آئندہ مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں پنشن کی مد میں مجموعی طور پر 1,055 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 742 ارب روپے ملٹری پنشن جبکہ 243 ارب روپے سویلین پنشن کے لیے رکھے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق ملٹری پنشن کے بجٹ میں تقریباً 66 ارب روپے اور سویلین پنشن کے بجٹ میں 9 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال 25-2024 میں ملٹری پنشن کے لیے 662 ارب روپے مختص تھے، تاہم نظرثانی تخمینے کے مطابق یہ رقم 676 ارب روپے تک جا پہنچی۔ نئے مالی سال میں یہ رقم بڑھا کر 742 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح سویلین پنشن کے لیے رواں مالی سال 220 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ نظرثانی تخمینہ 234 ارب روپے رہا۔ آئندہ مالی سال کے لیے اس میں اضافہ کر کے 243 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ملٹری اور سویلین پنشن کے مجموعی بجٹ میں 65 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ فیڈرل پنشن فنڈ کی مد میں کمی کی گئی ہے۔ نئے مالی سال میں فیڈرل پنشن فنڈ کے لیے 4 ارب 30 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جو کہ رواں مالی سال کے 10 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال پنشن کی مد میں مجموعی طور پر 1,014 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا تھا، جو کہ آئندہ مالی سال میں 41 ارب روپے اضافے کے بعد 1,055 ارب روپے ہو جائے گا۔