خبریں

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں رکن اسمبلی نور عالم خان کے حالیہ الزامات اور تنقید کے بعد سوال اٹھایا گیا کہ کیا حکومت ان مشکلات کے بعد بھی مدت پوری کر سکتی ہے؟ تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ چین نے مصنوعی سورج بنا لیا ہے اور ہم ایسی بحث میں لگے ہیں کہ کوئی آئے گا یا نہیں یا کوئی جائے گا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں اختلاف ظاہر کرنے والے تمام پہنچے ہوئے بزرگ ہیں، اصلی پی ٹی آئی کو چھوڑ کر سب اقتدار کے پجاری ہیں، یہ کل ن لیگ تو اس سے پہلے پی پی یا کسی اور کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے اگر آج حکومت چلی جاتی ہے تو کیا ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے لگیں گی؟ ن لیگ نے کبھی کوئی ایسا گورننس ماڈل پیش نہیں کیا ان کے اپنے آبائی حلقوں کو دیکھ لیں وہاں پر کیا حال ہے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں۔ محمل سرفراز نے کہا کہ اتحادی اشارے ملنے کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں اس کو آپ فون کال بھی کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی اسی طرح کے اشاروں کے انتظار میں ہے کیونکہ جب پی ڈی ایم بنی تھی تب لگتا تھا کہ کچھ ہو سکتا ہے مگر اب نہیں۔ لیکن حکومت کو اگر ہٹانا بھی ہو تو جمہوری طریقہ اپنایا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز اور بینظیر شاہ نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان سارہ الیاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ اختلاف ظاہر کرنے والے تمام پہنچے ہوئے بزرگ ہیں، جب وقت آتا ہے تو اختلاف سامنے آتا ہے۔
پاکستان ریلوے نے بجلی بچت کا عزم کرلیا، اب بجلی کی بچپ کیلیے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنزپر سولر پینلز نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،پاکستان ریلوے کی جانب سے بجلی بچت کیلیے ملک بھر کے 181 ریلوے اسٹیشنزپر سولر پینلز نصب کئے جائیں گے۔ پہلے فیز میں پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر، کوئٹہ اور کراچی ریلوے اسٹیشنز پر سولر پینلز نصب کیے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل کے دوسرے فیزمیں دیگر ریلوے اسٹیشنز کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ منصوبے کیلئے وزارت ریلوے نے تجاویز طلب کر لیں، مارچ میں اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے گا،سینئرافسران کا کہنا ہے کہ اس نظام کی تنصیب سے بجلی کی بجت کے ساتھ خطیر رقم کی بھی بچت ہو گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سابقہ حکومتیں بھی بجلی کی بچت کیلئے مختلف مقامات پر سولر پینل لگانے کا تجربہ کرچکی ہیں، پیپلزپارٹی دور میں سپریم کورٹ کی عمارت میں سولر پینلز نصب کئے گئے تھے۔ موجودہ حکومت میں اپوزیشن سولر پینل پر ٹیکسز پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے جبکہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ سولر پینلز پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا تھا کہ ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا کہ ریلوے کی سالانہ 2 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے، 54 ہزار سے زائد میٹر لگا کر چوری بچائی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کیلئے غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ قومی سلامتی پالیسی متفقہ ہے، اس میں تمام اسٹیک ہولڈر کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ملک میں سی پیک پر کام جاری ہے اس کے اچھے نتائج آئیں گے، ہمارا خیال ہے کہ افعانستان میں بھی سی پیک جیسا پراجیکٹ ہونا چاہیے۔ نئی بننے والی قومی سلامتی پالیسی سے متعلق معید یوسف نے کہا کہ یہ ایک متفقہ پالیسی ہے جس پر ملک کے سبھی اسٹیک ہولڈرز سے بات کی گئی ہے اس پر بات کرنے کیلئے جب بھی پارلیمانی کمیٹی بلائے گی ہم جائیں گے۔ ہم بریفنگ کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اہم مسئلہ ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت اب بھی اقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ باڑ کا مسئلہ بات چیت سے حل کریں گے، افعانستان کے ساتھ تجارت میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں کوئی بھی حکومت قومی سلامتی پالیسی کے معاملے پر نظر ثانی کر سکتی ہے۔ یہ ایسا معاملہ ہے کہ اسے سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں،ہوائی فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ لاہور کے علاقے نصیر آباد میں پیش آیا،شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے جاں بحق بھائیوں کی شناخت ماجد اور صفدر کے ناموں سے ہوئی۔ ملزم نے تقریب میں داخل ہوتے ہوئے اور اندر جا کر بھی فائرنگ کی جہاں وہ اسلحہ پربےقابو نہ رکھ سکا،تقریب میں فائرنگ کی ویڈیو بھی منظرعام پرآگئی ہے۔ پولیس کے مطابق ماجد پولیس میں بطور کانسٹیبل اے وی ایل سی میں فرائض انجام دے رہا تھا۔ ترجمان آپریشنز ونگ کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز کی اسپتال آمد ہوئی اور لواحقین سے ملاقات کی،ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق بھائی دلہن کے عزیز تھے اور فائرنگ کرنے والے دلہا کے رشتے دار ہیں،ملزم کو اہلخانہ نے فائرنگ کرنے سے منع کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم دوران ہوائی فائرنگ اسلحہ پر قابو نہ رکھ سکا اور گولیاں سیدھے دونوں بھائیوں کو جالگی،آئی جی پنجاب نے سی سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ مقتولین کے بھائی غلام حیدرکی مدعیت میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا،پولیس نے ملزم عاصم کو گرفتار کرکے مزید کاروائی شروع کردی، گرفتارملزم سابق پولیس اہلکار اور مقتولین کا رشتہ دار ہے۔
اسلام آباد پولیس ان ایکشن۔۔ قبضہ مافیا کا خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم، اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی پاکستانی شہری کی زمین کے قبضے کے الزام پر تاجی کھوکھر کے بیٹے کی گرفتاری کیلئے کھوکھر ہاؤس پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چھاپے کے وقت تاجی کھوکھر کا بیٹا فرخ کھوکھر ڈیرے پر موجود نہیں تھا، فرخ کھوکھر کی گرفتاری کیلئے مزید چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں،جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو کسی شہری کی جائیداد پر قبضے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،اسلام آباد پولیس نے قبضہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا،قبضہ مافیا اور ان کے کارندوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ دوہزار بیس میں بھی تاجی کھوکھر کے بیٹے فرخ امتیاز کھوکھر کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا، امتیاز کھوکھر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ پولیس سب انسپکٹر ارشاد کلیم کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تاجی کھوکھر کی مغفرت کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں مولانا طارق جمیل بھی شریک ہوئے جنہوں نے تاجی کھوکھر کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ اس تقریب کا انعقاد تاجی کھوکھر کے بیٹے فرخ کھوکھر نے کیا تھا۔
جنرل منیجر سوئی سدرن نے خواتین کو ہراساں کیا،جرم ثابت ہوگیا، جرم ثابت ہونے پر جی ایم کو نوکری سے نکال دیا گیا۔ جنرل منیجر سوئی سدرن کو نوکری سے فارغ کرنے کے حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے،حکم نامے میں کہا گیا کہ جنرل منیجر کو فوری طور پر عہدے سے فارغ کرکے واجبات وصول کیے جائیں۔ نوکری سے فارغ کیے جانے کے حوالے سے جنرل منیجر ماحولیات سوئی سدرن نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انکوائری کے دوران عدالت میں گیا،لیکن اگلے ہی دن ہنگامی اجلاس میں مجھے نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ بدنیتی ہے، اس حوالے سے بھرپور قانونی دفاع کروں گا۔ دوسری جانب دستاویز کے مطابق سوئی سدرن کے جنرل منیجر ماحولیات کے خلاف 3 خواتین کی شکایات پر انکوائری ہوئی،منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن نے اپنے خط میں جنرل منیجر ماحولیات کے خلاف انکوائری میں ہراسانی کے الزامات ثابت ہونے کی تصدیق کردی۔
