پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بن کر ووٹ کی عزت کو بحال کریں گے اور ملک کی معیشت بہتر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی محبت کا جذبہ زندہ تھا اور رہے گا، شیر کی واپسی اس بات کی گواہ ہے کہ اللہ کا فضل نواز شریف کے ساتھ ہے، نواز شریف ووٹ کی عزت بحال کرکے چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے، اس وقت مہنگائی اپنے عروج پر ہے مگر نواز شریف واپس آکر اس میں کمی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے معیشت میں بہتری آئے گی، نواز شریف نے اس ملک میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جس سفر کا آغاز نواز شریف نے کیا وہ نواز شریف کی قیادت میں اپنی منزل تک ضرور پہنچے گا، یہ ایسا سفر ہوگا جو خوشحالی کی منزل کی جانب ہوگا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں بھی عوام نے ہم پر بھروسہ کیا مگر ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا گیا،یہ ایک حقیقت ہے کہ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، ہم ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئے تھے مگر ہماری حکومت کے خلاف سازشیں جاری رہیں، ہم نے چور دروازے سے اقتدار میں آنے والی ایک بدعنوان حکومت کو ہٹایا، چودہ ماہ میں شہباز شریف نے جو حکومت کی اس کا میں شاہد ہوں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ75 سالہ تاریخ میں جو کچھ ہوا وہ قابل فخر نہیں ہے، جو مسائل آج ہیں ان میں اشرافیہ کا حصہ ہے، ایک ادارہ ایسا ہے جہاں انصاف کا بول بالا ہوتا رہے تو کوئی کچھ بھی نہیں کرسکتا، مسائل میں جتنا حصہ عدلیہ نے ڈالا کسی نے نہیں ڈالا، آج عدلیہ نے بھی نیا سفر شروع کیا ہےجس میں انصاف ہوتا نظر آرہا ہے۔