وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ چین کے دورے کے آخری روز صدر شی جن پنگ کی دعوت پر تاریخی ورثے ٹیراکوٹا جنگ جوئوں کے میوزیم کا دورہ کیا اور اس کے بعد بعد واپس اپنے وطن پہنچ چکے ہیں تاہم ان کا دورہ اب بھی زیربحث ہے۔
وزیراعظم کے چائنہ کے دورے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام شیئر کیا جس پر خواجہ محمد آصف نے انہیں ن لیگ میں گزارے اپنے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ دورے کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر خارجہ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے علاوہ دیگر حکومتی عہدیدار موجود ہیں، ایکس پر پاکستانی وفد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں بدمعاش اور مجرم بھی قرار دے دیا!
رئوف حسن نے وزیراعظم ، آرمی چیف و لیگی رہنمائوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا: سوٹس اور بوٹس ارادوں کی عریانیت اور نئے خیالات کی کمی کو چھپانے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ خالی ہاتھ گئے تھے اور خالی ہاتھ ہی واپس آگئے ہیں پھر بھی کوئی پچھتاوا یا شرم نہیں ہے! بے فکر ہو کر بدمعاشوں اور مجرموں کے ٹولے کے ذریعے اپنے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے۔
رئوف حسن کے ٹوئٹر پیغام پر وزیر دفاع وسینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ محمد آصف نے انہیں مسلم لیگ ن میں گزارے ہوئے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں لکھا: رؤف صاحب آپ نے ان crooks and criminals کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہے۔ ہم آج بھی آپ کی عزت کرتے ہیں، 7کلب روڈ پہ آپ کا دفتر ہوتا تھا اور آپ شہباز شریف کے ایڈوائزر تھے
۔
انہوں نے لکھا: جب شریف برادران جلا وطن تھے آپ پاکستان مسلم لیگ ن لندن کے اجلاس میں شرکت کرتے تھے، انمول مشورے دیتے تھے، قیادت کے چہیتے تھے۔ آپ کے ساتھ خاندانی تعلق بھی ہے اور جہاں پر اچھا وقت گزارا ہو وہاں ایسی زبان نہیں استعمال کرتے، اچھے وقت کو یاد رکھتے ہیں، یہ انسان کی کوالٹی ہوتی ہے۔ اللہ آپکو خوش اور آباد رکھے! آمین!
خواجہ آصف کے پیغام پر سینئر صحافی صبیح کاظمی بھی اس گفتگو میں شامل ہو گئے اور ردعمل دیتے ہوئے لکھا: اچھا وقت گزارنے کے صدقے پاکستان کو لوٹنے، لوگوں کے مینڈیٹ کو چوری کرنے کو معاف کر دیا جائے؟شہباز شریف 1100 ارب کے کیسز میں مطلوب، ٹی ٹیز کے سارے کردار اچانک مارے گئے، نیب سے اچانک کیسز ختم؟
انہوں نے لکھا: 2019 سے خان کی حکومت گرانے کی کوشش میں مصروف اچھے وقت گزارنے والے؟ ایسے تو آپ کا شاید دبئی میں بھی اچھا وقت گزرا ہوگا، اقامے آپ سب لوگوں کے پاس تھے، ایسے ہی ڈار خاندان کا بھی اچھا وقت گزرا ہوگا لیکن آپ نے تو فارم 47 پر بیوہ ریحانہ ڈار کا حق چھین لیا!