پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، اسکول بھی خونخوار کتوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں،ایک سرکاری اسکول میں 12 سالہ طالب علم کو خونخوار کتوں نے بھنبھوڑ کر جان لے لی۔
پولیس کے مطابق سرکاری اسکول میں چھ کتوں نے ساتویں جماعت کے طالبعلم پر حملہ کیا،خوفزدہ مبشر بیہوش ہوکرگرا تو کتوں نے نوچ ڈالا،طالب علم کتوں کے کاٹنےسےلہولہان ہوگیا،ریسکیو کو پہنچنے میں تاخیر ہوئی تو زخمی مبشر کو موٹر سائیکل پر اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ راستے میں دم توڑگیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی اور غفلت کےمرتکب ذمہ داروں کے خلاف قانون کےمطابق کارروائی کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ پنجاب نے لواحقین سےدلی ہمدردی اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ڈی جی خان کے اسکول میں کتوں کے کاٹنے سے طالبعلم کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر 5رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان کمیٹی کی قیادت کریں گے ، کمیٹی غفلت کےذمےداروں کا تعین کرکے کارروائی کی سفارش کرے گی اور افسوسناک واقعےکی روک تھام کے لیےضروری اقدامات تجویز کرے گی،عثمان بزدارنےکمیٹی سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