برادر ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے کیلئے جاری معاملات میں اس پیش رفت کے حوالے سےتفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف کو پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے کی تصدیق کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی راہ میں حائل تمام شراط پوری کی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پاجائے گاجس کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ اس معاہدے کو منظور کرے گا۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے مالی پروگرام کی بحالی کیلئے دیگر شرائط کے ساتھ یہ بھی شرط عائد کی تھی کہ پاکستان کے دوست ممالک پاکستان کو بیرونی فنڈنگ فراہمی کی تصدیق کریں۔