رہنما پی ٹی آئی فیصل واوٖڈا کہتے ہیں کہ ہم جب کچھ کہہ دیں تو تھوک کر چاٹتے نہیں، میرجعفر کی بات واضح طور پر نوازشریف کے لیے ہی تھی،اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کے ساتھ گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم نے فوج کو ہمیشہ عزت دی اوراس کی قربانیوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ فوج کی وجہ سے پاکستان کے 3 ٹکڑے نہیں ہوئے، ہم کل کچھ کہہ کر، مزاحمت کرکے مفاہمت کرکے تھوک کرچاٹیں گے نہیں، میرجعفر کی بات واضح طور پر نوازشریف کے لیے ہی تھی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز نام لےکر تنقید کیا کرتے تھے، خواجہ آصف جو آج عمران خان کو سیکیورٹی رسک کہتے ہیں وہ ان بیانات پر نواز شریف کو کیا کہیں گے؟ عمران خان اقتدار کی نہیں پاکستان کی غیرت کی جنگ لڑ رہے ہیں، آج قوم بھی اپنی غیرت کیلئے باہر نکل آئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی سپریم کورٹ اور ججز کا نام لے کر تنقید نہیں کی،آج بھی سپریم کورٹ کے ججز کا عزت واحترام کرتے ہیں،اتوار کے دن تو اسکول بھی نہیں کھلتے عمران خان اس پر تنقید کررہے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں انصاف کا نظام اتنا تیز نہیں اسی لیے سوال اٹھتے ہیں، ہمارے لیے تو وفائیں اور وعدے بھی بدل جاتے ہیں، قانون بھی بدل جاتا ہے، انصاف بھی بدل جاتا ہے،چیف الیکشن کمشنر کے اختیارات جج کے ہوتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے سپریم کورٹ کے احکامات کو بائی پاس کیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو آئی الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا، ووٹ کوعزت دینے کےبیانیے کا مقصد تو کچھ اورہی نکل رہا ہے، آئین شکن آج قوم پر مسلط کردیئے گئےہیں۔
فیصل واوڈا نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے دور میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس غلط بنیں، آج بھی کہتا ہوں میں اور فواد چوہدری تھے جنہوں نے نواز شریف کے ملک سے باہر جانے کی مخالفت کی تھی۔