
وزیراعظم عمران خان کے متعارف کروائے گئے سیٹزن پورٹل نے ایک اور سائل کی داد رسی کرتے ہوئے 16 ماہ کا پھنسا کیس 1 ماہ میں حل کروادیا ہے۔
اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ قصہ ہے واہ کینٹ کے رہائشی مرحوم منظور احمد کا جنہوں نے اپنی زندگی میں واجبات کی ادائیگی کیلئے متعلقہ محکمہ میں درخواست دی تھی ، دفتر کے چکر لگاتے لگاتے وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے مگر ان کے واجبات جاری نہیں کیے گئے۔
منظور احمد کے انتقال کے بعدان کے بیٹے ظہور احمد نے بھی اپنے باپ کے واجبات کیلئے دفتروں کی طرف اپنی جوتیاں گھسنا شروع کردیں مگر متعلقہ محکمہ کے افسران کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی جس کے بعد تنگ آکر ظہور احمد نے ایک دن وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر اپنی شکایت درج کروائی۔
مشکل میں پھنسے ظہور احمد کیلئے یہ امید کا آخری جھونکا تھا کیونکہ 16 ماہ تک باپ بیٹے کی ہمت دفتروں کے چکر لگاتے لگاتے اب ٹوٹنے لگی تھی۔
سیٹیزن پورٹل پر درخواست دینے کے ٹھیک ایک ماہ بعد ظہور احمد کو اپنے باپ کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر متعلقہ محکمے کے افسران حرکت میں آئے اور انہوں نے ظہور احمد کو والد کے تمام واجبات کی ادائیگی کردی ہے۔
طویل عرصے سے خوار ہونے کے بعدپورٹل کی مدد سے مسئلہ حل ہونے پر ظہور احمد نے خوشی سے نہال ہوتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور پی ایم ڈی یو کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک سرکاری افسر نے رشوت کیلئے بیوہ خاتون کی پنشن کی فائل دبالی تھی ، خاتون نے سیٹیزن پورٹل پر شکایت کی تو وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لیا اور سرکاری افسر کو فارغ کردیا گیا جبکہ خاتون کا مسئلہ حل کردیا گیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/citizen-1121-manz11.jpg