
نجی چینل جیو کی جانب سے ایک خبر دی گئی کہ بنی گالہ میں عمران خان سے امریکی خاتون سفارتکار اور سی آئی اے لابسٹ رابن رافیل کی ملاقات ہوئی ہے جس پر سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے وضاحت دیتے ہوئے خبر مسترد کر دی اور کہا کہ یہ 3 سال پہلے کی ملاقات ہے۔
ملاقات سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں فواد چودھری نے جیو نیوز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ملاقات 3 سال پہلے ہوئی لیکن ن لیگ کے ترجمان ٹی وی کو اب خیال آیا ہے"۔
https://twitter.com/x/status/1569014600032567297
واضح رہے کہ نجی چینل نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق خاتون امریکی سفارت کار رابن رافیل نے ملاقات کی ہے۔
عمران خان سے رابن رافیل کی ملاقات بنی گالا میں ہوئی جس میں سینیٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔ رابن رافیل امریکا کی سابق سفارتکار اور سی آئی اے تجزیہ کار اور لابیسٹ ہیں اور وہ 1993 میں اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ جنوبی و سطی ایشیائی امور تھیں۔
https://twitter.com/x/status/1569038568055619584
خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ فواد چوہدری بھی پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کر چکے ہیں اور ان کی ملاقات 8 ستمبر کو امریکی سفارت خانہ میں ہوئی تھی۔ اس سے متعلق جیو نیوز نے سینیٹرشہزاد وسیم اور فواد چودھری کا مؤقف لینے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو سکا۔ تاہم اب سابق وفاقی وزیر نے ملاقات کو پرانی قرار دے دیا ہے۔