خبریں

لاہور میں نوکری کا جھانسہ د ے کر لڑکے کے اغوا اور بعد میں گردہ نکال کر فروخت کرنے کے افسوسناک واقعہ کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کے رہائشی عبداللہ کو نوکری کا جھانسہ دے کراغواکرکے راولپنڈی لے جایا گیا جہاں اسے مسلسل17 دن تک دوائیوں کے زیر اثر رکھا گیا، اسی دوران ملزمان نے عبداللہ کا ایک گردہ نکال لیا۔ لڑکےکے لاپتہ ہونے پر اہلخانہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی پولیس نے جب لڑکےکی لوکیشن ٹریس کرنےکی کوشش کی تو پتا چلا عبداللہ راولپنڈی میں ہے، پولیس نے آپریشن کرکے لڑکے کو بازیاب کروایا اور گردہ فروش گروہ و اغوا کاروں کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق لڑکےکو ورثاءکے حوالےکردیا گیا اور اس کا علاج معالجہ بھی شروع کروادیا گیا ہے،اغواکاروں و گردہ فروش گروہ کے مرکزی کرداروں اور ڈاکٹرز کی تلاش کیلئے تفتیش جاری ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ لڑکے عبداللہ کا کہنا تھا کہ ملزمان مجھے سرکاری نوکری کا خواب دکھا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے پھر مجھے بے ہوش کردیا گیا، مجھے علم نہیں تھا کہ میرا گردہ نکالا گیا ہے ، مجھے یہ ہوش میں آنے کے بعد علم ہوا، اب مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، میں کرسی پر بھی بیٹھ نہیں سکتا کیونکہ مجھے بہت زیادہ درد محسوس ہوتا ہے، ڈاکٹرز ایک انجکشن لگادیتے ہیں تو تھوڑا سکون مل جاتا ہے۔
افغان حکومت نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے میں ملوث داعش کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ دعویٰ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا ۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز کابل میں ایک آپریشن کیا جس میں 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں، افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ نمروز میں بھی ایک آپریشن کیا۔ ترجمان افغان حکومت نے دعویٰ کیا کہ مختلف آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور داعش سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا، یہ دہشت گرد پاکستانی سفارتخانے پر حملے کے علاوہ چینی شہریوں کے ہوٹل پر حملے میں بھی ملوث تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں سے ہونے والی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ داعش نے مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی بھی کررکھی تھی۔ یادرہے کہ 2 دسمبر 2022 کو افغانستان کےدارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارتخانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا، عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبولی کی تھی جبکہ حکومت پاکستان نے اس حملے کو ناظم الامور عبدالرحمان نظامی کےخلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔
گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد بند ہونے کا خدشہ، طالبات، والدین کا احتجاج احتجاج کی کال سٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن اور کالج کی سٹوڈنٹس پیرنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے دی گئی تھی۔ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا ایک اور کالج کی جبری بندش کا خدشہ پیدا ہونے کے باعث طالبات کا مستقبل خطے میں پڑ گیا۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این نارتھ ناظم آباد کے جبری طور پر بندش کا شکار ہونے کے خدشے کے باعث کالج کے اساتذہ اور علم حاصل کرنے والی طالبات کے علاوہ ان کے والدین نے بھی کراچی پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کی کال سٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن اور کالج کی سٹوڈنٹس پیرنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے دی گئی تھی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اکیڈمی کا کالج گرائونڈ کے حوالے سے تنازعے کا کیس عدالت میں ہے اور سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی 800 سے زائد طالبات کا تعلیم دینے کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے، طالبات کے والدین شدید پریشان ہیں کہ گرلز کالج کو عملی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ طالبات کو علم حاصل کرنے سے محروم کر دیا گیا ہے۔ طالبات کے والدین کا مطالبہ تھا کہ گورنمنٹ کالج میں تعلیم دینے کا سلسلہ فوری طور پر شروع کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 2 جنوری سے گرلز کالج میں تدریس کا سلسلہ منقطع ہے لیکن محکمہ تعلیم کے کان پر جوں بھی نہیں رینگ رہی، اس معاملے پر محکمے کی پراسرار خاموشی انتہائی معنی خیز ہے۔ طالبات کے انرولمنٹ کی تاریخ قریب ہے اور پریکٹیکلز بھی ہونے ہیں کراچی پریس کلب کے باہر طالبات اور ان کے والدین نے مظاہرے کے دوران شدید نعرے بازی کی اور "ہمیں کرکٹ نہیں تعلیم چاہیے" سرفراز احمد ہمارے کالج کا گرائونڈ خالی کرو اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بلاک این میں تعلیم بحال کرو" کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ یاد رہے کہ سرفراز احمد کرکٹ گرائونڈ نارتھ ناظم آباد بلاک این میں بنے مکانات کے درمیان واقع ہے جبکہ گرائونڈ میں کالج کی مرکزی عمارت اور آڈیٹوریم وجمنازیم بھی واقع ہے۔ سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی کا موقف ہے کہ یہ گرائونڈ میئر کراچی وسیم اخترنے دیا ہے جبکہ گرلز کالج کی پرنسپل کا کہنا ہے کہ یہ گرائونڈ کالج کا حصہ ہے۔سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی کی نگرانی ان کے کزن ضیاء کرتے ہیں جبکہ جلیل اور نورالامین ان کی معاونت کرتے ہیں۔
انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،دوسری جانب ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر نے روپے کی مزید درگت بنادی ہے، ایک موقع پرڈالر48 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 227روپے42 پیسے کا ہوگیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر 17 پیسے اضافے کے بعد 227روپے11 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔ دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تاریخ کی کم ترین سطح کو چھو رہے ہیں، 30 دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 28 کروڑ17 لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی ادائیگیوں کے باعث مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائراس وقت 11 ارب42 کروڑ 55لاکھ ڈالرز کی سطح پر موجود ہیں، کمرشل بینکوں کے ذخائر3 کروڑ93 لاکھ ڈالرز کمی کے بعد 5 ارب84 کروڑ60 لاکھ ڈالرز رہ گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق سرکاری ذخائر24 کروڑ 54 لاکھ ڈالرز کم ہوکر 5 ارب57 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز کی سطح پرآگئے ہیں۔
جلد انتخابات کے مخالف ہیں لیکن مقررہ وقت پر نہ ہوئے تو کھل کر مخالفت کی جائے گی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج ہوا جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو جوڈیشل قتل لکھنے اور کیس کا فیصلہ جلد سنانے کیلئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سیکرٹری جنرل پی پی فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مسلح گروہ کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کبھی نہیں کرے گی جبکہ اس حوالے سے اجلاس میں خیبرپختونخوا سمیت دیگر دہشت گردی واقعات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنا لازمی ہیں۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے باہر بات چیت کے حامی نہیں ہیں جبکہ سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اپنے بیانات میں اداروں پر الزامات لگانے کی شدید مذمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی وسیاسی بحران کے خلاف سٹیک ہولڈرز، سیاسی جماعتوں کے مابین بات چیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ چارٹر آف ڈیموکریسی کی پیپلزپارٹی نے حمایت کی تھی ، سیاست میں مداختل کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی، ملکی آئین کی حدود میں کردار کے حامی ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج شہید بھٹو کی سالگرہ پر ہم نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انہوں نے ملک کو متفقہ آئین دیاجس پر عملدرآمد کیلئے بینظیر بھٹو شہید نے بھرپور کردار ادا کیا، یہ سال آئین کی گولڈن جوبلی کا سال ہے جس کیلئے چاروں صوبوں میں تقاریب کی جائینگی۔نئی نسل کو ملکی آئین کیلئے پیپلزپارٹی کی جدوجہد اور صوبوں کو کیسے حقوق دیئے آگاہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم سے ون یونٹ سلیکٹڈ وزیراعظم گھر بھیجا، پیپلزپارٹی کا ان کامیابیوں میں بھرپور کردار ہے جس کے باعث سٹیبلشمنٹ نے غیرسیاسی رہنے کا اعلان کیا ، امید ہے آئندہ ایسا ہی ہو گا۔سب سے زیادہ خطرہ ہمیں تقسیم کی سیاست سے نفرت ہے جس کے مطابق مجھے نہیں کھیلنے دیا گیا تو کسی کو نہیں کھیلنے دوں گا، تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ کوڈ آف کنڈکٹ پر دستخط چاہتے ہیں تاکہ سب مسائل پارلیمان میں حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت مہم چلائیں،جمہوری قوتوں کو ملکر کام کرنا ہو گا جس کیلئے پیپلزپارٹی تمام جماعتوں سے رابطہ کرے گی، نفرت کی سیاست کو روکنا ہو گاتاکہ ملک ترقی کرے۔سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قومی سلامتی کا اجلاس پارلیمنٹ میں بلائیں جہاں مل کر لائحہ عمل طے کیا جائے، جلد انتخابات کے مخالف ہیں لیکن مقررہ وقت پر نہ ہوئے تو کھل کر مخالفت کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، آئین کی مضبوطی کیلئے کام کر رہے ہیں، کسی ایسے شخص کو انسان نہیں سمجھتے جو ہمارے بچوں کا قاتل ہو، دہشت گردوں کیساتھ وہ سلوک کرنا چاہیے جو مجرم کے ساتھ کیا جاتا ہے، دہشت گرد اور انتہاپسند پاکستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی کا پہلے بھی مقابلہ کیا، آئندہ بھی کرینگے، موت سے نہیں ڈرتے۔ انتہاپسندوں اور دہشت گردوں سے ہمارے پاکستان اور مذہب کو دنیا بھر میں بدنام کیا جبکہ عمران خان ان کے سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے، انہوں نے اے پی ایس کے دہشت گرد کو این آر او دے کر رہائی دلوائی۔
یہ دوسرا دن ہے جب کتے مسلسل پریشان کر رہے ہیں جس کے باعث عدالتی کارروائی متاثر ہوتی ہے: سندھ ہائیکورٹ کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات نے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ججز کو بھی پریشان کرنا شروع کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے احاطے میں آوارہ کتوں نے یلغارکر دی جس کے باعث کیس کی سماعت کے دوران کتوں نے بھونکنا شروع کر دیا جس کے بعد عدالتوں میں بیٹھے ججز بھی پریشان ہو گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرا دن ہے جب کتے مسلسل پریشان کر رہے ہیں جس کے باعث عدالتی کارروائی متاثر ہو رہی ہے۔ خیال رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے آوارہ کتوں کی بہتات کے خلاف درخواست پر متعلقہ اداروں کو کارروائی جاری رکھنے اور شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن 109 بحال کرنے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ سندھ حکومت کی طرف سے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور شکایات سے متعلق موبائل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر آوارہ کتوں کے خلاف اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بتایا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا، پروگرام کے تحت 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی 30 سال سے کم ہے اور ملک کے مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی بامقصد تعلیم اور ہنر سیکھنے پر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 30 ہزار بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کے لیے ’’باصلاحیت نوجوان انٹرن شپ پروگرام‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا دورانیہ 6 ماہ ہوگا اور انہیں 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔وزارت منصوبہ بندی کا اصل کام نوجوانوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوانوں اور نجی شعبے کے فعال کردار پر ہے،ہمیں اختلافات بھلا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے ملک کی معیشت 8 ماہ میں نہیں ڈوبتی، جب گھر میں آگ لگی ہو تو پہلا کام آگ بجھانا ہوتا ہے۔ کس نے آگ لگائی، اس کا فیصلہ بعد میں کر سکتے ہیں۔ ہر پاکستانی کو اس وقت ٹرن اراؤنڈ پاکستان مہم کا چیمپئن بننا ہو گا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ارشد شریف کی موت ناصرف انسانی حقوق کا معاملہ ہے بلکہ بہیمانہ قتل تھا ان کی پاکستان سے جانے کی وجوہات پرتحقیقات کی جائیں۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کے ازخود نوٹس کیس سماعت کی، جس سلسلے میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب، ارشد شریف قتل کی تحقیقات میں کیا پروگریس ہے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پیشرفت رپورٹ جمع کروا دی، اسپیشل جے آئی ٹی نے 41 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں، تحقیقات کینیا، یو اے ای اور پاکستان سمیت 3 حصوں پرمشتمل ہیں، جے آئی ٹی نے اب انکوائری کے لیے کینیا جانا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ تحقیقات کے 3 فیز ہیں، ایک پاکستان، دوسرا دبئی اور تیسرا کینیا ہے، کیا فیز ون کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں؟ عامر رحمان نے بتایا کہ فیز ون کی زیادہ تر تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں، عدالت نے پوچھا کہ کیا تحقیقات مکمل ہونے کا کوئی ٹائم فریم مقررکیا گیا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کی ٹائم لائن دینا مشکل ہوگا، دبئی میں تحقیقات کے بعد اسپیشل جے آئی ٹی15 جنوری کو کینیا جائے گی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا امکان ہے کہ تحقیقات میں اقوام متحدہ کو شامل کیا جائے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ضرورت پڑے گی تو یہ آپشن بھی موجود ہے،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ تحقیقات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کررہے ہیں، عدالت جے آئی ٹی کو تحقیقات کے لیے آزادی دے رہی ہے، ارشد شریف قتل کی صاف شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں کیونکہ عدالت اس میں بہت سنجیدہ ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ حکومت نے باہمی قانونی معاونت کا خط لکھنے میں تاخیرکی ہے، ارشد شریف کی موت ناصرف انسانی حقوق کا معاملہ ہے بلکہ بہیمانہ قتل تھا، ان کی پاکستان سے جانے کی وجوہات پرتحقیقات کی جائیں، ارشد شریف کے کچھ ڈیجیٹل آلات ہیں جو ابھی تک نہیں ملے، کیا جے آئی ٹی کو یہ پتا چلا کہ وہ آلات کدھر ہیں؟ پتا چلائیں وہ ڈیجیٹل آلات کینین پولیس،انٹیلی جنس یا ان دوبھائیوں کے پاس ہیں؟ ارشد شریف قتل جے آئی ٹی کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔ چیف جسٹس نےریمارکس دیے کہ لگتا ہے حکومت نے باہمی قانونی معاونت کا خط لکھنے میں تاخیر کی، جے آئی ٹی کو 20 روزقبل اقدامات اٹھانے چاہیں تھے۔ رپورٹ میں بڑی گہری باتیں ہیں جوکھلی عدالت میں نہیں کرسکتے یہ جے آئی ٹی کیلئے ٹیسٹ کیس ہے جسٹس مظاہرنقوی نےکہاکہ عدالت تحقیقات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کررہی، صاف شفاف تحقیقات کیلئے بہت سنجیدہ ہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاکستان میں تحقیقات کافیز ون مکمل ہوچکا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہرنے تحقیقات مکمل ہونے کا کوئی ٹائم فریم کا پوچھا تو اٹارنی جنرل بولے ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔ جے آئی ٹی پہلے دبئی پھرکینیا تحقیقات کریگی ،عدالت نے سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر نے مستقل پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ذرائع کے مطابق جنید صفدر والدہ مریم نواز کی سیاست میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر اپنی اہلیہ عائشہ کے ہمراہ جمعہ کو دوحا سے پاکستان پہنچیں گے،پاکستان واپس آکر جنید صفدر مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور بطور چیف آرگنائزر اپنی والدہ کی مدد کریں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سیاست پر توجہ دینے کے لیے تقریباً دو ہفتوں میں پاکستان پہنچیں گی اور ان کے صاحبزادے جنید صفدر اپنی اہلیہ عائشہ سیف کے ساتھ جمعے کو دوحہ سے پاکستان پہنچیں گے۔ جنید صفدر نے برطانیہ کی یونیورسٹیز کی دو ماسٹرز اور دو بیچلر کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں، وہ پولو کے شوقین ہیں اور برطانوی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد مقابلے جیت چکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی لندن سے جنیوا روانہ ہوگئے ہیں،ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز ایک ہفتے جنیوا میں قیام کریں گے۔ جنیوا میں نواز شریف کی اپنے معالج سے ملاقات متوقع ہے،نواز شریف کی جنیوا میں چند ذاتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں،وزیراعظم شہباز شریف بھی اتوار کو جنیوا پہنچ رہے ہیں،نواز شریف کی وزیراعظم شہباز شریف سے جنیوا میں ملاقات متوقع ہے۔
سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، ایسے میں برطانیہ میں مقیم مسلم لیگ ن کے رہنما تسنیم حیدر نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق مزید تہلکہ خیز انکشافات کردیئے،تسنیم حیدر نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ صحافی ارشد شریف کو نواز شریف اور مریم نواز نے مروایا، مریم نواز ان سے سخت نفرت کرتی تھیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا کہ ناصر بٹ نامی شخص نواز شریف اور مریم نواز کے لیے غیر قانونی کام کرتا ہے، صحافی کے قتل کے لیے پہلے مجھے بولا گیا تھا لیکن میں نے جواب دیا کہ میرے کینیا میں تعلقات نہیں جس کے بعد یہ کام کسی اور کو سونپا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے سے قبل ان کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی، تین لوگوں نے صحافی پر تشدد کیا اور پھر قتل کر دیا، ارشد شریف پر تشدد اور قتل کی ویڈیو مریم نواز کو بھیجی گئی، وہ ویڈیو میں نے خود ناصر بٹ کے فون پر دیکھی ہے۔ تسنیم حیدر نے مزید دعویٰ کیا کہ کیس سے متعلق حقیقت سامنے آنے پر نواز شریف اور مریم نواز پاکستان بھاگ جائیں گے، میں نے لندن پولیس کو ان کے پاکستان روانگی کے ارادے کے بارے میں بتا دیا ہے، پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں ایسے واپس جانے نہیں دیا جائے گا۔ ClMEZ8aAlCy گزشتہ سال 20 نومبر کو تسنیم حیدر شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ 20 سال سے مسلم لیگ ن سے منسلک ہوں، نواز شریف کے ساتھ حسن نواز کے دفتر میں 3 ملاقاتیں ہوئیں، مجھے میٹنگ کے لیے بلا کر بتایا گیا کہ ارشد شریف اور عمران خان کو قتل کرنا ہے، پہلی میٹنگ 8 جولائی، دوسری 20 ستمبر اور تیسری 29 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ تسنیم حیدر نے بتایا تھا کہ مجھ کہا گیا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری سے پہلے ارشد شریف اور عمران خان کو راستے سے ہٹانا ہے، ناصر بٹ نے نواز شریف سے میرا تعارف گجرات کے مضبوط شخص کے طور پر کرایا تھا۔ صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور بیان حلفی جمع کرا دیئے ہیں، رپورٹ کے مطابق ٹیم پندرہ جنوری کو کینیا روانہ ہوگی،سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ازخود نوٹس کی سماعت آج کرے گا۔
تاجر برادری رات ساھے آٹھ بجے بازار بند کرنے سے انکاری ہے، حکومت کی بھی اپنی بات منوانے کی پوری تیاری ہے،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تاجر دکانیں جلد کھولنے اور بند کرنے پر آمادہ نہ ہوئے تو رات کے اوقات میں بجلی بہت مہنگی کرنا پڑے گی۔ احسن اقبال نے کہا توانائی بچت پروگرام کے پہلے مرحلے میں سخت اقدامات نہیں کرنا چاہتے لیکن اگر تاجر دکانیں جلد کھولنے اور بند کرنے پر آمادہ نہ ہوئے تو رات کے اوقات میں بجلی بہت مہنگی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کا وائٹ پیپر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے پیسے آنے والے ہیں، چین سے قرض رول اوور ہونے والا ہے، پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل کریں گے اور 6 ماہ میں مالی پوزیشن بہتر ہوجائے گی جب کہ حکومت نے اداروں کی نج کاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مارکیٹوں اور شادی ہالز کے اوقات کار محدود کرنے کے فیصلے کو کراچی کے تاجروں نے بھی مسترد کرچکے ہیں،کراچی کے تاجروں نے مارکیٹوں اور شادی ہالز کے اوقات کار محدود کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بدحالی کے فیصلے کر رہی ہے تاجروں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے وفاق کے فیصلے کے بعد ابھی تک حتمی اعلان نہیں کیا، مہنگائی کے باعث پہلے ہی کاروبار بری طرح متاثر ہیں۔ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا ہے کہ ساڑھے 8 بجے کاروبار اور 10 بجے شادی ہالز اور ریسٹورنٹ بند کرنے کا فیصلہ قابل قبول نہیں، مہنگائی کے باعث پہلے ہی کاروبار بری طرح متاثر ہے، اس فیصلے پر وفاقی حکومت کا فیصلہ کاروبار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ ادھر شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے بھی فیصلے کی مذمت کی اور ہالز رات 10 بجے بند کرنے کو غیر سنجیدہ فیصلہ قر ار دے دیا،وفاق اور محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
اسپتال بھی خواتین کیلئے غیر محفوظ، لاہور کے گنگارام اسپتال کے لیڈی ڈاکٹر ہاسٹل میں اوباش نوجوان کی خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی کوشش کی گئی، پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا،ایف آئی آر کے مطابق گنگارام اسپتال کے لیڈی ڈاکٹرہاسٹل میں پیڈز کی لیڈی ڈاکٹر آرام کررہی تھیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ایک اوباش نوجوان نے ہاسٹل کا دروازہ کھٹکھٹایا اور وارڈ میں ایک بچے کی موت کا بہانہ بنا کر لیڈی ڈاکٹر کے کمرے میں گھس کر زیادتی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے لیڈی ڈاکٹر کے شورمچانے پر گلا دبا کرجان سے مارنے کی دھمکی دی، خاتون ڈاکٹر بھاگ کر واش روم میں گھس گئیں اور روشن دان کے راستے دوسرے کمرے میں جاکر جان بچائی۔ پولیس کے مطابق ملزم فرار ہو گیا تاہم تھانہ سول لاٸن پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا،پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
خواتین اداکاراؤں کیخلاف چلنے والی کردار کشی کی مہم کے تناظر میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے منسوب ایک جعلی بیان ٹی وی چینلز پر چلایا جا رہا ہے جو کہ جعلی ہے اسے تحریک انصاف کہ ذمہ دار افراد کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی چینل آج نیوز نے اپنی سکرین پر ٹِکر کی شکل میں ایک خبر نشر کی جس میں عمران خان کے نام سے منسوب کر کہ تاثر دیا گیا ہے کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ "اب ان کے خلاف 4 عورتوں کے اسکینڈل سامنے آ گئے ہیں، بے شک اللہ کی پکڑ مضبوط ہے وہ ناانصافی نہیں کرتا"۔ اس خبر کی تردید عمران خان کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کی جانب سے کی گئی اور کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، آج نیوز کے رپورٹر کی یہ خبر جعلی ہے۔ جبکہ اس خبر کے جعلی ہونے کی تصدیق مقدس فاروق اعوان نے بھی کی انہوں نے کہا عمران خان نے خاتون اداکاراؤں سے متعلق کوئی بیان نہیں دیاایک فیک خبر کو جان بوجھ کر پھیلایا جا رہا ہے۔ فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان سے منسوب خبر گمراہ کن اور سیاق وسباق سےہٹ کر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنے اوپر قاتلانہ حملے اور جے آئی ٹی فائنڈنگ پر آج پریس کانفرنس کریں گے اور بتائیں گے کہ تحقیقات ابھی تک فائنل کیوں نہیں ہوئیں
