
پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے زمان پارک میں ہونے والی کارروائی سے خود کو الگ کرلیا، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا زمان پارک میں جو کچھ ہوا پیپلزپارٹی اس کا حصہ نہیں ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ تشدد، ایف آئی آر اور گھروں میں گھس کر بلڈوزر چلانے کی حمایت نہیں کرتے، ڈرائیونگ سیٹ پر کوئی اور ہو گند پی پی پر پڑے ایسا نہیں ہوگا،الیکشن نویں دن سے آگے نہیں جاسکتے اگر ایسا ہوگا تو آئینی ترمیم کرنا ہوگی اور اس کے لیے پی ٹی آئی کو بھی لانا ہوگا۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا کچھ حکومت پیچھے جائے گی کچھ پی ٹی آئی آگے آئے گی تو ماحول ٹھنڈا ہوگا۔ہفتے ڈیڑھ ہفتے میں فیصلہ ہوجائے گا پر امید ہوں مسئلہ حل ہوگا اور آئین کی فتح ہوگی۔
پی پی رہنما نے کہا سیاسی جماعتیں فیصلہ نہیں کرتیں تو پھر کوئی اور فیصلہ کرے گا پر امید ہوں کہ آئین کی بالادستی ہوگی اور انشا اللہ مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