
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ن لیگ انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے اپنا بھرم قائم رکھنا چاہتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں کوئی مفت میں ن لیگ کا ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی، اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین اور راسخ الہیٰ بھی موجود تھے، چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی جیت اور حکومت کا قیام اب نوشتہ دیوار ہے، ن لیگ کی طرف سے بائیکاٹ کی باتیں اعتراف شکست ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے مذاکرات کیلئے دی گئی مہلت اب ختم ہونے والی ہے، تاہم حکومت مذاکرات کو بطور تاخیری حربہ استعمال کرنے کی خواہاں ہے، یہ لوگ مذاکرات کےبجائے سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم شہباز شریف اس بارسپریم کورٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت اگر ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات پر سنجیدہ ہوتی تو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کرتی، قومی اسمبلی کی تحلیل کے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1parvezelahsisisisi.jpg