عمران خان پر حملے کے کیس میں جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے عبوری چالان تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ جے آئی ٹی کے مطابق حملہ کرنے والے ملزم نوید کی ویڈیوز پر جے آئی ٹی نے علیحدہ رپورٹ تیار کر لی، ویڈیوز بنانے کی رپورٹ بھی چالان میں شامل کی گئی ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم نوید کی پہلی ویڈیو مقامی سینئر پولیس افسر کے موبائل سے بنائی گئی تھی، جے آئی ٹی نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے متعلقہ مقام کا بھی سراغ لگا لیا ہے۔ فوٹیج میں سینئر پولیس افسر نے اپنا موبائل ماتحت اہلکار کو ریکارڈنگ کے لیے دیا تھا، جے آئی ٹی نے متعلقہ پولیس افسر سے تفتیش کی اور پوچھا کہ ایسا کیوں کیا؟ پولیس افسر نے جے آئی ٹی کو جواب میں کہا سینئرز نے کہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کی دوسری ویڈیو پر سی ٹی ڈی کا مؤقف بھی اطمینان بخش نہیں ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل ڈیٹا تک رسائی کے لیے وفاقی حکومت تعاون نہیں کر رہی ہے، اس لیے ڈیٹا تک رسائی کے لیے غیر ملکی کمپنی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ جے آئی ٹی کا کہنا ہے کہ 3 حملہ آوروں کے واضح ثبوت مل چکے ہیں، تیسرا حملہ آور اسٹیج کے دائیں طرف اونچی بلڈنگ پر تھا، اس بلڈنگ سے 30 بور اسلحے کے 9 خول ملے ہیں۔
لاہور کی اسپیشل عدالت نے ایک کیس میں چالان جمع کروانے میں تاخیر پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کی تنخواہ تاحکم ثانی روکنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں جج بخت فخر بہزاد نے سفیر گوندل کے خلاف امیگریشن آرڈیننس اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمے پر سماعت کی اور فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف چالان جمع کروانے میں تاخیرپر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور وزارت داخلہ سے 5 سال سے زیر التواکیسز کا ریکارڈ طلب کرلیا اور کہا کہ ایف آئی اے کو بہت دلیری سےقانونی کارروائی کی خلاف ورزی کی عادت پڑگئی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ایف آئی اے کی ایسی چالیں عدالتی نظام کو سبوتاژکرنے کی مترادف ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ایف آئی اے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، کیا یہ سب کچھ متعلقہ ایف آئی اے افسران کے علم میں لایا گیا تھا؟ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف کارروائی کیلئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور ساتھ ہی تاحکم ثانی ان کی تنخواہ روکنے کا بھی حکم صادر فرما دیا ہے۔
پنجاب کے ضلع خانیوال میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) ونگ نوید صادق اور انسپکٹر ناصر حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہیں جس کے بعد انہیں سپر د خاک کردیا گیا۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہیدافسران کی نماز جنازہ لاہور، ملتان اور خانیوال میں ادا کی گئیں، نماز جنازہ میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم سمیت اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی نے میتوں کو کندھا بھی دیا۔ آئی ایس آئی ڈائریکٹر سی ٹی ڈی ونگ نوید صادق نے 2002 میں بطور سب انسپکٹر پولیس فورس جوائن کی، 2009 میں مقابلے کا امتحان پاس کرنے پر آئی ایس آئی میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہوئے، کیریئر کے دوران نوید صادق نے کالعدم تنظیموں کے ملک میں چھپے نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے قابل ذکر کارنامے سرانجام دیئے، نوید صادق کی اہلیہ بھی سی ٹی ڈی میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔۔ نویدصادق شہید نے ملک میں داعش کی اعلی کمانڈ تک رسائی حاصل کی اور فیصل آباد میں ان کی اصل کمین گاہ کا پتا چلا کر آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو بے اثر کیا، اسی طرح گوجرانوالہ میں دہشت گردوں اور خود کش حملہ آوروں کا کامیابی سے مقابلہ کیا،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگایا، اپنی یونٹ کے دو انسپکٹرز کو شہید کرنے والے نیٹ ورک کا پتا چلایا۔ خانیوال میں نوید صادق افغانستان سے آپریٹ ہونےو الے ایک نیٹ ورک کو توڑنے کے خفیہ مشن پر تھے جب دہشت گردوں نے انہیں ساتھی ناصر عباس سمیت فائرنگ کرکے شہید کردیا ۔
