
عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنے کے کے بعد دہشت گردوں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے: رہنما پی ٹی آئی
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام "خبر مہربخاری کے ساتھ" میں الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان ضرور موجود ہو گا، اس کیلئے ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انتخابات کے وقت جیل میں ہوئے تو وہ جیل سے عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کوئی ایسا کام نہیں کیا کہ ان پر اتنی سختیاں کی جا رہی ہیں۔ عمران خان سے ان کے ڈاکٹر کو ملنے سے روکا جا رہا ہے، وکلاء کو بھی ان تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرکے جیل میں ڈالنے کے بعد ان سے دہشت گردوں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پارلیمنٹ میں خواجہ آصف کی طرف سے اداروں کےخلاف دیا گیا بیان آج بھی یاد ہے، آج جو گڑھے ہمارے لیے کھودے جا رہے ہیں کل خود بھی یہ اسی میں گریں گے۔ پاکستان بھر میں انارکی کا ماحول پیدا ہو چکا ہے، بدقسمتی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا اور ملکی کرنسی کی قدر میں مزید گراوٹ آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہر ملک اپنے مفادات کا تحفظ کرتا ہے، ہم نے کسی قسم کا بلاک بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ہماری حکومت نے اپنے دوراقتدار میں قومی مفادات کو ہر سطح پر ترجیح دی جس کا صلہ ہمیں پاکستان کا جھنڈا لہرانے سے روکنے کی صورت میں دیا جا رہا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر ہماری ریلیوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ جشن آزادی منانے سے بھی روکا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ملک کے اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی جاتی۔ اداروں کے خلاف اگر کوئی شخص انفرادی طور پر بات کرتا ہے تو اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
Last edited by a moderator: