خیبرپختونخوااسمبلی:کتنے اراکین نے ایک روپیہ بھی بطور ٹیکس نہیں دیا؟

7kpkassembly.jpg

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی ہے جس کے مطابق 58 اراکین اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے ایک روپے کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے145 اراکین کی ٹیکس تفصیلات جاری کیں جن کے مطابق امجد آفریدی صوبائی اسمبلی کے سب سے امیر رکن رہے جنہوں نے1 کروڑ 21 لاکھ 14 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا۔

اسی طرح وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مجموعی طور پر 66ہزار142 روپے ٹیکس بھرا، اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے 63ہزار 371 روپے کا ٹیکس جمع کروایا۔

صوبائی اسمبلی کے58 اراکین ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس سال میں ایک روپے کا ٹیکس ادا نہیں کیا جبکہ 59 اراکین نے صرف ہزاروں روپےمیں ٹیکس ادا کیا۔

سب سے کم ٹیکس ادا کرنے والے اراکین میں ثمر بلور، عبدالسلام، روی کمار اور احمدخان سب سے آگے ہیں، ثمر بلور نے2ہزار926 روپے، عبدالسلام نے3ہزار338 روپے، وقار احمد نے 2 ہزار روپے جبکہ روی کمار نےصرف 1 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