وزیراعظم عمران خان کے متعارف کروائے گئے سیٹزن پورٹل نے ایک اور سائل کی داد رسی کرتے ہوئے 16 ماہ کا پھنسا کیس 1 ماہ میں حل کروادیا ہے۔ اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ قصہ ہے واہ کینٹ کے رہائشی مرحوم منظور احمد کا جنہوں نے اپنی زندگی میں واجبات کی ادائیگی کیلئے متعلقہ محکمہ میں درخواست دی تھی ، دفتر کے چکر لگاتے لگاتے وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے مگر ان کے واجبات جاری نہیں کیے گئے۔ منظور احمد کے انتقال کے بعدان کے بیٹے ظہور احمد نے بھی اپنے باپ کے واجبات کیلئے دفتروں کی طرف اپنی جوتیاں گھسنا شروع کردیں مگر متعلقہ محکمہ کے افسران کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی جس کے بعد تنگ آکر ظہور احمد نے ایک دن وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر اپنی شکایت درج کروائی۔ مشکل میں پھنسے ظہور احمد کیلئے یہ امید کا آخری جھونکا تھا کیونکہ 16 ماہ تک باپ بیٹے کی ہمت دفتروں کے چکر لگاتے لگاتے اب ٹوٹنے لگی تھی۔ سیٹیزن پورٹل پر درخواست دینے کے ٹھیک ایک ماہ بعد ظہور احمد کو اپنے باپ کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر متعلقہ محکمے کے افسران حرکت میں آئے اور انہوں نے ظہور احمد کو والد کے تمام واجبات کی ادائیگی کردی ہے۔ طویل عرصے سے خوار ہونے کے بعدپورٹل کی مدد سے مسئلہ حل ہونے پر ظہور احمد نے خوشی سے نہال ہوتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور پی ایم ڈی یو کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک سرکاری افسر نے رشوت کیلئے بیوہ خاتون کی پنشن کی فائل دبالی تھی ، خاتون نے سیٹیزن پورٹل پر شکایت کی تو وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لیا اور سرکاری افسر کو فارغ کردیا گیا جبکہ خاتون کا مسئلہ حل کردیا گیا۔
کراچی کے ایس ایس پی سینٹرل نے برآمد کیے گئے اسلحہ کو نیٹو سے منسوب کرنے سے متعلق اپنے ہی بیان کی وضاحت دیدی ہے۔ خبررساں ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینئر سپرٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) سینٹرل نے نیپئر تھانے کے سامنے واقع ایک گودام سے برآمد ہونے والے جدید ترین اسلحہ سے متعلق اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میں نے آپریشن کے بعد یہ نہیں کہا تھا کہ یہ اسلحہ نیٹو کا ہے، میں نے امکان ظاہر کیا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ نیٹو کا اسلحہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گودام میں دفن بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے سے متعلق آپریشن اپنی انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا ہے۔ دوسری جانب سیکیورٹی اداروں نے بھی کراچی سے برآمد ہونے والے اسلحہ نیٹو کا ہونے سے متعلق امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسلحہ نیٹو کا ہو ایسا ممکن نہیں ہے، اسلحہ میں کسی بھی چیز پر امریکہ یا نیٹو سے منسوب کرنے والی کوئی نشانی موجود نہیں ہے۔ یادرہے کہ کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر مذکورہ گودام میں کھدائی کرکے زمین میں دفن جدید اسلحہ برامد کیا تھا، اسلحہ میں اینٹی ایئرکرافٹ گن،مشین گن ، اینٹی ٹینک مائنز سمیت جدید اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔
پینے کے پانی اور منرل واٹر کی متعددکمپنیوں کی جانب سے بوتلوں میں مضر صحت اور پینے کیلئے غیر موزوں پانی کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ خبررساں ادارے جنگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان آبی وسائل کی تحقیقاتی کونسل (پی سی آرڈبلیوآر) کی جانب سے گزشتہ برس 1کتوبر سے دسمبر کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ میں ہوا ہے۔ پی سی آر ڈبلیو آر کی رپورٹ کے مطابق کونسل نے اس عرصے میں 22 شہروں سے بند بوتلوں میں منرل واٹر فروخت کرنے والے181 برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے ، حاصل کردہ نمونوں کو پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے) کے تجویز کردہ معیار کے مطابق لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 181 میں سے 16 برانڈز کا پانی پینے کیلئے غیر معیاری اور مضر صحت نکلا، 13 برانڈز کے پانی میں سوڈیم کی مقدار پی ایس کیو سی اے کے متعین کردہ معیار سے زیادہ پائی گئی۔ ان برانڈز میں آبِ صحت، آکسفورڈ پیور واٹر، ڈورو، سپ اپ، ڈیفنس، نیو بکستن،آب حیات، نیشن، آکسی ڈانو،مور پلس،پیور،نوبل، آئس لے جیسے برانڈ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سپ اپ، نیو اے ایس، مناہ اور واٹریا جیسے برانڈ کے پانی میں ایسے جراثیم کے نمونے پائے گئے جو پینے کیلئے غیر محفوظ ہیں۔ اسی طرح نوبل اور مورپلس میں پوٹاشیم، نوبل اور آکسی ڈانو میں ٹی ڈی ایس لیول جبکہ نیشن کے پانی میں سنکھیا کی مقدار اسٹینڈرڈ سےزیادہ پائی گئی۔
اسلام آباد میں قتل ہونے والی خاتون نور مقدم کے والد نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروادیا ہے اور عدالت سے ملزم کو پھانسی کی سزا سنانے کی استدعا کی ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں آج نورمقدم قتل کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت نورمقدم کے والد شوکت علی مقدم نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ انہوں نے عدالت کے سامنے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، میری بیٹی کا ناحق قتل کیا گیا ہے لہذا میری بیٹی کے قاتل ظاہر جعفر کو پھانسی کی سزاسنادئی جائے۔ کیس کی سماعت کا احوال بتاتے ہوئے کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ملزم ظاہر جعفر عدالت میں پیش نہیں ہوا، جب عدالت نے پوچھا تو جواب ملا کہ وہ کسی سے لڑپڑا ہے۔ ثاقب بشیر نے مزید کہا کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ظاہرجعفر کس سے لڑاہے۔ شوکت علی مقدم نے عدالت کو واقعہ سے متعلق دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نور مجھے عموما بتاکر ہی کہیں جاتی ہے، اگر نہیں بتاتی تو مجھے پہنچ کر بتادیتی ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہے ، اس بار اس نے مجھے نہیں بتایا تھا کہ وہ لاہور جارہی ہے، جب میرا اس سے رابطہ نہیں ہوا تو میں نے اس کی تلاش شروع کی اور اس دوران میں نور کی سہیلیوں سے رابطے میں بھی رہا اور ان کے گھر بھی گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 جولائی کو مجھے نور نے فون کرکے بتایا کہ وہ لاہور جارہی ہے اس فون کے بعد میں نے اس کی تلاش بند کردی، میں جعفر فیملی کو پہلے سے جانتا ہوں ہاں دیگر ملزمان کے بارے میں نہیں جانتا، جیل میں بھی جعفر فیملی کے علاوہ کسی کی شناخت پریڈ نہیں کروائی گئی۔ شوکت مقدم نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مالی کو گیٹ نہ کھولتے دیکھ کر اسے 8 اگست کو مقدمے میں نامزد کیا۔ نورمقدم کے والد کے بیان کے دوران ملزمان کے وکلاء نے ان پر جرح بھی کی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کو 17 جنوری تک ملتوی کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ثاقب بشیر کا کہنا تھا کہ نور مقدم کیس میں مرکزی ملزم کے وکیل کی عدم پیشی جج شدید برہم ہوئے، عدالت میں انکشاف ہوا کہ ظاہرجعفر کےوکیل کا کورونا پازیٹو آگیا ہے جس پر سب نے سرپکڑلئے کہ اب مرکزی ملزم کے وکیل کی پیشی کیسے ہوگی
کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا نیپئر روڈ میں گودام سے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد کرلیا گیا،اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کے ہمراہ آپریشن کیا اور مخصوص عمارت کے مختلف حصوں کی کھدائی کے دوران فرش سے کئی سالوں پرانے زنگ لگے ہتھیار برآمد کیے گئے۔ پولیس کے مطابق جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کو زمین میں دفن کیا گیا تھا،آپریشن کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ سمیت دیگر پرانے ہتھیاروں کو نکالا گیا، ملنے والے ہتھیاروں سے جہاز ہیلی کاپٹر ٹینک یا عمارتوں کو اڑایا جاسکتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کو بغیر کسی ریپنگ کے فرش کے اندر دبادیا گیا تھا کئی سالوں تک فرش میں رہنے سے ہتھیار زنگ آلود ہوگئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں سے ہتھیار برآمد ہوئے یہاں گودام تھا اور جانور بھی بندے ہوئے تھے جبکہ عمارت کی اوپری منزلوں میں لوگ رہائش پذیر ہیں۔ پولیس نے نوگھنٹے کی کھدائی کی اور اسلحہ برآمد کیا، جس کے بعد گودام کو سیل کردیا گیا، گزشتہ روز پانچ فٹ تک کھدائی کےدوران بھاری اسلحہ برآمد ہوا تھا،اس سے قبل لیاری اور نیپئر کے اطراف کراچی آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا جاچکا ہے۔
شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے تحقیقات سے متعلق نئی دستاویزات سامنے آ گئیں،مرکزی ملزمان ماسٹر مائنڈ اور بے نامی اکاؤنٹس نجی بینکوں کی ناکامی قرار دے دی گئی۔ بینکنگ جرائم عدالت لاہور نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پرتحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق بے نامی بینک اکاؤنٹس سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے منی لانڈرنگ کی، منی لانڈرنگ کیلئے بے نامی اکاونٹس کا استعمال نہ روکنا بینکوں کی واضح ناکامی ہے،ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک کو نجی بینکوں کیخلاف کاروائی کی درخواست بھی دیدی۔ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کیخلاف سولہ ارب کی منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کررکھاہے۔ دوسری جانب بینکنگ جرائم عدالت لاہور نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت کا فیصلہ بھی جاری کر دیا،فیصلے میں ملزمان کو سات روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرکے درخواست ضمانت دائر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بنکنگ جرائم کورٹ کے جج سردارطاہر صابر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر تحریری فیصلہ جاری کیا، ایف آئی اے کی جانب سے بینکنگ جرائم عدالت کا دائرہ اختیار نہ ہونے پر چالان واپس لینے کی بھی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے چالان ایف آئی اے کو واپس کردیا گیا اور متعلقہ عدالت میں جمع کروانے کا حکم بھی دیا گیا،عدالت نے شہبازشریف اورحمزہ شہباز کو اپنی عبوری ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت سے 21جنوری تک رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، عدالت نےراناشمیم، میرشکیل، عامرغوری، انصارعباسی کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے بیس جنوری کو طلب کرلیا۔ رانا شمیم بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کے حوالے سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری حکمنامہ جاری کیا،تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے توہین کے ملزمان کو کافی وقت دے لیا،ملزمان کا یہی مؤقف رہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا، رپورٹر ، ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر کا موقف اہم ہے، یہ مؤقف ماننا زیر التوا کیسز سے متعلق کچھ بھی چھاپنے کا لائسنس دینے جیسا ہوگا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ لگتا ہے رپورٹر، ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر زیر التوا کیسز کے رُولز سے ناواقف ہیں، توہین عدالت کیس کے دوران بھی کیس پر تنظیموں کے مؤقف چھاپے جا رہے ہیں، رپورٹر نے کہا بیان حلفی کا درست یا غلط ہونے کا جاننا اس کی ذمہ داری نہیں تھی، پروفیشنل صحافی زیر التوا کیس سے متعلق ذمہ داری سے واقف نہیں نظر آئے۔ اپنے حلف نامے میں رانا شمیم نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کو ٹیلی فون کر کے کہا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی درخواست ضمانت کو 2018 کے عام انتخابات تک منظور نہ کریں۔ رانا شمیم کے مطابق جسٹس ثاقب نثار نے یہ کال گلگت کے دورے کے دوران کی، جہاں انہوں نے جی بی سپریم اپیلٹ کورٹ کے ریسٹ ہاؤس میں ان کی میزبانی کی تھی،حلف نامے پر مبنی اسٹوری دی نیوز میں شائع ہونے پر عدالت رانا شمیم، صحافیوں انصار عباسی، عامر غوری اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کررہی ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کی جانب سے تمام دفاتر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد صارفین اب جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے ادائیگیاں کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نادرا ہیڈ کوارٹرز میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین نادرا طارق ملک، چیف ایگزیکٹیو جاز عامر ابراہیم، چیف ایگزیکٹیو ایزی پیسہ محمد مدثر عاقل نے شرکت کی۔ تقریب میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ حال ہی میں نادرا کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی سہولت متعارف کروائی گئی تھی جس کے بعد نقد و کارڈز کے علاوہ شہریوں کو موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیوں کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ اس سہولت سے 23 ملین سے زائد موبائل اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین باآسانی فائدہ اٹھاسکیں گے ، یہ قدم کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کی جانب قدم ہے جس میں ڈیجیٹل و دستاویزی معیشت کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی عکاسی بھی ہوگی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ نادرا کے نظام کو گلوبل بینچ مارک بنانے کا عزم کیا ہے جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، میری قیادت میں نادرا میں یہ ڈیجیٹل تبدیلیاں شہریوں اور معاشرے کو بڑے پیمانے پر سہولیات فراہمی کیلئے کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جس سہولت کا افتتاح کیا جارہا ہے اس سے ممکنہ طور پر 20 ملین سے زائد صارفین ادائیگیوں کے متبادل اور آسان آپشنز کو استعمال کرسکیں گے، ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کا مقصد ایک بڑے کسٹمر بیس کو نیٹ پر لانا ہے تاکہ ایک محفوظ اور آسان ادائیگیوں کا نظام پیش کیا جاسکے جس سے ڈیجیٹل پاکستان کی سمت میں مزید آگے بڑھاجائے۔
اکیسویں صدی میں انسانوں نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ اب تقریبا تمام قدرتی اشیا کی مصنوعی شکلیں مارکیٹ میں آنی شروع ہوگئی ہیں جس میں مصنوعی انڈے بھی شامل ہیں، پاکستان کے کئی شہروں میں جعلی انڈے فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ یہ مصنوعی یا پلاسٹک کے انڈے صحت کے لئے بہت نقصان دہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ انڈے شکل میں بالکل اصلی انڈوں کی طرح لگتے ہیں لیکن یہ مصنوعی طریقے سے فیکٹری میں مخلتف کیمیکل کو ملا کر بنائے جاتے ہیں اور پھر مارکیٹوں میں بھیجے جاتے ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھی جعلی چیزیں فروخت کرنے والا مافیا بہت زیادہ سرگرم ہے۔ جسے ہی موسم مزید سرد ہوا ہے انڈوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جو بوائل، فرائی کھانے کے ساتھ کارن سوپ اور دیگر کھانوں میں بھی استعمال ہوتا ہے، مگر ڈیمانڈ بڑھتے ہی ایک بار پھر انڈا مافیا نے نقلی انڈے مارکیٹ میں پھیلا دیئے ہیں۔ مارکیٹوں میں جو انڈے فروخت ہورہے ہیں وہ کئی جھلیوں پر مشتمل ہیں، زردی پلاسٹک کی گیند جیسی ہے اور انڈے کی رنگت ہلکی گلابی ہے، ان جعلی انڈوں کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ چین میں بنائے جاتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ان جعلی انڈوں کے چھلکوں کو کیلشیم کاربونیٹ سے بنایا جاتا ہے جبکہ زردی اور سفیدی کو ایلگی نیٹ، جی لیٹنگ، کیلشیم کلورائیڈ، پانی اور فوڈ کلرز سے بنایا جاتا ہے اور یہ سب انسانی جسم کے لیے زہر کے مترادف ہیں، اسی لئے بچے، بڑے، بوڑھے ہر عمر کے افراد ان جعلی انڈوں کی وجہ سے مختف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ چین کی ہینان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بائیولوجیکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر بی جوب پنگ نے ان جعلے انڈوں والی مشکل کا سامنا کرتے انسانوں کی مدد کی خاطر اس نقلی انڈے کی پہچان کا راز جان لیا ہے جس کی بدولت کوئی بھی باآسانی ان انڈوں کی پہچان کر سکے گا۔ بی جوب چنگ کے مطابق اصلی کے مقابلے میں نقلی انڈے کے بیرونی خول زیادہ چمکدار چکنے اور ہموار ہوتے ہیں، اصلی انڈوں میں ایک خاص قسم کی بو ہوتی ہے جو نقلی انڈوں میں نہیں ہوتی، اگر اصلی انڈے کو ہلائیں تو اس میں سے کوئی آواز نہیں آتی جبکہ نقلی انڈے کو ہلایا جائے تو اس میں سے آواز آتی ہے جیسا کہ وہ اندر سے کھوکھلا ہو۔ نقلی انڈے کی سب سے عام پہچان یہ ہے کہ اسے توڑتے ہی سفیدی اور زردی ایک دوسرے سے مل جاتی ہے جب کہ اصلی انڈے کی زردی اور سفیدی الگ الگ رہتی ہے۔
