
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بیرونی سازش کے حوالے سے حکومت کو موصول ہونےوالے خط کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے پروگرام"فیصلہ عوام کا" میں خصوصی گفتگو کرتےہوئے سامنے رکھا اور کہا کہ اگر امریکہ کی طرف سےو اقعی پاکستان کو دھمکی دی گئی ہے تو عدالت کو اس پر تحقیقات کرنی چاہیے کہ یہ اصل مسئلہ کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان خصوصا ہمارے خطے میں ایک امریکی مخالف جذبات پائے جاتے ہیں اور امریکی لابی کے لوگ ہی یہاں کے سیاستدانوں کے کانوں میں یہ بات ڈالتے ہیں کہ اگر آپ ووٹ لینا چاہتے ہیں تو ہمیں گالیاں دے کر آپ باآسانی عوام کا ووٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یا میری جماعت جب امریکہ یا مغربی استعمار کے خلاف بات کرتے ہیں اس کے پیچھے ڈیڑھ ،دو سو سال کی تاریخ ہے اور ایک تسلسل ہے جوگواہی دے رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ جو وہاں پلا بڑھا، انہوں نےاسے بنایا، ذہن سازی کی اور اس کی سمت کا تعین کیا اور اس کی سیاسی ساخت بنائی تو جب اس ڈھانچے سے ایسی باتیں سامنے آتی ہیں تو اس پر تعجب ہوتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایسی گفتگو کرنے والوں کی سوچ، تربیت،تعلیم اور گفتگو میں کتنا بڑا تضاد ہے، ہم ان چیزوں سے متاثرنہیں ہوتے ہاں عوام سے اتنا ضرور کہنا چاہوں گا کہ اس شخص کے بارے میں جو کچھ ہم نےکہا اور جو باتیں سچ ثابت ہورہی ہیں، ہمیں اس شخص سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے عوام ہماری باتوں پر اعتماد کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/asma-1h1.jpg