کوالالمپور: پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق، سیمی فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ مقررہ وقت تک 3-3 گول سے برابر رہا۔ فرانس نے میچ کے اختتام سے صرف تین منٹ قبل گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ تاہم، پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان نے اعتماد اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کے مقابلے میں 3 گول کر کے فتح سمیٹی اور فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو 18 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک سخت مقابلے میں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد سیمی فائنل میں رسائی کا انحصار ملائیشیا اور جاپان کے درمیان ہونے والے میچ پر تھا۔
پاکستان کے لیے خوش قسمتی سے ملائیشیا نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے دی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور اب فائنل تک پہنچ چکا ہے۔