خبریں

ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کے چیئرمین اشفاق احمد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں بتایا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ادویات والے شعبے کو ٹیکس ریفنڈ بروقت ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کمیٹی کے شرکا کو بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹیکس فری سلائی مشین کی درآمد کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کےجواب پر رہنما پیپلزپارٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس کو روکنا آپ کے ادارے کا کام ہے، سلائی مشین پر سیلز ٹیکس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، امیر لوگ تو بوتیک جاتے ہیں لیکن بہت سے غریب اب بھی اپنے کپڑے خود سلائی کر کے پہنتے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر اشفاق احمد نے قائمہ کمیٹی اجلاس کو بتایا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے تیزی سے ریفنڈ دیں اورغریبوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں، رہ جانے والی زرعی اشیا پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا جائے اور سیلز ٹیکس میں تمام فرق کو آئندہ 5 ماہ میں ختم کردیا جائے اس پر کام جاری ہے۔ سربراہ ایف بی آر نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو 48 گھنٹے میں ریفنڈ دے رہا ہے اور اس کا ریفنڈ نظام 98 فیصد درستگی پر چل رہا ہے۔ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور اس شعبے کو ریفنڈ بروقت ملے گا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ نمک پر بھی سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جبکہ ائیر لائنز کی عارضی درآمدی اشیا پر بھی سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے، ملک میں موجود ایئرلائنز سیلزٹیکس میں رجسٹرڈ ہو کر ریٹرنز فائل نہیں کرنا چاہتیں مگر اس کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بچوں کے فارمولہ دودھ پر 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کی تجویز سختی سے مسترد کردی ہے۔ قائمہ کمیٹی خزانہ کے جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں سپلیمنٹری فنانس ترمیمی بل 2021 کا شق وار جائزہ لیا گیا۔ سماء نیوز کے مطابق کمیٹی ارکان نے بچوں کے فارمولہ دودھ پر 17 فیصد جی ایس ٹی لگانے کی مخالفت کی۔ قائمہ کمیٹی خزانہ کے رکن فاروق نائیک نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک ہزار میں سے 137 بچے وفات پا جاتے ہیں۔ مائیں بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں اور فارمولہ دودھ ایک نعم البدل ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے کے باوجود بچوں دودھ پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک ماں دم توڑ جاتی ہے۔ ایف بی آر نے مؤقف اپنایا کہ بچوں کو دیا جانے والا فارمولہ دودھ ایک فیشن بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں 600 سے 14 ہزار روپے تک فارمولہ دودھ بک رہا ہے۔ جیولرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سونے کی کھپت 160 ٹن ہے اس میں سے 80 ٹن سونا اسمگل ہو کر آرہا ہے۔ سخت حکومتی شرائط کے باعث سونا درآمد نہیں کر سکتے جبکہ گولڈ، ڈائمنڈ اور جیولری کی میکنگ پر ٹیکس بالترتیب ڈیڑھ، دو اور تین فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں گولڈ جیولری پر جی ایس ٹی 3 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنےکی تجویز بھی مسترد کر دی گئی۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ایک ہزار مربع فٹ سے کم سائز کی دکانوں پر بھی پوائنٹ آف سیل سسٹم نصب کرنے کی تجویز ہے کیونکہ بعض چھوٹی دکانوں پر بڑا کاروبار ہو رہا ہے۔ کمیٹی نے ٹیکس نادہندگان افراد کے کاروباری احاطے کو سیل کرنے کی مخالفت کردی جبکہ ماچس پر ختم کی گئی ٹیکس چھوٹ بحال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ رکن کمیٹی کامل علی آغا اور مصدق ملک نے ایف بی آر میں کرپشن کی نشاندہی کی۔ مصدق ملک اور کامل آغا کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ نہ بڑھنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود ایف بی آر ہے۔ لوگوں پر جبر کرکےٹیکس لینا بھتہ وصولی کے مترادف ہے۔ طلحہ محمود نے کہا کہ ایک لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس کلیکٹر پانچ کروڑ کی گاڑی میں کیسے گھوم رہا ہے؟
