ایف آئی اے طلبی: اسد قیصر کو پشاور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا

asad1h1h1.jpg


پشاور ہائی کورٹ نے اسد قیصر کے خلاف انکوائری روکنے کا حکم دیدیا

پشاور ہائی کورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف ایف آئی اے کو انکوائری سے روک دیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ایف آئی اے کی جانب سے طلبی نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سماعت کےبعد مختصر فیصلہ جاری کردیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں ایف آئی اے کوآئندہ سماعت تک اسد قیصر کے خلاف انکوائری روکنے کا حکم دیتے ہوئے 6 سوالات کے جواب جمع کروانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے سے پوچھا ہے کہ کیاپولیٹیکل پارٹی آرڈر2002 ایف آئی اے کے دائرہ کار میں آتا ہے؟ کیا اسد قیصر کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن نے ایف آئی اے کو کوئی ہدایت دی ہے؟ ایف آئی اے کی جانب سے اسد قیصر کو طلبی کا نوٹس جاری کرنا سیاسی اثر رسوخ یا بدنیتی پر مبنی تو نہیں ؟

عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا ہے کہ کیا وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کواسد قیصر کے خلاف تحقیقات کیلئے کہا ہے؟