
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان شاہزیب خانزادہ کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دو خاندانوں کی دولت واپس لاکر مہنگائی کم کرنے کا بیان قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آج تک ایک روپیہ واپس نہ لاسکی اور نہ ہی کوئی منی لانڈرنگ ثابت کرسکی۔ شہزاد اکبر نے بڑے بڑے دعوے کیے اور ثبوت ڈھونڈنے کے لیے دنیا بھر میں پھرتے رہے مگر ایک کیس ثابت نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ 120 ارب روپے ریلیف پیکیج سے بھی تو خسارہ ہی بڑھےگا، ریلیف پیکیج سے بڑے بڑے مافیا فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے خطے کے دیگر ممالک میں تیل کی قیمتوں کا پاکستان کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور جرمنی میں قیمت پاکستان سے بھی زیادہ ہے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ وہاں ڈالر کی قیمت کیا ہے اور پاکستان میں اس کی قیمت کہاں پہنچ گئی ہے۔ اس نااہل حکومت کی کارکردگی یہ ہے کہ ڈالر 200 پر پہنچنے ہی والا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nawaz.jpg