الیکشن کمیشن کا عمران خان، وزیراعلیٰ کے پی اور سینئر قیادت کو نوٹس

16khancmkokknoticercp.jpg

پاکستان تحریک انصاف کے این اے 31 میں ضمنی انتخابات کیلئے جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال کرنے پر سابق وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے محمد خان اور متعدد صوبائی وزراء کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے این اے 31 میں ضمنی انتخابات کیلئے جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال کرنے پر سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 ستمبر کو ضلعی مانیٹرنگ افسر کے دفتر میں ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی وزراء کو اشتیاق ارمڑ، کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی، انور زیب، محمد اقبال کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے مشیر خلیق الرحمن اور معاون خصوصی وزیر زادہ کو بھی نوٹسز جاری کیے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1567545108593008641
الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیوں کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کے پشاور میں انتخابی جلسے کے دوران پارٹی پرچم لگانے کا بھی نوٹس لیا۔

ڈی جی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سرکاری وسائل کے استعمال پر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سرکاری مشینری استعمال کرنے والے اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کا پابند ہوں جس کے بعد الیکشن کمیشن کے پی کے نے 13 ستمبر تک ڈی جی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دریں اثنا چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بغیر ادائیگی کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے عمران خان سمیت 1800 افراد کی فہرست کمیٹی اور الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کہا صرف عمران خان کے ذمہ 7 کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں، الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا چاہئے۔ عمران خان خیبر پختونخوا حکومت کے نادہندہ ہیں، انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کیسے دے دی گئی۔

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے پشاور جلسے میں سرکاری وسائل کے استعمال پر سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان اور صوبائی وزراء کو بذریعہ وکیل 9 ستمبر کو ضلعی مانیٹرنگ افسر کے دفتر میں طلب کر لیا ہے۔