پاکستانی شہری سے شادی کرنیوالی خاتون پر شوہر کا تشدد،بھارت بھیجنےکی کوشش

3pasnadkishahdi.png


پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنے والی بھارتی خاتون پر اس کے شوہر کی طرف سے تشدد اور اسے زبردستی واپس بھارت بھیجے جانے کی کوشش کا انکشاف سامنے آگیا,فرزانہ نامی خاتون کو واپس بھارت بھیجے جانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔

تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ نے بھارتی خاتون کی درخواست پر اس کے شوہر مرزا یوسف الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا,بھارتی خاتون فرزانہ کے مطابق پاکستانی شہری مرزا یوسف الٰہی نے 2015 میں اس سے دبئی میں محبت کی شادی کی تھی اور سال 2018 میں وہ اسے دبئی سے پاکستان لے آئے تھے جبکہ اس دوران ان کے ہاں دو بیٹے بھی پیدا ہوئے۔

فرزانہ کے مطابق پاکستان میں قیام کے دوران انکشاف ہوا کہ ان کے شوہر پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں اور ان کے ساتھ اسکی یہ چوتھی شادی تھی۔ اس دھوکا دہی پر جب انہوں نے احتجاج کیا تو ان کے شوہر مرزا یوسف الٰہی خود، اپنی پہلی بیوی اور بیٹوں کے ساتھ مل کر تشدد کرتا اور اسے دھمکیاں دی جاتی تھیں۔

فرزانہ بیگم نے بتایا گزشتہ ایک سال سے ان کے شوہر نے انہیں رحمان گارڈن کے علاقے میں ایک گھر میں قید کر رکھا تھا اور گھر کے باہر سیکیورٹی تعینات کر رکھی تھی۔ عید کی چھٹیوں کے دوران ان کے شوہر اور پولیس وردی میں ملبوس چند افراد ان کے گھر آئے، ان کا موبائل فون چھین لیا، انہیں دھمکیاں دیں اور پھر واہگہ بارڈر لیکر گئے جہاں زبردستی ان کا امیگریشن کروانے کے بعد واپس بھارت بھیجنے کی کوشش کی مگر وہ بھارت واپس نہیں جانا چاہتی تھیں۔

فرزانہ کے مطابق ان کے شوہر نے واہگہ بارڈر پر بھی ان پر بدترین تشدد کیا تاہم اسے واپس بھارت بھیجے جانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی,واہگہ بارڈر امیگریشن حکام نے بھی اس واقع کی تصدیق کی اور بتایا کہ خاتون کو اس کا شوہر طلاق دے چکا ہے اس لیے وہ اسے واپس اس کے ملک بھیجنا چاہتے تھے لیکن خاتون جانا نہیں چاہتی تھیں,آخری اطلاعات تک تھانہ فیکٹری ایریا ضلع شیخوپورہ پولیس نے فرزانہ بیگم کے درخواست پر مرزا یوسف الٰہی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری خانب گزشتہ ماہ بھارتی نژاد جرمن سکھ لڑکی پاکستانی نوجوان سے شادی کے لیے پاکستان آئی تھی جسپریت کور نے نکاح سے قبل اپنا نام زینب رکھ لیا ہے، جبکہ سیالکوٹ کے شہری علی ارسلان سے نکاح کر لیا ہے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان علی ارسلان اور زینب (جسپریت کور) اب بھارتی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کر رہے ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت کور بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔

جبکہ 28 سالہ زینب (جسپریت کور) نے جامعہ حنفیہ سیالکوٹ میں سینئر پارلیمینٹیرین حافظ صاحبزادہ حامد رضا کے ہاتھوں اسلام قبول کیا ہے، اپنا نام بھی زینب رکھ لیا۔