
پراپیگنڈا مہم سے سرکاری افسروں کو دبائو میں لاکر بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی: ذرائع
ذرائع کے مطابق نگران وفاقی کابینہ کی طرف سے انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن اور سرکاری افسران کے خلاف سوشل میڈیا ویب سائٹس پر مذموم مہم چلانے والے افراد کے خلاف 5 رکنی اعلیٰ سطحی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) 5 اراکین پر مشتمل ہو گی جو معاملے پر انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی سربراہی کریں گے، جے آئی ٹی میں میں ان کے ساتھ آئی ایس آئی اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی ) افسران بھی شامل ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی آئی) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی منظوری نگران وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے لی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ جعلی بیلٹ پیپرز چھاپنے کے پراپیگنڈے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کابینہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پراپیگنڈا مہم کے ذریعے سرکاری افسروں کو دبائو میں لاکر وفاداریاں تبدیل کرنے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسروں کے خلاف پراپیگنڈا کرنا آئین پاکستان کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی ہے، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ذمہ دارافراد کا تعین کر کے ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کی سفارشات اور مستقبل میں ایسے پراپیگنڈے کے سدباب کیلئے بھی تجویز کرے گی۔ جے آئی ٹی کی طرف سے معاملے کی تحقیقات کے دوران آئی ماہرین کی خدمات لینے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9balsjksjksksjjkco.png