سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی کی منظوری دیدی ہے، اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ضروری اقدامات کیلئے ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کی فضا بنتے ہی عمران خان نے پارٹی ٹکٹوں کے اجراء سے متعلق بھی اجلاس میں گفتگو کی اور ٹکٹوں کےاجراء کا عمل شروع کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔
اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے ڈویژنل سطح پر پارٹی تنظیموں سے مضبوط امیدواروں کے نام مانگ لیے گئے ہیں، پارٹی تنظیموں کےسفارش کردہ نام پارلیمانی بورڈ میں پیش کرکے جلد حتمی امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹی وی پروڈیوسرز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور وفاق میں کمزور مینڈیٹ ملا تو مزاحمت کریں گے۔موجودہ حکومت سے معیشت قابو میں نہیں آنی اس وقت ملک 90 فیصد ڈیفالٹ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان نے 200 ارب روپےکی زمین فروخت کی، 200ارب روپےکی فروخت کاکسی نےنوٹس نہیں لیا ہمارے دور میں بہترین خارجہ پالیسی تھی کبھی کسی کا امریکا میں ایسا استقبال نہیں ہوا جیسا میرا ہوا۔