سینئر صحافی و رپورٹر اعزاز سید کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کیلئے پاکستان کی ملٹری مسئلہ نہیں ہے بلکہ عمران خان مسئلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سفارتکاروں سے ملاقات کرنےوالے صحافی اعزاز سید نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی سفارتکار پاکستان کے بحرانوں کے حوالے سے بڑے پریشان تھے، وہ اس لیے پریشان تھے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات بہتر ہوں۔
اعزاز سید نے کہا کہ بھارتی ڈپلومیٹس کا کہنا ہے کہ یہ ایسا موقع ہے کہ ہمیں پاکستانی ملٹری سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، جو مسئلہ ہے وہ سویلین سائیڈ سے آرہا ہے۔
سینئر صحافی نے کہا کہ آپ کو یادہوگا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فری ٹریڈ کے حوالےسے ایک سمری عمران خان صاحب کو بھجوائی گئی تھی جسے انہوں نے آخری لمحے پر مسترد کردیا تھا، ہماری ملٹری اسٹیبلشمنٹ یہ سمجھ چکی ہے کہ ہمیں پڑوسیوں سے تعلقات خراب کرکے ملک میں مسائل پیدا نہیں کرنے چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بھی بڑا مسئلہ بھوک اور روٹی کا ہے، ہندوستا ن کےساتھ اگر تجارت شروع ہوجائے گی تو ملک میں مہنگائی میں کمی واقع ہوگی، کچھ چیزوں کی قیمتیں نیچے آئیں گی، دونوں اطراف پر کاروباری حضرات اور عام عوام کو فائدہ پہنچے گا، مگر عمران خان نے یہ سمری آخری موقع پر مسترد کردی۔