ٹیلی کام کمپنی ایرکسن کی پاکستان میں اربوں کی براہ راست سرمایہ کاری

eric.jpg


دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ایرکسن کی جانب سے پاکستان میں 31 ملین امریکی ڈالر (5 اعشاریہ 52 بلین روپے) کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عالمی ٹیلی کام کمپنی ایرکسن نے پاکستان میں 31؍ ملین ڈالر (تقریباً ساڑھے 5 ارب پاکستانی روپے) کی سرمایہ کاری کی ہے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین احق کی ایرکسن مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ اور ایرکسن پاکستان کے چیئرپرسن نیلسن ایکو کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق انجینئرز کی ڈیجیٹلائزیشن، ہنر مندی اور تربیت کے بارے میں امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نیلسن ایکو کا کہنا تھا کہ اریکسن ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری اور بہترین ٹیکنالوجی کو وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت کے ساتھ کامیاب ملاقات امید افزا ہے اور ہم ملک میں تکنیکی ترقی کے مستقبل کے اقدامات کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ ایرکسن کی سرمایہ کاری سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں فائیو ۔ جی سروس کے آغاز میں سہولت ہوگی۔

سیدامین الحق نے کہا کہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کے تعاون اور سہولیات کی یقین دہانی کراتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن وہ شعبہ ہے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