نجی ٹی وی چینل رپورٹ کارڈ میں سینئر تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے ان 3 سالوں میں جتنے اسکینڈلز بنے اتنے کبھی کسی حکومت کے دور میں نہیں بنے، اس سے کہیں پر بھی کوئی بھی محکمہ محفوظ نہیں رہا۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں شاذونادر ہی کوئی محکمہ ایسا بچا ہو گا جس میں کوئی اسکینڈل نہ بنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پنجاب سے متعلق پوچھنا چاہتا ہے تو میں بتا دیتا ہوں یا پنجاب کے لوگوں سے پوچھ لیں۔ خیبرپختونخوا سے متعلق پوچھنا ہے تو سلیم صافی سے پوچھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور، لاہور اور اسلام آباد میں کرپشن کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ایک سال قبل اپنی ایک تقریر میں مریم نواز نے عمران خان کے اوصاف حمیدہ بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بندہ ایماندار ہے۔ مہمند ڈیم کا ٹھیکہ رزاق داؤد کو چلا گیا، شوگر اسکینڈل میں جہانگیر ترین کا نام آیا۔ تجزیہ کار نے ادویات سکینڈل میں سامنے آنے والے عامر کیانی سے متعلق کہا کہ وہ اور عمران خان دو جسم ایک جان ہیں اور ان کا پارٹی فنڈنگ اسکینڈل اور نان و نفقہ میں ہر طرح سے ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جس پیسے کو ڈرٹی منی کا نام دیتے تھے وہ سب کمانے والے ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کے اردگرد موجود اتنے لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لیے انہیں بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا ہے اور اس لیے وزیراعظم کی ساکھ بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے اور ابھی ہو رہی ہے۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ وہ عمران خان کی دور حکومت میں ہونے والی کرپشن کو 8 نمبر دیں گے۔ یاد رہے کہ اس میں ایک سب سے کم اور 10 سب سے زیادہ ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری مولا بخش چانڈیو نے پاکستان تحریک انصاف پر ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی سمیت کاروباری شخصیات سے بھتہ لینے کا الزام عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'ندیم ملک لائیو' میں بات کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما بخش چانڈیو نے پی ٹی آئی نے فنڈنگ کے نام پر بھتہ وصول کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عارف نقوی سے لاکھوں ڈالر کی بھتہ خوری کی ہے اور یہ اس کا جواب نہیں دے سکتے۔ سینٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ جب کسی اور پارٹی سے اسی حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو پی ٹی آئی کہتی کہ یہ بھتہ خوری ہے جبکہ یہی سوال اگر ان سے کیا جائے تو یہ کہتے ہیں کہ عارف نقوی کی مرضی وہ جس کو چاہیں عطیہ دیں، جو آپ لوگ کہتے ہیں وہ درست ہے، جتنے اسکینڈل ان کے ہیں کسی اور حکومت کے نہیں۔ پی پی پی رہنما کے الزام کے جواب میں وفاقی وزی علی زیدی کا کہنا تھا کہ عارف نقوی ایک بزنس مین ہیں ابراج گروپ پاکستان کی بڑی ایکویٹی فرمز میں سے ایک تھی، انہوں نے جب پی ٹی آئی کو عطیہ دیا تب ان پر کوئی کیس نہیں تھا ان پر جو بھی کیس ہے اس کے جواب دہ وہ خود ہیں۔ علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ عارف نقوی نے 2 اعشاریہ 1 ملین ڈالر رقم پی ٹی آئی کو عطیہ کی، جب انہوں نے یہ رقم عطیہ کی تو کیا انہیں ہم یہ بات کہتے کہ مستقبل میں آپ پر کوئی کیس نہیں ہونا چاہیئے، کیسی بات کرتے ہیں، ان کا پیسہ تھا انہوں نے کمایا وہ جس کو مرضی عطیہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی لاجک والی بات کریں عارف نقوی کی فائونڈیشن نے کراچی میں اپنی ایمبولنسز عطیہ کیں جو آج سندھ حکومت چلا رہی ہے تو پھر وہ بھی واپس کر دیں۔ پیپلز پارٹی نے کے الیکٹرک عارف نقوی کے ابراج گروپ کو بیچی یہ بھی پھر اس کا جواب دیں۔
وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت صرف 2 سالوں میں 30 ارب روپے تقسیم کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہنر مند نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کے منصوبے کامیاب جوان پروگرام کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے عالمی بحران کے دوران قرض کی تقسیم کا عمل متاثر ہوا تھا اور قرضوں کی تقسیم کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا تھا تاہم یہ کمی 2021 میں پوری کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت صرف 2 سالوں میں 30 ارب روپے کی تقسیم کا ہدف مکمل کیا گیا ، اس رقم میں سے27 ارب روپے صرف ایک سال میں نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے۔ رپورٹ میں کامیاب جوان پروگرام کا موازنہ ن لیگ کی سابقہ حکومت سے بھی کیا گیا اور بتایا گیا ن لیگی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت کےدوران نوجوانوں کو 26 ارب 80 کروڑ روپے کے قرضے دیئے، 50 ہزار نوجوانوں کو روزگار اور نوکریاں دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو یکساں طور پر قرضے فراہم کیے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایک بار پھر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کرے گا،او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس مارچ میں منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مارچ کے ماہ میں اسلام آباد ایک بار پھر اسلامی ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کرے گی، 23 مارچ کو منعقد ہونے والی افواج کی پریڈ مسلم امہ کے وزرائے خارجہ کی کثیر تعداد دیکھے گی۔ انہوں نے کہا ہےکہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کو پاکستان کے خوبصورت مقام نتھیا گلی لے جانے کا بھی پروگرام ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آو ئی سی کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ کی عمارت میں ہوا، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے اجلاس کے حوالے سے تعاون پر مشکور ہیں۔
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی ہے جس کے مطابق 58 اراکین اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے ایک روپے کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے145 اراکین کی ٹیکس تفصیلات جاری کیں جن کے مطابق امجد آفریدی صوبائی اسمبلی کے سب سے امیر رکن رہے جنہوں نے1 کروڑ 21 لاکھ 14 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مجموعی طور پر 66ہزار142 روپے ٹیکس بھرا، اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے 63ہزار 371 روپے کا ٹیکس جمع کروایا۔ صوبائی اسمبلی کے58 اراکین ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس سال میں ایک روپے کا ٹیکس ادا نہیں کیا جبکہ 59 اراکین نے صرف ہزاروں روپےمیں ٹیکس ادا کیا۔ سب سے کم ٹیکس ادا کرنے والے اراکین میں ثمر بلور، عبدالسلام، روی کمار اور احمدخان سب سے آگے ہیں، ثمر بلور نے2ہزار926 روپے، عبدالسلام نے3ہزار338 روپے، وقار احمد نے 2 ہزار روپے جبکہ روی کمار نےصرف 1 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم بیان دیدیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، ابھی نومبر بہت دور ہے۔ سول ملٹری تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے فوج کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں۔ عمران خان نے آئندہ تین مہینوں کو اپنی حکومت کیلئے اہم قرار دیتےہوئے کہا کہ ہمیں اس عرصے میں مہنگائی کو قابو کرنا ہوگا، حکومت اتحادیوں کے تعاون سے پانچ سال مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلیں، ہم پانچ سال پورے کریں گے، بلدیاتی انتخابات میں شکست سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے ، یہ شکست جماعت کی تنظیمی سطح پر ناکامی ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ الحمداللہ ہمارا ووٹ بینک برقرار ہے۔ اپنی حکومت کی ناکامیوں سے متعلق عمران خان نےاعتراف کیا کہ سب سے بڑی ناکامی احتساب کے عمل کا ناکام ہونا ہے، لوگ ٹھوس ثبوتوں اور شواہد کے باوجود بچ نکلتے ہیں مثال کے طور پر شہباز شریف کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں ، کیا کوئی مان سکتا ہے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی ہوگی۔ انٹرویو کے دوران عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سے متعلق سوال ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پرمجھے اطمینان ہے، بات یہ ہے کہ ہمارے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہوتی۔
کراچی کے علاقے طارق روڈ میں غیر قانونی زمین پر تعمیر کی گئی مسجد کو شہید کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عوام تقسیم ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے طارق روڈ کے پبلک پارک کی جگہ پر تعمیر مدینہ مسجد کو فوری طور پر گرانے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں اس معاملے پر شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔ سیاست ڈاٹ پی کے کی جانب سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اس حوالے سے ایک پول کروایا گیا جس میں ٹویٹر صارفین سے پوچھا گیا کہ اگر غیر قانونی جگہ پر مسجد بنی ہو تو کیا اسے گرانا چاہیے یا نہیں؟ اس پول میں اب تک تقریباً 30 ہزار کے لوگوں نے اپنی رائے دیدی ہے جس میں ایک واضح تقسیم نظر آتی ہے، ساڑھے 50 فیصد لوگ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں غیر قانونی زمین پر مسجد کی تعمیر کو گرانے کے حق میں رائے دے رہے ہیں جبکہ ساڑھے 49 فیصد صارفین نے اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ ساسات یونس نے کہا کہ جو رب مسجد کی تعمیر کے لیے ذکوۃ قبول نہیں کرتا وہ ایک قبضہ والی جگہ پر بنائی مسجد کی عبادت کیسے قبول کرے گ، یہ طریقہ واردات ہے، جگہ پر قبضہ کرو، بلڈنگ بناؤ اور ایک کونے میں مسجد بنا دو، تاکہ جب محکمہ کاروائی کرے تو مسجد کی بے حرمتی کا چورن عوام میں بیچ کے مشتعل کرو بلڈنگ بچاؤ۔ مبشر نے کہاایک غیر قانونی طور پر بنائی گئی مسجد کو نا گرانے کی دلیل بلکل اسی طرح ہے جیسے ایک چور لوگوں کے صدقے اور زکوۃ کا پیسہ لوٹ کر حج کرنے چلا جائے۔ سنی نامی ایک صارف نے لکھا کہ نسلہ نسلہ سنتے کان پک گئے ہیں اسے ابھی تک مکمل طور پر مسمار نہیں کیا گیا مگر مدینہ مسجد کو گرانے کیلئے عجلت کیوں؟ حالانکہ یہ مسجد باقاعدہ این او سی لیکر تعمیر کی گئی، ریاست مدینہ میں مسجد گرانا مسلمانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ مسجد کو نہ گرانے کے حق میں رائے دینے والوں کے گھروں میں 2 تین مولویوں کو بٹھا کر مسجد کا اعلان کردیا جائے۔ اس صارف نے صحیح بخاری کی ایک حدیث کا حوالہ بھی دیا ہے جس کا مفہوم ہے کہ "جس نے کسی کی زمین میں سے ناحق کچھ لیا تو قیامت کے دن اسے سات زمینوں تک دھنسا دیا جائے گا"۔ ایشال نامی صارف نے کہا کہ ساری دنیا کا مالک اللہ ہے یہ قانون اور غیر قانون ہمارے بنائے ہوئے ہیں اگر مسجد غیر قانونی جگہ پر بھی بنی ہے تو اب مسجد بن چکی ہے اب اسکا تاوان ادا کیا جاسکتا ہے جگہ خریدی یا وقف کی جاسکتی ہے لیکن مسجد کسی صورت گرائی نہیں جاسکتی۔ اسلامی ریاست میں مساجد بنائی جاتی ہیں گرائی نہیں ایک اور صارف نے کہا کہ مسجد نبوی کی توسیع میں آنے والی زمین 2 یتیم بھائیوں کی تھی ان سے خرید کر انکی مرضی سے تعمیر کی گئی "تب یہ نہیں سکھایا گیا کہ اللہ کی زمین ہے" دوسری بات قبر بھی سرکاری قبرستان کے علاوہ بغیر مالک زمین کی مرضی کے نہیں بنانی چاہئے۔
