
سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کسی ہوٹل میں اجلاس یا کوئی تقریب منعقد کرکے حمزہ شہباز شریف وزیراعلی نہیں بن سکتے۔
جی این این کے پروگرام "خبرہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کسی ہوٹل میں کوئی تقریب منعقد کی یا کوئی غیر رسمی اجلاس منعقد کیا گیا تو اس میں حمایت حاصل کرکے وزیر اعلی بننے کا دعویٰ کرنے والے حمزہ شہباز کو کوئی وزیراعلی تسلیم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر وزیراعلی کی حلف برداری صوبے کے گورنر کے سامنے ہوتی ہے یا اسپیکر حلف لے سکتا ہے، ان دو لوگوں کے علاوہ کوئی تیسرا آپشن نہیں ہے۔
سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کے حوالے سےاعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں سپریم کورٹ عجلت سے کام لے رہی ہے، اتنے بڑے کیس کا چند روز میں فیصلہ کردینا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے، سپریم کورٹ بہت ہی لچک اور رعایت دکھارہی ہے۔
پروگرام کے میزبان سعید قاضی نے جب اعتزاز احسن نےسپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے سے متعلق سوال کیا تو اعتزاز احسن نے پروین شاکر کا شعر سنادیا:
ممکنہ فیصلوں میں ایک ہجر کا فیصلہ بھی تھا
میں نے تو ایک بات کی اس نے کمال کردیا
اعتزاز احسن نےکہا کہ ممکنہ فیصلے میں کوئی فیصلہ بھی ہوسکتا ہے، ہمیں نہیں پتا عدالت نے کس طرف دیکھنا ہے اور کس طرف جانا ہے تاہم اتنا ضرور ہے کہ عدالتی فیصلے پر ہی معاملہ حل ہونا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aitz11h1.jpg