جنرل فیض کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب نے واپس کر دیا

faiz-hameed-nab-case-back.jpg


چند ہفتے قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کیخلاف آمدن سے زیادہ اثاثوں کا ایک ریفرنس نیب کو بھیجا گیا تھا لیکن بیورو نے کوئی ایکشن نہیں لیا اور شکایت واپس کر دی۔

صحافی انصار عباسی کے مطابق چند ہفتے قبل نیب کے راولپنڈی آفس کو ایک فائل موصول ہوئی تھی جس میں جنرل فیض کے انکم ٹیکس کا ریکارڈ اور دو صفحات پر مشتمل ایک شکایت نامہ موجود تھا جس پر چکوال سے تعلق رکھنے والے چند نامعلوم افراد کے دستخط تھے۔

درخواست کی گئی تھی کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف انکوائری کی جائے۔ ڈی جی نیب نے فائل کا جائزہ لیا اور حکام بالا کے ساتھ مشاورت کے بعد اس ہدایت کے ساتھ شکایت واپس کردی کہ متعلقہ حکام کے توسط سے بیورو کو باضابطہ درخواست کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اس بارے میں علم تھا کہ جنرل فیض کیخلاف ایک ریفرنس نیب کو بھیجا گیا ہے اور اس کے بعد نیب نے اس پر کس ردعمل کا اظہار کیا۔ نئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کی تعیناتی کے بعد توقع ہے کہ یہ معاملہ نیب کو واپس بھیجا جائے گا تاکہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر باضابطہ طور پر کارروائی کی جا سکے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا نے بدھ کو کہا تھا کہ تفتیشی ایجنسیاں جنرل فیض کیخلاف انکوائری کر رہی ہیں اور اس ضمن میں کسی بھی طرح کی پیشرفت ہوئی تو میڈیا کو بتائیں گے۔ وزیر داخلہ نے یہ نہیں بتایا کہ کون سی سرکاری ایجنسی جنرل فیض کیخلاف انکوائری کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ سابق ڈی جی کیخلاف کس سلسلے میں انکوائری کی جا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ کہا کہ جنرل فیض کا کورٹ مارشل کرنے کا اختیار صرف ادارے کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نہیں بلکہ جی ایچ کیو ملٹری ٹرائل کر سکتا ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ’’وی نیوز‘‘ کے نام سے نیا پلیٹ فارم شروع کیا گیا ہے۔ بدھ کو وی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں نون لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے جنرل فیض کے کورٹ مارشل کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جنرل فیض نے دو سال تک ن لیگ کو کمزور کرکے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی اور چار سال تک عمران خان حکومت کا ساتھ دیا۔
 

sensible

Chief Minister (5k+ posts)
اس حکومت کا جنرل فیض کون ہے؟جس نے نہ صرف تحریک انصاف پر کربلا برپا کی ہوئ ہے بلکہ پورا ملک ہی تباہ کر دیا