نگراں حکومت کے زائد قیام کی قانونی حیثیت، صدر مملکت نے تشویش کا اظہار کردیا

nigran-govt-punjab-and-kpk-arif-alvi.jpg


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں حکومتوں کے 90 روز سے زائد قیام کے معاملے پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم نگراں حکومتوں کے 90 روز کے بعد قیام کے حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ایک خط ارسال کیا تھا، صدر مملکت نے یہ خط اپنے اضافی نوٹ کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کو بھیج دیا ہے۔

اضافی نوٹ میں صدر مملکت نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی اورجمہوریت کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خط میں اٹھائے گئے مسائل پر غور کیا جائے ۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئین میں عبوری سیٹ اپ کی مقررہ مدت کو توسیع دینے سے متعلق کوئی ذکر موجود نہیں ہے، نگراں سیٹ اپ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن کمیشن کو آزادانہ ، منصفانہ اور دیانتدارانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کیلئے قائم کی جاتی ہیں۔

فوا د چوہدری نے اپنے خط میں مزید کہا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم نگراں حکومتوں نے آئین میں درج اپنی مقررہ مدت پوری کرلی ہیں ، دونوں صوبوں میں موجود عبوری سیٹ اپ کی قانونی حیثیت کے حوالے سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