
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت ن لیگ پر سارا ملبہ گرایا جارہا ہے۔
خبررساں ادارے اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈمیں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور فضل الرحمان کاکہیں نام نہیں ہے،ایک سازش کے تحت ن لیگ پر ملبہ گرایا جارہا ہے،
بلاول بھٹو نے دنیا بھر کے دورے کرلیے، کوئی اس سے پوچھےکہ وہ کبھی وزارت خزانہ بھی گئے، عمران خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ دورہ روس کا فیصلہ مشاورت سے ہوا مگر پھر بھی الزام عائد کیا جاتا ہے کہ یہ فیصلہ انہوں نے اکیلے کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں ہمارا میڈیا اتنا مضبوط نہیں تھا جتنا آج ہے، میڈیا کو کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں، جلسے جلوسوں میں لوگوں کی آراء سامنے آتی ہے تاہم آج اسرائیل کو تسلیم کرنے اور بھارت سے دوستی کی باتیں ہورہی ہیں، حکومت سے متعلق فیصلے مشاورت سے بھی کیے گئے تو عوام نے تسلیم نہیں کیے۔
شیخ رشید نے اگلے 45 دنوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگست میں بڑے فیصلے ہونے ہیں،17 جولائی کا دن بھی بہت اہم ہے، ملک کی نظریں اس وقت 17 جولائی پر لگی ہوئی ہیں،
اس دن ہونے والے فیصلے سے مستقبل کی سمت کا تعین ہوگا، ضمنی انتخابات میں انشااللہ پی ٹی آئی کامیاب ہوگی، مسائل کا حل صرف عام انتخابات میں ہے اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
Last edited by a moderator: