
کچے کے ڈاکوئوں سے 23 ہزار 500 ایکڑ کا علاقہ خالی کروا لیا گیا ہے، پچھلے اڑھائی مہینے میں ایک بھی شخص اغوا نہیں ہوا: آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آج نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور چیف سیکرٹری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کچے میں ڈاکوئوں کے تانے بانے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقے سے بلوچ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے جبکہ وہاں پر ہلاک کیے جانے والے 2 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، ڈاکوئوں کی طرف سے 3 دفعہ راکٹ حملہ کیا گیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ کچے کے ڈاکوئوں سے 23 ہزار 500 ایکڑ کا علاقہ خالی کروا لیا گیا ہے، پچھلے اڑھائی مہینے میں ایک بھی شخص اغوا نہیں ہوا۔ قومی سلامتی کونسل میں کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ ہوا تھا لیکن سندھ کی طرف سے ہمیں مکمل تعاون نہیں مل رہا۔
کچے میں مسائل کی بڑی وجہ سڑکوں کا نہ ہونا ہے، الیکشن کمیشن کی طرف سے اجازت مل گئی تو 60 کلومیٹر طویل سڑک بنائیں گے۔
نگرانی وزیراطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں نوگو ایریز ختم کرنے کے لیے 11 ہزار پولیس جوان تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ وہاں پر درجنوں پولیس چوکیاں بھی قائم کردی ہیں۔
کچے کے علاقے میں 60 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، اس کے علاوہ وہاں پر ڈسپنسریاں اور سکولز بھی قائم کیے جائیں گے۔ تمام منصوبے کو الیکشن کمیشن کی اجازت سے آگے بڑھائیں گے۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے والے پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں قائم اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر افسران واہلکاروں پر فخر ہے، یہاں پر امن قائم کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ صوبائی وزیر اطلاعات، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ودیگر بھی موجود تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7igpunjabbsbsbsbsb.jpg