پاکستانی نژاد لارڈ نذیر احمد پر بچوں سے جنسی زیادتی کا الزام درست ثابت ہو گیا۔ برطانوی علاقے شیفلڈ کی عدالت نے لارڈ نذیر کو مجرم قرار دے دیا۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے دی سٹار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ریاست شیفلڈ کی مقامی عدالت نے نذیر احمد کو بچوں کے جنسی استحصال کا مجرم قرار دیدیا ہے، تاہم عدالت نے نذیر احمد کو اس کیس میں دی جانے والی سزا سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں سنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 64 سالہ نذیر احمد پر ایک برطانوی خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ 1970 میں نذیر احمد نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی، تب نذیر احمد کی اپنی عمر 16 سے 17 برس تھی جبکہ متاثرہ خاتون کے مطابق وہ اس وقت نذیر احمد سے بھی عمر میں چھوٹی تھیں۔ اس کے علاوہ نذیر احمد پر 1970 میں ہی 11 سال سے کم عمر بچے کا جنسی استحصال کرنے کا بھی الزام لگایا گیا تھا، اس حوالے سے جسٹس لیوینڈر کی عدالت نے نذیر احمد پرلگائے گئے الزامات کو درست مانتے ہوئے انہیں مجرم قرار دیا ساتھ ہی انہوں نے برطانوی وقت کے مطابق آج 3 بجے یہ فیصلہ سنانے کا اعلان بھی کیا کہ نذیر احمد کو اس کیس میں کب سزا سنائی جائے گی۔ انگلینڈ میں مقیم صحافی اظہر جاوید کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن لارڈ نذیر احمد کو انگلش عدالت کی جیوری نے آٹھ مختلف الزامات میں قصور وار قرار دے دیا۔ ان کے خلاف چالیس سال قبل اپنے رشتہ دار بچوں سے جنسی فعل کے الزامات تھے۔ لارڈ نزیر نے عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ لارڈ نذیر کو سزا بعد میں سنائی جائیگی۔ دوسری جانب نذیر احمد نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ شواہد کے خلاف ہے ، جس سے مایوسی ہوئی ہے،عدالتی فیصلے پر اپیل کیلئے اپنے وکلاء کو ہدایات جاری کردی ہیں۔، واضح رہے کہ نذیر احمد کو 1998 میں اس وقت کے برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے برطانوی دارالامراء کا رکن اور لارڈ مقرر کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد سے 2020 تک وہ روتھرہام کے لارڈ تھے تاہم جنسی زیادتی کے الزامات لگنے کے بعد ہاؤس سے نکالے جانے سے قبل ہی نذیر احمد نے خود ہی ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے مریم نواز کی آڈیو لیک میں ذکر ہونے والی ٹوکریوں سے متعلق اہم اعتراف کرلیا ہے۔ خبررساں ادارے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رانا ثنا اللہ نے لاہور کے میو اسپتال میں کچھ روز قبل حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ن لیگی ایم پی اے بلال یٰسین کی عیادت کی جس کے بعد انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی آڈیو لیک میں ٹوکریوں کا لفظ استعمال کیا گیا جو کہ لفافوں کے زمرے میں آتا ہے، ٹوکریوں کا مطلب لفافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے بارے میں تجزیہ کیا جاتا ہے تو ہمیں بھی حق ہے اس کی گفتگو پر تبصرہ کریں، یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے مریم نواز کی آڈیو لیگ گزشتہ روز ہی کیوں لیک ہوئی، یہ درحقیقت تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے مریم نواز کی آڈیو کا پنڈورا کھولا گیا ، سب جانتے ہیں کہ آڈیوز کہاں ریکارڈ ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف اور سینئر رہنما پرویز رشید کے درمیان ہونے والی ایک ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ منظر عام پرآئی تھی جس میں چند صحافیوں کونامناسب الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور چند صحافیوں ٹوکریوں کے تحائف کا ذکر ہوا تھا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ ہر روز شام کو ٹی وی پروگرامز میں کہا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ کردیا وہ کردیا، سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کو ان معاملات سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہر چیز میں معیشت کا عمل دخل ہے، تاہم معاشی چیلنجز نئے نہیں ہیں۔ پڑوسی ملک بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگارکھا ہے، بھارت اندرونی طور پر انتہا پسندی کی طرف گامزن ہے جبکہ بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے دھمکیاں اور جھوٹا پراپیگنڈہ کیا گیا ہے، کشمیر میں بھارتی فوج کا بدترین محاصرہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہشتگردی کے نام پر بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہے ، وادی نیلم کے سامنے بھارتی فوج نے ایک جعلی ان کاؤنٹر کیا اور الزام پاکستان پر عائد کردیا، بھارت اس سے قبل بھی کئی بے گناہ لوگوں کو شہید کرچکا ہے، بھارتی پراپیگنڈہ کا مقصد بین الاقوام برادری کی توجہ حاصل کرنا ہے۔
لیگی رہنماؤں کی جانب سے سینیئر تجزیہ کار اشاد بھٹی پر تنقید اور ان کیلئے نازیبا الفاظ کے استعمال پر جیونیو زکے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کی گئی،ارشاد بھٹی سے اس حوالے سے سوالات کئے گئے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ بالکل دل نہیں کررہا کہ کچھ کہا جائے، لیگی رہنما لاعلاج مریض ہیں ان کے بارے میں کیا کہا جاسکتا ہے، پرویز رشید اور مریم نواز نے مجھے گھٹیا اور بھونکنے والا کتا کہا ان کی محبتوں کا شکریہ، پرویز رشید کہتے ہیں ارشاد بھٹی گھٹیا باتیں کرتا ہے تو وہ خود اس کلپ میں کیا ہمیں دعائیں دے رہے تھے، کیا گٹھیا باتیں نہیں کررہے تھے؟ ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ ہمارا لب و لہجہ بھی اب ن لیگ والوں کو درست نہیں لگ رہا ہوگا،اگر آپ کو بابر ستار اور مظہرعباس بھی پسند نہیں ہیں تواس کا مطلب ہے ان سے بھی آپ مطمئن نہیں ہیں، پھر تو کمال ہے بہت ہی کمال ہے۔ ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ اگر آپ حفیظ اللہ نیازی سے بھی مطمئن نہیں ہیں تو پھر آپ کا مرض لاعلاج ہے، ہم نے رپورٹ کارڈ میں کبھی گالیاں نہیں دیں، اگر گالیاں دے بھی دیں تو وہ آن ایئر نہیں ہوسکتی، مریم نواز صاحبہ یہ ہے آپ کی جمہوریت کہ کوئی ہمارے حق میں نہیں،ہمارے نکتہ نظر کو کوئی نہیں دیکھتا،کوئی بندہ ہمارا ترجمان نہیں ہے۔ سینیئرتجزیہ کار نے مزید کہا کہ ہمارے اوپر بھونکنے والے کتے لگائے ہوئے ہیں یہ ہے مریم نواز کا آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر یقین، آپ تو ایک عرصے سے آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے چیمپئن بنی پھرتی ہیں،اسلئے مجھے اب محسوس ہوتا ہے کہ میرے چینل پر کتنا دباؤ تھا،اس کے باجود کبھی کسی نے کہا کہ مجھے یہ بولنا ہے یہ نہیں،میں اپنے چینل کا شکریہ ادا کرتا ہوں،بلاول صاحب، حکومت سمیت آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں،مجھے فخر ہے اپنے آپ پر۔
نکاح کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، اب نکاح رجسٹر ختم کر دیئے جائیں گے اور نکاح رجسٹریشن کیلئے رجسٹر کی جگہ ٹیب متعارف کرایا جارہا ہے۔ روزنامہ دنیا کے مطابق نکاح خواں کو لوکل گورنمنٹ ایک ماہ ٹیبلٹ (ٹیب) پر نکاح پڑھانے کا کورس کرائے گی، ہر نکاح خواں کا الگ اکاؤنٹ ہو گا۔ اس میں نکاح کی فیس نکاح خواں جمع کروائے گا۔ گواہان کے شناختی کارڈ پہلے سکین ہوں گے پھر بائیو میٹرک کے بعد اگر شناختی کارڈ کی سکینگ اور انگوٹھے کے نشان میچ ہوئے تو گواہ قابل قبول ہوگا۔ دلہا کی تصویر بھی نکاح خواں کو بنانا ہوگی اگر دلہا مفرور ہوا یا کسی مقدمے میں اشتہاری یا ٹیکس چور ہوا تو دلہا کو موقع پر گرفتار کر لیا جائیگا کیونکہ یہ ٹیب کا تصویری رابطہ نادرا سے ہو گا۔ اگر ایک نکاح کی فیس جمع نہ کروائی گئی تو دوسرا نکاح درج نہیں ہو سکے گا، نکاح خواں کی سم کے ذریعے پیسے لوکل گورنمنٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گے۔
