دوست ممالک نے 20سے 25 ارب ڈالرز مختص کر دیے،مصدق ملک
وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کہتے ہیں تین مختلف ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 20 سے 25 ارب ڈالرز مختص کر دیے، حقیقت میں اب یہ پلان اے اور آئی ایم ایف پلان بی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں حکومتی پلان بتاتے ہوئے انہوں نے کہا جس چیز کو پلان بی کہا جا رہا تھا آج وہ لوگوں کے سامنے آگیا۔
انہوں نے بتایا اس طریقہ کار کے پیچھے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور چین جیسے دوست ممالک کی یقین دہانیاں ہیں، ان ممالک سے یہ بات طے کرلی گئی وہ کن کن شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
مصدق ملک نے کہا سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لئے تین سطحوں پر کمیٹیاں بنائی گئیں، جن میں سے ایک کمیٹی کی سربراہی خود وزیراعظم کریں گے جس میں کابینہ کے اراکین اور آرمی چیف بھی ہوں گے،اجلاس میں اگلے پانچ سے سات سال کے لئے 112 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا پلان پیش کیا گیا۔
مصدق ملک نے کہا آج غیریقینی کی وجہ سے ایل این جی کا سودا نہیں ہوا، آج کا پلان اسی غیریقینی کی کیفیت ختم کرنے کیلئے ہے، جی سی سی کے ایک ملک کے ساتھ ریفائنری کی پالیسی منظور کی ہے، ہم دس سے چودہ ارب ڈالرز کا معاہدہ دستخط کرنے جارہے ہیں، جب اس معاہدے پر دستخط ہوں گے تو مارکیٹ میں اعتماد آئے گا، جتنی ہماری ایکسپورٹس ہیں اس کی مطابقت سے امپورٹس کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