سانحہ مری کے وقت برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے انتظامی، آپریشنل افسران اور اسٹاف کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں، سانحہ مری میں ریسکیو 1122 کے فرنٹ لائن اہلکاروں کے بیانات قلبند کیے گئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، سی پی او ساجد کیانی، چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان، ٹریفک کے فیلڈ افسران، اسسٹنٹ کمشنر مری، این ایچ اے حکام اور موٹروے پولیس افسران کے بیانات بھی قلمبند کرلیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق برف ہٹانے والی 29 گاڑیوں میں سے 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑے ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور تو اور گاڑیوں کو چلانے کیلئے متعین ڈرائیورز، عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ محکہ موسمیات نے شدید برف باری کی وارننگ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جاری کی تھی، محکمہ جنگلات کے اہلکار تحقیقاتی کمیٹی کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے، کمیٹی نے عملے کی تفصیلات اور ان کی ذمہ داریوں کی فہرست طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانحہ مری کے دوران ضلعی انتظامیہ نے مری کے داخلی راستوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں، تمام گاڑیاں مری کی جانب جارہی تھی جس سے مزید ہلاکتیں ہوسکتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کردی جائے گی، رپورٹ کی فائنڈنگ کے تحت ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
کراچی میں انوکھا واقعہ پیش آیا، سرکاری اسپتال کا گریڈ 14 کا ملازم راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے سرکاری اسپتال کے ملازم محمد کامران راتوں رات امیر بن گیا، اسپتال ملازم کے خلاف انکوائری کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار گیا کہ محمد کامران 2گریڈ پر بھرتی ہوا اور غیرمعمولی وقت میں 14گریڈ تک جاپہنچا۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ عثمان فاروق نے کہا کہ ایک ملازم سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی کا مالک بنا ہوا ہے، محمد کامران کچھ ہی عرصہ میں مشکوک طریقے سے کروڑپتی بن گیا، اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بھی ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ عثمان فاروق کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ محمد کامران کی اس غیر معمولی اور مشکوک ترقی کے خلاف انکوائری کا آغاز کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ عدالت کی جانب سے محمد کامران کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا، عدالت نے اینٹی کرپشن انکوائری کرکے رپورٹ جمع کروانے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔
لاہور میں سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانا ایک گارڈ کیلئے جان لیوا ثابت ہوا۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے سندر اسٹیٹ میں پیش آیا جہاں ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور شخص کی جان لے لی ہے، جاں بحق ہونے والے نجی کمپنی میں بطور گارڈ نوکری کرتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نجی کمپنی میں گارڈز کی نوکری کرنے والے 2 سیکیورٹی گارڈز ٹک ٹاک ویڈیو بنارہے تھے کہ اس دوران حقیقت میں گولی چلی جو سیدھی جاکر 25 سالہ حسین احمد کو لگی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، اردگرد موجود لوگوں نے فائر کرنے والے اسامہ نامی گارڈ کو پکڑ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حسین احمد کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا ہے جبکہ نامزد ملزم اسامہ کو گرفتار کرکے آلہ قتل سمیت تھانے منتقل کردیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسامہ اور حسین احمد سندر اسٹیٹ میں بطور گارڈ نوکری کرتے تھے، واقعہ کے روز دونوں مل کر ٹک ٹاک ویڈیو بنارہے تھے، اسامہ نے ویڈیو بناتے ہوئے پستول حسین کے گردن کی پچھلی جانب رکھ کر ٹریگر دبادیا جس سے گولی چلی اور حسین احمد کی فوری موت ہوگئی۔ دوسری جانب 13 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، قاتل سگا چچا نکلا پولیس کے مطابق لڑکی کو اس کے سگے چچا نے قتل کیا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے جب کہ اس سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مقتولہ کے چچا ملزم عطاء اللہ نے انکشاف کیا کہ مقتولہ اپنی مرضی سے شادی کرنا چاہتی تھی، جب کہ کم عمری میں لڑکی کا رشتہ اسکے چچا زاد کے ساتھ طے پایا تھا، مقتولہ کی ضد اور گھر سے بھاگ جانے کے ڈر کی وجہ سے اسے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
سینئر تجزیہ کار اور صحافی عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کرنے والا ملزم پاکستان مسلم لیگ ن کو فنڈ کرتا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'خبر ہے' میں بات کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ جس شخص نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی بھی ہوئے، وہ 'وکی' نامی شخص ہے جس نے مسلم لیگ ن کو الیکشن فنڈ کی مد میں 3 کروڑ روپے دیئے تھے۔ یہ رقم اس وقت لی گئی جب مرحومہ کلثوم نواز صاحبہ الیکشن لڑ رہی تھیں۔ سینئر تجزیہ کار کا مزید کہنا تھا کہ ایسا ایک بار نہیں متعدد بار ہوا ہے کہ اس شخص نے ن لیگ کو الیکشنز کے لئے خطیر رقم دی۔ ایک اور سوال کے جواب میں عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ بلال یاسین کی عیادت کے لئے گئیں بہت اچھی بات ہے لیکن وہ یہ بات سن لیں کہ ایم پی اے بلال یاسین پر حملہ کرنے والا ن لیگ کو فنڈ دیتا تھا۔ واضح رہے 31 دسمبر کو لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم افراد نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔
سینئر صحافی اور تجزیہ کار فہد حسین نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی اور کو اقتدار دے دیتا ہوں اس کا مطلب ہے کہ اب پریشر آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے سینئر صحافی فہد حسین کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ بھی پارلیمانی اجلاس میں ہوا، اور وزیر اعظم عمران خان کا جو ردعمل پیش آیا اس کا مطلب ہے کہ پریشر آگیا ہے وہ بھی اچھا خاصا۔ سینئر تجزیہ کار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اجلاس کے اندر جو کچھ بھی ہوا وہ خبر نکل گئی، کسی نے تو اندر سے خبر لیک کی، یہ جانتے ہوئے بھی خبر لیک کی گئی کہ جب یہ خبر آئے گی تو ایوان میں ایک بار تہلکہ مچا دے گی۔ فہد حسین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں لوگوں کی ایک لمبی فہرست ہے جو صرف لوز بال کھیلتے ہیں جبکہ وزیر دفاع پرویزخٹک صاحب کبھی لوز بال نہیں کھیلتے، انہیں اس بات کا پہلے سے ہی علم تھا کہ ان کی اس بات کے نتیجے میں اگر ایسا کوئی ردعمل سامنے آیا تو اس پر خبر ضرور کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ردعمل والے ویڈیو پیغام میں بھی پرویز خٹک صاحب نے کسی بات کی کھل کر تردید نہیں کی، پی ٹی آئی میں تقریباً تمام ممبران ایک دوسرے سے لڑتے آئے ہیں آغاز سے ہی، ایک شخص جو لیڈر ہے اس پر کبھی انگلی نہیں اٹھی تھی لیکن آج کے واقعہ میں وہ بھی ہو گیا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، قومی اسمبلی میں منی بجٹ ان دنوں زیر بحث ہے اور ضمنی مالیاتی بل کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا، اسی دوران وزیراعظم اور پرویز خٹک کے مابین تلخ کلامی شروع ہو گئی۔ نتیجے کے طور پر وزیراعظم عمران خان نے اجلاس چھوڑ کر جانے کی کوشش کی لیکن دیگر اراکین نے انہیں روک لیا تاہم وزیر دفاع اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

Back
Top