
اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزارت اعلی کے ممکنہ امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ نے اپوزیشن جماعتوں کےساتھ ڈیل فائنل نہ ہونے سے متعلق وجوہات کا انکشاف کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد خصوصا پنجاب میں ن لیگ سے ڈیل پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے کی بہت سے وجوہات ہیں، سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ ہمیں صرف چند ماہ کیلئے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینا چاہتے تھے۔ مریم نواز کی وجہ سے ڈیل نہیں ہوئی ، مریم بی بی کو ہم پسند نہیں تھے۔
انہوں نے کہا دوران ڈیل ہمیں یہ اطلاعات ملیں کہ اپوزیشن نے ہمیں 3 سے 4ماہ کیلئےوزارت اعلی دینے کا پلان بنایا ہے، ہم نے اس کے باوجود پی ٹی آئی کے وفد کو جواب دیا کہ ہمیں اعتماد نہیں ہے تاہم پی ٹی آئی کے دوستوں نے جواب دیا کہ ہم کل اپنی آفر کے ساتھ دوبارہ آئیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ فطری طور پر ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، ہم نے ہرسطح پر مشاورت کی، پارٹی ،ووٹرز اور حلقوں میں بات کی،طارق بشیر چیمہ بھی ہر مشاورت کا حصہ تھے مگر بعد میں انہیں یہ فیصلہ پسند نہیں آیا اور انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے تین سال اس حکومت کے ساتھ گزارا کیا ہے اب میں مزید ان کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم طارق بشیر چیمہ کو منانے کیلئے ابھی بھی کوششیں کررہے ہیں، ہم پنجاب کی وزارت اعلی اور عمران خان دونوں کو بچائیں گے، شہباز شریف ن لیگ کے صدر ضرور ہیں مگر وہ اپنی بھائی کے ویٹو کی پاور کو ختم نہیں کرسکتے، نواز شریف کی ہمیں وزارت اعلی دینے کی رضامندی کے باوجود ہمیں اطلاعات ملیں کہ ن لیگ میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہواہے۔
رہنما ق لیگ کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی کا پیغام نہیں ملا، بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کیلئے گئے تو وہاں وزیراعظم نے اپنے فیصلے کا اعلان کیا جو فوری طور پر میڈیا میں رپورٹ ہوگیا، آج بھی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران میں نے ان سے ایم کیو ایم کے مطالبات کے حوالے سے بات کی جس پر وزیراعظم نے وزیر دفاع پرویز خٹک سے رپورٹ مانگی تو پرویز خٹک نے کہا کہ ایم کیو ایم آن بورڈ ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pervieii111.jpg
Last edited by a moderator: