حکومت کا جاتے جاتے سٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کے لئے بڑا اقدام

psx1j1j11.jpg


سرمایہ کاروں کے لئے بڑی خوشخبری، اسٹاک ایکس چینج انتظامیہ کی جانب سے سرمایہ کاروں کے لئے سہولت اکاؤنٹ متعارف کروا دیا گیا،

تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکس چینج انتظامیہ نے سرمایہ کاری کے خواہش مند افراد کے لئے ’ سہولت اکاؤنٹ “ متعارف کرادیا ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص شناختی کارڈ جمع کر واکے بروکرز کے پاس سہولت اکاؤنٹ کھول سکتا ہے، جس کے بعد اکاونٹ ہولڈر اسٹاک مارکیٹ میں 8لاکھ روپے تک کا سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔

’ سہولت اکاؤنٹ “ کے ذریعے روایتی اکاونٹ کھلوانے کے طویل طریقہ کار سےچھٹکارا ملے گا اور طالب علم، گھریلو خواتین، نوآموز سرمایہ کار باآسانی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرسکیں گے کیونکہ روایتی اکاؤنٹ کھولنے کا عمل، متعدد دستاویزات کو جمع کرانے کی پابندی کے باعث خاصامشکل لگتا ہے ، جبکہ اس ضمن میں٘ صرف لائسنس یافتہ سیکیورٹیز بروکرز کے پاس سہولت اکاؤنٹ کھولا جاسکے گا۔

سرمایہ کاری کے عمل کو زیادہ سے زیادہ توسیع دینے کے لئے سہولت اکاؤنٹ آن لائن بھی کھولا جا سکتا ہے، بروکر اکاونٹ کے لئے کئی دستاویزات درکار ہوتے ہیں جس میں کئی دن لگ جاتے ہیں اور اکثر افراد کو زریعہ آمدن کے ثبوت دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سہولت اکاؤنٹ کے لیے سرمایہ کاروں کو ذرائع آمدن کےثبوت کے طور پر تنخواہ کی رسید یا بینک اسٹیٹمنٹ وغیرہ پیش کرنے کی بھی ضرورت نہیں ۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی جانب سے سہولت اکاؤنٹ کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کے حوالے سے ایک نوٹس پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے جس کا مقصد سیکیورٹیز بروکرز اور ان کے صارفین کے کسی بھی قسم کے ابہام کو دور کرنا ہے۔

سیکیورٹیز بروکر آسان احتیاطی تدابیر کا اطلاق کر تے ہوئےصارفین کی شناخت کی تصدیق مکمل کرتا ہے اور رسک اسسمنٹ کے ذریعے کم رسک کے حامل کے طور پر شناخت ہونے والا کوئی بھی فرد سہولت اکاؤنٹ کھول سکتا ہے۔

اس ضمن میں ایم ڈی اور سی ای او، پی ایس ایکس، فرخ ایچ خان کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکس چینج انتظامیہ ریٹیل اور نئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ، سہولت اکاؤنٹ کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کا ایک انتہائی آسان اور سیدھا عمل پیش کیا گیا ہے، آن لائن بروکریج اکاؤنٹ کھولنا اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا کبھی بھی اتنا آسان نہیں رہا۔
 

Back
Top