حافظ نعیم الزامات نہ لگائیں،شکایت پر ازالہ کیا جائیگا:الیکشن کمشنر سندھ

hafiz-naeem-sindh-eco-bn.jpg


سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان الیکشن کمیشن پر الزامات نہ لگائیں، اگر کسی کی کوئی شکایت ہے تو اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر میں الیکشن کمیشن کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر دی، کراچی کی تاریخ میں پرامن پولنگ ہوئی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں الیکشن کا انعقاد اچھا رہا، الیکشن کمیشن نے بہتر اقدامات کیے جب کہ ہمارے متعلقہ افسران نے بہترین انداز میں مانیٹرنگ کی۔ حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے فارم 11 اور 12 سے متعلق شکایات کی گئی جس کے بعد فوری ہم نے احکامات دیے۔

سندھ کے الیکشن کمشنر نے کہا کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہمیشہ شکایات ہی آتی رہتی ہیں کہ ان کے ایجنٹ کو فارم نہیں دیا گیا، اورنگی ٹاؤن سے کچھ شکایات آئی تھیں کہ ان کے نتائج میں فرق تھا لیکن یہ شکایت الیکشن کمیشن کو واضح نہیں ملی تاہم اتنا بڑا انتخابی عمل منعقد ہوا جو کہ مکمل پُرامن رہا۔

اعجاز چوہان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے خاص طور پر حافظ نعیم الرحمان الزامات نہ لگائیں، اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو اس پر ہم مکمل تحقیقات کریں گے اور شکایات کا ازالہ کیا جائیگا، سیاسی جماعتوں اور امید واروں کو شکایت ہو تو وہ الیکشن کمیشن آفس آکر درخواست دیں، کوئی بھی افسر دھاندلی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ سیاسی جماعتوں نے دھاندلی قرار دیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