بلوچستان کی زمیندار ایکشن کمیٹی کا صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج جاری

14balallazmzmmacommm.png

بجلی کی غیر اعلانیہ وطویل ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف بلوچستان میں ہونے والا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بجلی کی غیراعلانیہ وطویل ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے سامنے ہونے والا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ تمام ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے اور کھاد و بجلی کی مد میں زمینداروں کو سبسڈی فراہم کی جائے۔

ذرائع کے مطابق زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے رہنماﺅں نے بتایا ہے کہ زرعی فیڈرز کو کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی طرف سے دن کے 24 گھنٹوں کے دوران مشکل سے 3 گھنٹے کے لیے بجلی فراہم کی جا رہی ہے حالانکہ کیسکو حکام نے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم سے کم 6 گھنٹے تک بجلی فراہم کی جائے گی۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اخبارات کے ذریعے پتا چلا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، مگر جب تک وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی خود یہاں آ کر ہم سے ملاقات نہیں کر لیتے اور ہمیں کاغذ پر لکھ کر نہیں دے دیتے تب تک ہم اپنا احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے۔

زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاجی دھرنا صرف 2 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، ٹیوب ویلز سولر سسٹم پر منتقل کرنے، زمینداروں کو کھادوبجلی کی مد میں سبسڈی دینے کے مطالبات حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے تنبیہہ کی ہے کہ اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گئے تو بلوچستان کی تمام قومی شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کا احتجاجی کیمپ زرغون روڈ پر واقع صوبائی اسمبلی کے مرکزی دروازے کے سامنے لگایا گیا ہے جہاں وہ اپنے مطالبات کے حق میں بینرز آویزاں کیے بیٹھے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث زراعت کا شعبہ جو پہلے ہی سیلاب سے متاثر ہے مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا، ٹیوب ویلز مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں گزشتہ روز بلوچستان کے امور پر اہم اجلاس بھی منعقد ہوا تھا جس میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت کا وفد بھی شریک ہوا تھا۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
 

Back
Top