پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ پر برس پڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کی سیاست اسٹیبلشمنٹ کی مرہون منت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کےوائس پریزیڈنٹ اور سینیٹر اعجاز چوہدری اپنی ہی اتحادی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیراعلی پنجاب پر برس پڑے ہیں، اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری برادران اسٹیبلشمنٹ سے پوچھے بغیر کوئی سیاسی قدم نہیں اٹھاتے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چوہدری پرویزالہیٰ نے خود ہی کھل کر یہ بات سب کو بتائی ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب کس نے راغب کیا، میرا ماننا ہے کہ وہ آئندہ بھی وہی فیصلہ کریں گے جو اسٹیبلشمنٹ کہے گی،پرویزالہیٰ کا یہ بیان ایک طرح کا نئی انتظامیہ کو پیغام بھی ہوسکتا ہے کہ ہماری طرف دیکھیں، ہم وہ لوگ ہیں جو آپ کا آشیرباد چاہتے ہیں۔
چوہدری پرویز الہیٰ کی جانب سے ڈبل گیم سے متعلق عمران خان کے بیان کی تردید سے متعلق اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ کہ پوری دنیا اورپاکستان کی غالب اکثریت نے عمران خان کے بیانیے کو قبول کیا، یہ جواب ہی چوہدری پرویز الہیٰ کے بیان کیلئے کافی ہے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ اس وقت جو بیانیہ لے کر چل رہے ہیں وہ ہماری جماعت کے بیانیہ سے متصادم ہے، اس سے پی ڈی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے پی ٹی آئی کوفائدہ نہیں پہنچ سکتا، میرا وزیراعلی پنجاب کو مشورہ ہے کہ وہ ایسی باتیں نا کریں کیونکہ ان کی گفتگو پی ٹی آئی کے ووٹرسپورٹرزکوبھلی نہیں لگ رہی۔