
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج عوام پر پیٹرول کا بم گرادیا ہے، جس پر پی ٹی آئی نے شدید مذمت کردی، آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسحاق ڈار کی جانب سے ڈالر کے ریٹ دو سو سے نیچے لانے اور پیٹرول کی قلت میں کمی کے دعوے کی ویڈیوز شیئر کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر کہا کرپٹ اورنا اہل حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا ،ان سے معیشت نہیں سنبھل رہی، اس کرپٹ حکومت نےعوام اور تنخواہ دار طبقہ کو پیس کر رکھ دیا، پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی، ڈالر کےمقابلے میں روپے کی قدرگرگئی، اب دو سو ارب کےمنی بجٹ کے ساتھ مہنگائی کی شرح پینتیس فیصد ہونے کا امکان ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں عمران خان ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار ہے،ان کی سیاست ایک کے بعد دوسرا روپ بدلتی ہے، آصف زرداری کے امریکا سے شروع ہونے والا الزام محسن نقوی پر آگیا،وفاقی وزیر شازیہ مری کہتی ہیں عمران خان کو آصف زرداری پر الزام کے ثبوت دینا ہوں گے،بھٹو خاندان پہلے بھی دہشت گردوں کا نشانہ بنتا رہا ہے، اب بھی خطرات کا سامنا ہے۔