
سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو سائفر کے معاملے پر سخت ردعمل دینے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے سائفر کے معاملےپر جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں ، جن کے مطابق رہنما اس معاملے پر عوام کو آگاہی دیں کہ سابق حکومت کی جانب سے یہ ریاست کے خلاف کی جانے والی بہت بڑی سازش تھی۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کا موثر استعمال کرتے ہوئے عمران خان کے جھوٹے بیانیے کا پول کھولنے کی ہدایات دی اور کہا کہ حکومتی و پارٹی سطح پر اس معاملے پر واضح موقف اپنایا جائے کہ سابقہ حکومت کی اس پالیسی کے ذریعے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی۔
ن لیگی رہنماؤں کو سائفر کے معاملے پر باقاعدہ ایک پریس کانفرنس کرنے کی ہدایات بھی ملی ہیں ، ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد کی ہدایات کی روشنی میں لائحہ عمل تیار کرنے سے متعلق مشاورت شروع ہوگئی ہے، اس معاملے پر ن لیگی کی نائب صدر مریم نواز شریف دیگر پارٹی رہنماؤں کےہمراہ آج ایک اہم پریس کانفرنس بھی کریں گی، جس میں تحریک انصاف کے خلاف سخت اور جارحانہ ردعمل سامنے آئے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12nawazsharifskhthidayat.jpg