پاکستان کے سابق کرکٹراور موجودہ چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی بیٹی اقصیٰ آفریدی کی مایوں کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہوگئیں،سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی کی مایوں کی تقریب کے لیے کی جانے والی سجاوٹ کی تصاویر اور ویڈیوز کو سراہا جارہاہے۔ ویڈیو میں مقامی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کو شاہد آفریدی کے گھر میں لان کومایوں کے تھیم چھتریوں اور گیندے کے پھولوں سے سجاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اقصیٰ آفریدی کی مایوں کے لیے کی گئی سجاوٹ میں روایتی ٹرک آرٹ کو بھی نمایاں کیا گیا۔ تقریب کی سجاوٹ کے ساتھ ساتھ دلہا نصیر ناصر، شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا صارفین کو خوب بھائیں۔ CmywVvzLx_s شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی کا نصیر ناصر سے 30 دسمبر کو نکاح ہوا جس میں شاہد آفریدی کے ہونے والے داماد فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی شرکت کی تھی۔ شاہین شاہ آفریدی کی منگنی گزشتہ برس مارچ میں سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کے ساتھ ہوئی تھی، شاہین اور انشا آفریدی کا نکاح فروری 2023 میں ہوگا۔
مہنگائی کا طوفان ہے ایسے میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہونے کا خدشہ منڈلانے لگا، تاجروں اور پولٹری فارمز نے خبردار کردیا، مرغی کے گوشت کی قیمت 650 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی جب کہ تاجروں اور پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت نسبتاً سستی ہونا پرانی بات ہو سکتی ہے اور فیڈ کا بحران جاری رہا تو جلد ہی چکن گائے کے گوشت جتنا مہنگا ہو سکتا ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ مرغی کے گوشت کی قیمت 800 روپے فی کلو سے بھی بڑھ یا تقریباً سرخ گوشت کے برابر تک ہو سکتی ہے جب کہ اسلام آباد میں زندہ برائلر مرغی 370 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور آل پاکستان سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ان کے ان 2 صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے. مطالبات تسلیم نہیں کیے تو کل بروز جمعرات پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں احتجاج کیا جائے گا۔ اکتوبر 2022 سے پولٹری پروڈکٹس کی قیمتوں میں اس وقت سے تیزی سے اضافہ ہوا جب کسٹم حکام نے جی ایم او سویا بین کی ترسیل بند کر دی تھی جو کہ زیادہ تر امریکا اور برازیل سے آتی ہے۔ قانونی مسائل کی وجہ سے اب تک 9 شپمنٹ بندرگاہ پر پھنسے ہوئے ہیں،اعلیٰ امریکی سفارت کار کی مداخلت کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آسکی،پاکستان میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ حیاتیات اور اس کی مصنوعات کی درآمد کی اجازت نہیں ہے کیونکہ پاکستان جی ایم او بیجوں کے خلاف عالمی مہم کا دستخط کنندہ ہے۔ وزیر خوراک طارق بشیر چیمہ نے حال ہی میں قومی اسمبلی کے پینل کو بتایا کہ پاکستان صرف نان جی ایم او سویا بین درآمد کی اجازت دیتا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی نمائندے نے ان سے کراچی بندرگاہ پر پھنسے ہوئے سویا بین کے جہازوں کی ایک مرتبہ کلیئرنس پر زور دیا۔ سویا بین کا استعمال پولٹری فیڈ کا ایک اہم اور کلیدی جزو ہے، غیر قانونی شپمنٹس‘ کی وجہ سے ملک میں قلت کے درمیان فیڈ ملیں بڑھتی طلب کو پورا کرنے میں ناکام رہیں جس کے نتیجے میں خوراک کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، 50 کلو چکن فیڈ کی قیمت صرف 3 ماہ کے دوران 2000 روپے اضافے بعد اب 7000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب پولٹری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں طارق جاوید نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی اعلیٰ قیادت پر مبینہ طور پر غیر قانونی درآمدات کے ذریعے پیسے بنانے، سویا بین سپلائی پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش اور اسی طرح کی دیگر درآمدات پر پابندی لگانے کے لیے لابنگ کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ جینیاتی طور پر موڈیفائڈ سویا بین کی درآمد سے متعلق ہے ، قانون کے تحت اس در آمد کی اجازت نہیں تھی لیکن اسے بغیر کسی نوٹس کے درآمد کیا گیا۔ پی پی اے ممبرز نے ایک انکوائری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے 10 سال کے لیے حکم امتناعی حاصل کیا اور مئی 2021 میں فیڈ ملز نے بھی لاہور ہائی کورٹ سے سی سی پی کی جانب سے جاری شوکاز کی کارروائی کے خلاف حکم امتناعی حاصل کرلیا۔ آل پاکستان سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے جی ایم او سیڈز درآمد کرنے کی حمایت کی، اس کا مؤقف ہے کہ امریکا، برازیل، ارجنٹینا اور دیگر برآمد کنندگان نے جی ایم او سویا بین اور فیڈ تیار کیا۔ اے پی ایس ای اے کے رہنما نواب شہزاد علی نے کہا یورپی یونین بھی پولٹری اور مویشیوں کی خوراک کے لیے امریکا سے جی ایم او سویا بین درآمد کر رہی ہے، ہمیں بھی اس سلسلے میں کوئی راستہ نکالنا ہوگا ۔ پی پی اے اور اے پی ایس ای اے نے دعویٰ کیا کہ وہ روکے گئے بحری جہازوں کے لیے یومیہ 4 لاکھ ڈالر ادا کر رہے ہیں جب کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں صرف ایک ماہ میں سویا بین کی عدم دستیابی کی وجہ سے بڑھی ہے۔
سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پرسینکڑوں عمرہ زائرین پھنس گئے ہیں، فلائٹ کینسل ہونے سے 2 روز سے ایئر پورٹ پر بے یارومددگار موجود ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب عمرہ کی غرض سے جانے والے 200 سے زائد عمرہ زائرین واپسی کی فلائٹ منسوخ ہونے کے باعث 2 روز سے ایئر پورٹ پر ہی موجود ہیں، پاکستانی حکام کی جانب سے عمرہ زائرین کی واپسی کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، عمرہ زائرین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی ایئر لائنز کی پرواز ایس وہ738 نے 350 پاکستانیوں کو لے کر 3جنوری کو پاکستان کیلئے روانہ ہونا تھا مگر یہ پرواز آخری وقت میں منسوخ کردی گئی، ایئر پورٹ پر پھنسے مسافروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موسم کی خرابی کی وجہ بتا کر فلائٹ منسوخ کی گئی۔ ایئر پورٹ پر موجود ایک مسافر نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سےایئر پورٹ پر ذلیل و خوار ہورہے ہیں، گزشتہ روز متعدد بار فلائٹ کا اعلان کیا گیا اور بورڈنگ بھی بار بار ہوئی مگرپھر فلائٹ منسوخ کردی جاتی تھی ، رات بھی گزر گئی اور آج صبح سےکسی نے آکر کوئی خبر نہیں دی کہ ہماری واپسی کیلئے کیا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ پر موجود لوگوں کے حالات بہت برے ہیں، کھانے پینے کیلئے پیسے ختم ہوگئے ہیں، کچھ لوگ جن کے پاس پیسے موجود ہیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر جو لوگ محدود وسائل کے ساتھ یہاں آئے تھے ان کےپاس پیسے ختم ہوچکے ہیں اور وہ کل سے بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں۔ ایئرپورٹ پر پھنسے عمرہ زائرین میں شامل ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہم یہاں دو دن سے پھنسے ہوئے ہیں، جتنے پیسے تھے وہ خرچ کرچکے ہیں اور اب بالکل کنگال ہوچکےہیں اور بھوکےبیٹھے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے علی خان ترین پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے سابق رہنما پاکستان پیپلزپارٹی جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے علی خان ترین پر قائم کیے گئے منی لانڈرنگ کیس کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے مطابق جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے علی خان ترین پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی، اب وزارت داخلہ سے کیس کے حوالے سے جواب مانگا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کی طرف سے دونوں باپ بیٹا کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کیلئے وزارت داخلہ کی طرف سے جواب موصول ہونے پر بہت جلد متعلقہ مجسٹریٹ سے رابطہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق رہنما پی ٹی آئی جہانگیر خان ترین پر 7 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دوسری طرف ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کو بیلنسنگ ایکٹ کے تحت نااہل کروایا گیا تھا۔ عمران خان نے اپنے ہر محسن کو دسا ہے، ایسے لوگ محسن کش، ائین کش، سیاسی خودکش قوم کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔ وائٹ پیپر جاری کرنے سے عمران خان کے کالے کیریکٹر کو سفید نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان کے وزاتِ عظمیٰ کامیابی سے حاصل کرنے میں جہانگیر خان ترین کا کردار سب سے اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے نے 2018ء میں عام انتخابات کے دوران آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے متعدد ارکان کو تحریک انصاف میں شامل کروایا تھا۔ جہانگیر خان ترین سپریم کورٹ سے عمر بھر کیلئے نااہل ہونے کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان کے بعد پی ٹی آئی میں سب سے بااثر آدمی تصور کیے جاتے تھے۔

Back
Top