سکیورٹی اہلکار کی مبینہ غلطی ،طالبات کی وین پر فائرنگ کر دی، 1طالبہ جاں بحق

police-swat-st-girl.jpg


جب ہماری گاڑی دروازے سے باہر آئی تو ملزم محمد عالم نے فائرنگ شروع کر دی اور ہم سب زخمی ہو گئے: طالبہ

ضلع سوات کے شہر چارباغ میں سنگوٹہ پبلک سکول میں افسوسناک واقعے میں مبینہ غلطی سے 1 طالبہ جاں بحق جبکہ 6 طالبات زخمی ہو گئیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق سنگوٹہ پبلک سکول کے دروازے پر تعینات سکیورٹی اہلکار نے مبینہ غلطی کے باعث سکول وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 1 طالبہ جاں بحق جبکہ 6 طالبات زخمی ہو گئی ہیں جن کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

161951278710c4f.jpg


واقعہ کے بعد سیدو ہسپتال میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ زخمیوں طالبات کا علاج کیا جا رہا ہے۔ آر پی او مالاکنڈ کی طرف سے زیرعلاج طالبات کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دے دیئے۔ ہسپتال میں زیرعلاج ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ سکول سے چھٹی ہونے پر جب ہماری گاڑی دروازے سے باہر آئی تو ملزم محمد عالم نے فائرنگ شروع کر دی اور ہم سب زخمی ہو گئے۔ آئی جی کے پی کے اختر حیات گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان سوات پولیس نے بتایا کہ آر پی او مالاکنڈ ناصر محمود ستی، ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈی سی سوات عرفان اللہ وزیر نے سید شریف ہسپتال کا دورہ کیا اور سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے زخمی طالبات کی عیادت کی۔ شفیق اللہ گنڈا پور کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے ملزم محمد عالم کو اسلحے سمیت گرفتار گیا گیا جس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے، اس کا علاج کیا جا رہا تھا۔ ملزم سے تفتیش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے کے پی کے ضلع کرم کے علاقے پاراچنار میں 4 مئی کو فائرنگ کے 2 واقعات میں 5 اساتذہ سمیت 8 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ایک واقعہ شلوزان روڈ پر تری مینگل سکول میں پیش آیا جہاں ایک استاد کو قتل کیا گیا جبکہ سکول میں فائرنگ سے 7 افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ جاں بحق افراد میں 4 استاد اور 3 ڈرائیور شامل تھے۔