مریم نواز اور پرویز رشید کی مبینہ ویڈیو لیک پر ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ رازداری کے آئینی حق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹیلی فون کالز اور نجی گفتگو کو خفیہ طور پر ٹیپ کرنا اور پھر اس میں شامل افراد کی رضامندی کے بغیر انہیں لیک کرنا اصل جرم ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور پرائیویسی میں دخل اندازی کے مرتکب پائے جانے والے مجرموں کو قانون کے مطابق مثالی سزا دی جانی چاہیے۔ دفاعی و سیاسی تجزیہ کار حسن عسکری نے اس موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹل دور میں ایسے آڈیو اور ویڈیو کلپس کو ریکارڈ کرنے اور لیک کرنے کے لیے کسی فرد یا ادارے پر الزام لگانے والی انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔ اگر یہ 80 اور 90 کی دہائی ہوتی تو یہ سمجھنا آسان ہوتا کہ ایسی گفتگو کون ریکارڈ کر رہا ہے۔ حسن عسکری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں جہاں ریکارڈنگ کے آلات آسانی سے دستیاب ہیں، کسی مخصوص شخص یا ایجنسی کو پورے اعتماد کے ساتھ مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ یہ آڈیو لیک مسلم لیگ ن کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا کیونکہ اس کے مخالفین اسے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لیک ہونے والے ایک آڈیو کلپ کو مریم نواز نے سرِعام اپنایا تھا جس میں وہ بعض میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات جاری نہ کرنے کی ہدایات دے رہی تھیں، حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا اعتراف اعلیٰ سطح پر پارٹی کی میڈیا مینجمنٹ کا واضح ثبوت ہے، ساتھ ہی انہیں عدالت لے کر جانے کا عندیہ دیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سرحدی باڑ پر افغان طالبان کامؤقف تبدیل کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کیلئےجوہم کر سکتےتھے کررہےہیں،افغانستان میں ہم امن اور بہتری چاہتےہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان سے سرحدی باڑ پران کا موقف تبدیل کرانے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سارک فورم کو آگے لےکرچلناچاہتاہے،بھارت نے اس فورم پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہاہے جب کہ پاکستان سارک کی میزبانی کیلئے مکمل تیارہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خون کی ہولی کھیلنےپرہمارےبھارت کےساتھ کوئی تعلق تو نہیں ہے،مودی کو اگر پاکستان میں آنے سے مسئلہ ہے تو نہ آئیں ویڈیو لنک سے اجلاس میں شرکت کرلیں، بھارت پاکستان کو نیچادکھانے کیلئے ہٹ دھرمی پر اتراہواہے۔
وزیر اعظم کے 3 سالوں میں غیر ملکی دوروں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئیں، وزیراعظم نے 47 غیر ملکی دورے کئے، جن پر 20 کروڑ سے زائد کے اخراجات ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں اور اخراجات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے سال 2018 میں متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا کے دورے کئے جن پر چار کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار روپے سے زائد اخراجات آئے۔ سینٹ اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ سال 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے 16 غیر ملکی دورے کیے جن پر 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ اسی طرح 2020 میں انہوں نے چار غیر ملکی دوروں پر ایک کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار روپے خرچ کیے، سال 2021 میں وزیر اعظم کے پانچ غیر ملکی دوروں پر دو کروڑ 76 لاکھ دو ہزار روپے خرچ ہوئے۔ وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 47 غیر ملکی دورے کئے جن پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کے کل اخراجات آئے۔ واضح رہے کہ غیر ملکی دوروں کے حوالے سے سینیٹر مشتاق احمد نے ایوانِ بالا میں سوال اٹھایا تھا جبکہ تفصیلات ایوان کو فراہم نہ کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے واک آؤٹ کیا گیا تھا۔
وزارت خزانہ نے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نادرا سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ اعلان وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے ہماری ٹیکس آمدنی کی شرح بہت کم ہے، ملک میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد ٹیکس دینے کے اہل ہیں مگر صرف 20 لاکھ افراد ٹیکس دہندگان ہیں، ٹیکس نہ دینے والے 1کروڑ 60 لاکھ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے نادرا سے ڈیٹا حاصل کررہے ہیں جس پر مزید کام بھی ہورہا ہے، ٹیکس آمدنی سے ملک میں جاری اخراجات پورے کیے جاتے ہیں، مگر 15 ملین سے زائد لوگ اس ملک میں آمدن سے کم ٹیکس دیتے ہیں ، جب تک ٹیکس ریونیو نہیں ہوگا ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کرسکے گا۔ شوکت ترین نے کہا کہ عوام ٹیکس دیں اسی لیے ٹیکس ڈائریکٹری بھی جاری کرتے ہیں، کم ٹیکس دینے والوں کو نوٹسز جاری کررہے ہیں ، ہمارا رویہ یہ ہونا چاہیے کہ سب نے لازمی ٹیکس دینا ہے، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے اراکین پارلیمنٹ سے شروعات کی ہیں، ٹیکس ڈائریکٹر میں شفافیت لانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ وفاقی حکومت اور صوبے الگ الگ ٹیکس اکھٹا کرتے ہیں تاہم ان دونوں حکومتوں کے ٹیکس اداروں میں ہم آہنگی ہونی چاہیے تاکہ یہ ادارے ٹیکس کیلئے ہراساں کرنے والے ادارے بننے سے بچ سکیں۔
ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی، چینی کی قیمت میں تیزی سے بڑھنے کے رحجان میں کمی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں نے 88 روپے کلو ایکس ملز ریٹ پر چینی مارکیٹ میں بھیجی جو ملک کی باقی شوگر ملوں سے ایک دو روپے کلو سے زیادہ نہیں تھی،سب سے کم ریٹ لوئر سندھ کی شوگر ملوں کے سامنے آئے جو 86روپے کلو تک رکھے گئے۔ صرف سنٹرل پنجاب کی شوگر ملوں کی چینی کے ایکس ملز ریٹ 87روپے پچاس پیسے کے پی کے مقابلے میں نصف روپیہ فی کلو کم کئے گئے، جنوبی پنجاب کے شوگر ملز مالکان نے86روپے پچاس پیسے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ پر چینی ڈیلروں کو بھیجنے کیلئے دی اور اپر سندھ کی شوگر ملوں نے چینی کے کلوزنگ ایکس ملز ریٹ 86روپے پچاس پیسے فی کلو پر کی۔ دوسری جانب ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان تیزی سے جاری ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں،سبزی پھل دالیں ہر شے غریب کی پہنچ سے دور ہیں، جبکہ گیس بحران کے باعث عوام مہنگے متبادل ایندھن ذرائع کے استعمال پر مجبور ہیں،سال نو کے آغاز پر ہی حکومت نے عوام کو مہنگے پیٹرول کا تحفہ دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات مزید بڑھادیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے شہباز شریف پیشی سے متعلق دعوے پر شہزاد اکبر نے کرارا جواب دیدیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم ثبوتوں کے ٹرک اور صندوقوں سمیت گمشدہ ہونے والے عمران خان اور شہزاد اکبر کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات کے ثبوتوں کے صندوق لے کر آج بھی عدالت نہ پہنچ سکے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ مریم اورنگزیب اگر عدالتی کارروائی کے بارے میں جھوٹ بولنے سے فارغ ہوگئی ہوں تو ذرا 2 لفظ مریم نواز کی نئی آڈیو لیک سے متعلق بھی ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس آڈیو لیک میں مریم نواز اور ن لیگ کے گورو صحافت پر مریم اورنگزیب کے ردعمل کو صحافی بھی ڈھونڈ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آج اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سینئر رہنما پرویز رشید کی ایک نئی آڈیو لیک منظر عام پر آئی ہے جس میں ن لیگ پر تنقید کرنے والے صحافیوں پر الزامات اور نازیبا زبان استعمال کی جارہی تھی۔ آڈیو لیک میں جیو نیوز کے پروگرام "رپورٹ کارڈ" میں صحافیوں کی گفتگو اور پینل میں شامل صحافیوں سے متعلق بات کی جارہی تھی کہ زیادہ تر صحافی اس پروگرام میں ن لیگ پر تنقید کرتے ہیں جبکہ ن لیگ کا موقف بیان کرنے والا کوئی صحافی اس پروگرام میں نہیں ہے۔

Back
Top