ٹیکس وصولی کے نام پر ایف بی آر نے اوورسیز پاکستانی کا اکائونٹ خالی کر دیا۔۔اوورسیز پاکستانی رانا محمد ریاض نے اکائونٹ خالی کرنے کی شکایت پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان (ایف بی آر) نے ٹیکس وصولی کی مد میں رانا محمد ریاض نامی بیرون ملک مقیم پاکستانی شخص کے بینک اکائونٹ سے غلط معلومات پر 27 لاکھ روپے سے زائد کی رقم نکلوا لی۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے نمائندے وسینئر صحافی محمد مظہر اقبال نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اوورسیز پاکستانی رانا محمد ریاض نے اکائونٹ خالی کرنے کی شکایت پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج کرا دی ہے۔
امریکہ میں 3 دہائیوں سے موجود رانا ریاض کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے ٹیکس کی مد میں بغیر کوئی نوٹس دیئے غلط معلومات کی بنیاد پر میرے اکائونٹ سے 27 لاکھ سے زائد رقم نکلوا لی ہے جبکہ ٹیکس کے حوالے سے دیئے گئے نوٹس پر میرا پتہ بھی درست نہیں تھا اور میں 30 سالوں سے امریکہ میں مقیم ہوں ، پاکستان میں میرا کسی قسم کا کاروبار بھی نہیں ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری طرف بین الاقوامی سطح پر مہنگائی اور پاکستان میں ترسیلات زر میں کمی کے باعث اوورسیز پاکستانی بھی متاثر ہو رہے ہیں جس کے باعث بیرون ممالک مقیم پاکستانی کی طرف سے پاکستان بھجوائی جانے والی رقوم میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی جانے والی رقوم میں سب سے زیادہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجے۔