
صوبائی حکومت کی ہدایت پر ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ و لیگی رہنما اسحاق ڈار کی کورونا ویکسینیشن کی جعلی انٹری کرنے والا ڈسپنسر گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت عاشق کے نام سے ہوئی ہے۔ اسحاق ڈار کی جعلی انٹری ڈی ایچ اے ملتان میں قائم ایک ویکسینیشن سنٹر سے کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسپنسر عاشق حسین نے کورونا ویکسینیشن سنٹر سے سابق وزیر خزانہ و سینیٹر اسحاق ڈار کو پہلی ڈوز لگانے کی جعلی انٹری کی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈسپنسر کو گرفتار کر کے ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور ڈی سی ملتان کی ہدایت پر ڈسپنسر کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا بھی آغاز کردیا۔
ڈی سی او کا کہنا ہے ڈسپنسر عاشق حسین کے مجرمانہ فعل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی، جعلی انٹری کے بعد ریکارڈ مدت میں ملزم کو ٹریس کیا گیا، کورونا ویکسین کے انٹری سسٹم کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس حوالے سے حکومت پنجاب کو جعلی انٹری کے حوالے سے رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ پر 26 مسافروں کو جعلی کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے باعث نجی ایئر لائن کی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا، 26 مسافروں نے بذریعہ ائیر بلیو کی پرواز پی اے 2744 سے سعودی عرب جانا تھا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ مسافروں کو جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے باعث آف لوڈ کیا گیا، اسٹاف کی غفلت کے باعث مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری ہوچکے تھے، جبکہ سرٹیفکیٹ بورڈنگ کارڈ جاری ہونے سے قبل چیک کیے جاتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/isshh1121.jpg