نیب کو واپس بھجوا دیئے گئے ہیں۔ جو مقدمات واپس ہوئے ان میں رینٹل پاور کے چھ ریفرنس، یو ایس ایف فنڈ ریفرنس، رمضان شوگر ملز ریفرنس، کڈنی ہلز ریفرنس ودیگر ریفرنسز کو واپس کیا گیا ہے جبکہ مضاربہ سکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے وہ ریفرنس بھی نیب کو واپس دیدیئے گئے ہیں جن میں شکایت کنندہ اور متاثرین کی تعداد 100 سے کم تھی۔ نیب کے اعلامیہ کے مطابق ریفرنس نجی افراد کو قانون کے تحت کارروائی کے لیے واپس بھیجے جائیں گے اور ایسے کیسز کو متعلقہ دائرہ کار رکھنے والی عدالتوں کو بھجوایا جائے گا جبکہ احتساب عدالتوں کی طرف سے واپس بھجوائے گئے کیسز سیشن کورٹس، انسدادِ بدعنوانی اور دیگر متعلقہ عدالتوں میں بھیجے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثنا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نیب کی طرف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی اے آر وائی گولڈ، ارسس ٹریکٹر، کوٹیکنا اور پولو گراؤنڈ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیلوں پر نیب کی جانب سے مہلت طلب کرنے پر سماعت ملتوی کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر کا مؤقف تھا کہ نیب قانون میں ترامیم کے بعد ریفرنسز کا جائزہ لینا ہے، اس لیے مہلت دی جائے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین نادرا نے انکشاف کیا ہے کہ حساس معلومات رکھنے والے 500 سے زائد لوگ پاکستان میں کام کرنے کے بعد پاکستانی شہریت چھوڑ گئے ہیں۔ طارق ملک کے انکشاف پر پی اے سی نے فہرست طلب کر لی۔ اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سوال کیا کہ نادرا میں کرپشن پر کتنے لوگوں کو نکالا گیا ہے؟ چیئرمین نادرا نے جواب دیا کہ 43 لوگوں کو نکال دیا گیا ہے جبکہ باقی 2600 مشتبہ افراد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر نکالے گئے لوگوں کو دوبارہ بھی بھرتی کیا گیا؟ جس پر کمیٹی نے نکالے جانے کے بعد دوبارہ بھرتی ہونے والوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ کمیٹی چیئرمین نے افغان شہریوں پر بات کی اور کہا کہ دیگر ممالک میں مہاجرین کیلئے کیمپ ہیں ویسے ہی کیمپ بنائے جائیں، پاکستان میں یہ روزگار کیلئے اہل نہیں ہیں کیوں کہ یہ ٹیکس تک نہیں دیتے اور ساتھ اسمگلنگ میں بھی ملوث ہیں۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ بارڈرز کے ذریعے آنے والے افغانیوں کا بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے اور جن افغان لوگوں نے شناختی کارڈز حاصل کیے انکے کارڈز کینسل کیئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے چیئرمین نادرا سے سوال کیا کہ کیا آپ کو معلوم ہے ملک میں سب سے زیادہ افغانیوں کو شناختی کارڈز کہاں دیئے گئے؟ جس پر چیئرمین نادرا نے کہا کہ آپ کے پاس افغان شہریوں کے شناختی کارڈز کا ڈیٹا ہے تو ہمیں فراہم کر دیں۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خود کو سرنڈر کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار کردیا تاہم انہوں نے اس کیلئے ایک شرط بھی رکھ دی ہے۔ خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار سکے وکیل قاضی مصباح نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں اپنے موکل کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی، درخواست میں قاضی مصباح نے موقف اپنایا کہ اسحاق ڈار عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کیلئے تیار ہیں، تاہم قومی احتساب بیورو ان کے وارنٹ گرفتاری واپس لے۔ درخواست میں عدالت سےاستدعا کی ہے کہ سابق وزیر خزانہ سرنڈر کرنے کیلئے پاکستان آئیں گے تاہم انہیں پاکستان واپسی پر گرفتار نا کیا جائے، عدالت نے اس درخواست کو 23ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کےمعاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاکرز نے ن لیگ کی حمایت میں ویڈیوز شہبازشریف کی محبت میں بنائیں، جبکہ پی ٹی آئی والوں نے یہ ویڈیوز پیسے دے کر ڈیلیٹ کروائی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عطاءتارڑکی جانب سے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران صحافی جان شیر نے ان سے ٹک ٹاکرز کی ن لیگ کی حمایت میں ویڈیوز بنانے اور بعد میں ڈیلیٹ کرنے سے متعلق سوال کرتے ہوئےپوچھا کہ ٹک ٹاکرز نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے پیسے دے کر یہ ویڈیوز بنوائی تھیں لہذا ہم یہ پیسے واپس کررہےہیں؟ عطاء تارڑ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ کیاکسی نے دیکھا ہے کہ کس کو پیسے واپس کیے ہیں،کس نے نے کیے ہیں، اور کتنے پیسے واپس کیے ہیں، اس کا کوئی ثبوت یا تصویر ہےکسی کے پاس،مجھےکوئی ایسی ویڈیو دکھا دے جس میں وہ کہہ رہا ہو کہ ہمیں پیسے دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹک ٹاکرز سے خان صاحب ملاقات کریں تو صدقے واری جایا جاتا ہے ، ہمارے حق میں اگر بیان آیا ہے تو پوری دنیا میں آگ لگ جاتی ہے، ٹک ٹاکرز نے 100 فیصد اپنی مرضی سے ن لیگ کے حق میں ویڈیوز بنائی ہیں،اور یہ شہباز شریف صاحب کو بین الاقوامی سطح پر ملنے والی پزیرائی کا نتیجہ ہے، کیونکہ اگر شہباز شریف کا موازنہ عمران خان کے ساتھ ہے تو عمران خان صاحب کو تو کھڑا بھی نہیں ہونا آتا۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ ٹک ٹاکرز کو ہم نے پیسے نہیں دئے اور انہوں نے خود ن لیگ کی محبت پر ویڈیوز بنائی ہیں ۔جبکہ اب پی ٹی آئی کے کہنے پر وہ ویڈیوزڈیلیٹ کر کے پیسے لینے کا بیان دے رہے ہیں۔

Back
Top