
پاکستان پیپلزپارٹی میں پی ڈی ایم کی مشترکہ حکومت کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر واضح تقسیم سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے منانے کی کوششیں جاری ہیں مگر پیپلزپارٹی اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے میں تاحال ناکام نظر آرہی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے 2 مرکزی رہنماؤں نے شہباز شریف کی حکومت میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ وفاقی کابینہ میں شمولیت کے بجائے پیپلزپارٹی کو آئینی عہدوں تک محدود رہنا چاہیے تاکہ اس حکومت کی ناکامی کی صورت میں پیپلزپارٹی کو عوامی ردعمل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کی تجویز پر پارٹی میں واضح طور پر مخالفت پائی جاتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے بلاول بھٹو نے حتمی فیصلے کا اختیار شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو سونپ دیا ہے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی کی اسپیکر شپ اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہی ملنے کا امکان ہے جس کیلئے بالترتیب راجہ پرویز اشرف اور شازیہ مری کے ناموں پر غور جاری ہے۔
اگر پیپلزپارٹی نے کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ کیا تو شیری رحمان اور نوید قمر کو بھی وزارتیں مل سکتی ہیں، ن لیگ نے پیپلزپارٹی کو وزارت خارجہ، تجارت اور وزارت مذہبی امور کے قلمدان دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس حوالے سےحتمی فیصلے کیلئے یہ معاملہ پارٹی کی کور کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا اور کور کمیٹی کی توثیق پر پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ بن سکتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pp-112jj2.jpg