
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کے وزیراعلی پنجاب بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، انہیں وزیراعلی بننے کیلئے درکار ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔
خبررساں ادارے اے آروائی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دے کر اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پرویز الہیٰ نے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں ، اس حوالے سے سول سیکرٹریٹ پنجاب میں اہم اجلاس ہوا جس میں راجا بشارت کا کہنا تھا کہ ناراض اراکین پرویز الہیٰ کی حمایت کرنے کیلئے رضامند ہیں ہم ان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
چوہدری پرویز الہی پی ٹی آئی کے ایک اور ناراض چھینہ گروپ سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاون پہنچے اور گروپ کے 14 ارکان اسمبلی سے ملاقات کی، ارکان اسمبلی میں عامر عنایت شاہانی، علی رضا خاکوانی ، اعجاز سلطان بندیشہ، احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ داؤد سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، غصنفر عباس، غصنفر چھینہ، تیمور لالی، سردار شہاب الدین، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان اور غلام علی اصغر شامل تھے، جب کہ پرویز الہیٰ کے ہمراہ ایم این اے طارق بشیر چیمہ، صوبائی وزرا راجہ بشارت، حافظ عمار یاسر اور چوہدری ظہیر تھے۔
چھینہ گروپ کے ارکان کا کہنا ہے تھا کہ پرویزالٰہی سے ملاقات بہت اچھی رہی، 24 گھنٹوں میں فیصلے کا اعلان کر دیں گے۔
راجہ بشارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلی بننے کیلئے جتنے ووٹوں کی ضرورت ہے وہ حاصل کرلی گئی ہے اب بس چند ناراض ارکان کو منانا رہ گیا ہے جلد وہ بھی مان جائیں گے، اس حوالے سے چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ پر ناراض ارکان کی اسپیکرپنجاب اسمبلی سے ایک ملاقات بھی طے ہے۔
صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے بھی اس دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے بیشتر ارکان پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی حمایت کررہے ہیں، ترین گروپ سے بھی رابطے میں ہیں اس معاملے میں بھی جلد مثبت پیش رفت سامنے آجائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pervez112.jpg